منصٖف نیو زبیورو
حکومت تلنگانہ حیدرآباد کو ایک عالمی شہر بنانے کے لئے ایک ویژن دستاویز کی تیاری کے طریقہ عمل میں مصروف ہیں ۔ دستاویزات تیار کرنے کی ذمہ داری حیدرآباد میٹرو پولیٹن اتھاریٹی( ایچ ایم ڈی اے) کو سونپی گئی ہے ۔ کام ٹنڈرنگ کے مرحلہ میں ہے ۔ ویژن دستاویزصرف عالمی شہر کے منصوبہ کے لئے ہے۔ اس میں کئی تبدیلیاں کی جائیں گی ، جن میں طبعی و سماجی انفراسٹرکچر کا فروغ اور ماسٹر پلانس کو یکجا کرنا شامل ہیں ۔ یہ کہا گیا ہے کہ عالمی معیشت کے کلیدی سنٹر کے طور پر حیدرآباد کو فروغ دینے میں انفارمیشن ٹکنالوجی انقلاب اور عالمی معیشت اہم کردار اد ا کریں گے ۔ پچھلے پندرہ برسوں میں حیدرآباد میں تیز ی سے تبدیلی آئی ہے ۔ آئی ٹی کی نمو سے ہائی ٹیک سٹی کے قیام کی راہ ہموار ہوئی اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے اداروں کے ذریعہ بڑے پیمانہ پر ملازمتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھے ۔ شہر میں ملک کے دیگر حصوں کے افراد بھی آبسے ہیں اور ترقی ناہموار لگتی ہے۔ آج حیدرآباد کی آبادی تقریبا ایک کروڑ ہے ۔ یہاں مناسب انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا فقدان ہے ۔ چنانچہ شہر کے انفراسٹرکچر اور سہولتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ حیدرآباد کو عالمی شہر بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو ۔ ذرائع کے بموجب ویژن دستاویز کے حصہ کے طور پر ریاستی حکومت نے تمام اعلان کردہ پانچ ماسٹر پلانس اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ریجن کے زون قواعد کو یکجا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ ریاستی صدر مقام کو ایک عالمی شہر میں تبدیل کرنے کی کوشش کا ضروری حصہ ہے ۔ موجودہ پانچ زونل ماسٹر پلانس کو یکجا کرتے ہوئے ایک ماسٹر پلان میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے ۔ یکجا کیا ہوا ماسٹر پلان منتظمین کے لئے بہتر منصوبہ بندی اور عوام الناس کو ایک آسان سمجھ فراہم کرے گا۔
Vision Document Soon for Hyd Metropolitan Region
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں