پٹھان کوٹ دہشت گرد معاملہ - پاکستانی باشندے کے ملوث ہونے کا اعتراف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-01

پٹھان کوٹ دہشت گرد معاملہ - پاکستانی باشندے کے ملوث ہونے کا اعتراف

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستان میں دہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے سے بالعموم انکار سے قابل لحاظ تبدیلی لاتے ہوئے پاکستان نے اعتراف کیا کہ پٹھان کوٹ دہشت گردحملہ پر ہندوستان نے جو ثبوت دیے ہیں ان سے ثابت ہوتا ہے کہ اس جرم کے مرتکبین پاکستانی باشندے تھے ۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے) کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے انہیں ایسے ثبوت فراہم کئے جس سے انکار نہیں کیاجاسکتا ۔ ہم نے چار دہشت گردوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹس اور ڈی این اے رپورٹس انہیں دیں جو اسلحہ و گولہ بارود ان کے پاس تھا ان پر پاکستان کا نشان تھا ۔ جو فون کال کئے گئے وہ ان کا پاکستان علاقہ سے تعلق تھا۔ ان تمام باتون سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ پاکستانی باشندے تھے ۔ ہندوستان کی جانب سے فراہم کردہ ثبوت سے پاکستان کے موقف میں تبدیلی آئی۔ قبل ازیں وہ دہشت گرد حملوں میں ان کے کسی باشندے کے رول سے یکلخت انکار کرتے تھے جیسا کہ26/11ممبئی دہشت گرد حملہ اور دیگر کئی دہشت گرد حملوں میں دیکھا گیا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان کی مشترکہ تحقیقات آج چوتھے دن میں داخل ہوئی ۔ پاکستانی ٹیم نے مزید عینی شاہدین بشمول پنجاب کے متنازعہ پولیس عہدیدار سلویندر سنگھ سے پوچھ گچھ کی۔سلویندر سنگھ کا اغوا کر کے بعد ازاں دہشت گردوں نے ڈرامائی حالات میں پٹھان کوٹ فضائیہ کے اڈہ پر2جنوری کو حملہ سے ایک دن پہلے رہا کردیا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے این آئی اے کی مدد سے سلویندر کے خانسا ماں مدن گوپال اور ان کے جوہری دوست راجیش ورما سے این آئی اے ہیڈ کوارٹرس میں پوچھ گچھ کی ۔ جملہ تیرہ عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ توقوع ہے کہ پاکستانی ٹیم این آئی اے سے بات چیت کے بعد پاکستان روانہ ہوگی۔ توقع ہے کہ دہشت گرد حملہ کے مرتکبین کے خلاف پاکستان میں اپنا کیس مضبوطی سے پیش کرے گی تاہم ثبوتوں کو پاکستان کی عدالت میں جانچ پڑتال میں کھرا اترنا ہوگا ۔ این آئی اے کے ڈائرکٹر جنرل شرد کمار نے کل کہا تھا کہ ہندوستان نے پاکستان میں قائم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر اور ان کے بھائی محمد روئف کے حملہ میں ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید چند قابل تردید اور ٹھوس ثبوت پاکستانی ٹیم کے حوالے کئے گئے ہیں۔ اس واقعہ میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے رول پر این آئی اے کے فراہم کردہ ثبوتوں سے پاکستانی ٹیم نے نہ تو انکار کیا ہے اور نہ ہی انہیں مسترد کیا ہے ۔ ایک سینئر این آئی اے عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان سے عدم اتفاق کی کوئی آواز نہیں آئی۔
اسلام آباد سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب پاکستان نے آج کہا کہ اس نے گڑ بڑ زدہ صوبہ بلوچستان سے ایک ہندوستانی جاسوس کی گرفتاری سے یوروپی یونین اور بڑے عالمی قائدین کو واقف کرایا ہے اور ایران سے اس کے جاسوسی نٹ ورک کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ RAWکے مبینہ جاسوس کلبھوشن یادو کو گزشتہ ہفتہ پاکستانی سیکوریٹی ایجنسیوں نے کوئٹہ کے قریب چمن علاقہ سے گرفتار کیاتھا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نفیس ذکر یہ نے اپنی ہفتہ واری نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ہندوستانی بحریہ کے بر سر خدمت عہدیدار کی پاکستان میں تخریبی سر گرمیوں کی منصوبہ بندی سے یوروپی یونین اور اہم عالمی طاقتوں کو واقف کرایا گیا۔ ذکریہ نے کہا کہ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ گزشتہ ہفتہ ایک نہایت اہم واقعہ پیش آیا ہے۔ پوری دنیا نے پاکستان میں تخریبی اور دہشت گردسر گرمیوں میں RAWکے ملوث ہونے کے بارے میں RAW کے ایک عہدیدار کے رضا کارانہ اقبالیہ بیان کو دیکھا ہے ۔ پاکستان میں دہشت گرد اور علیحدگی پسند سر گرمیوں کی تائید اور پشت پناہی میں ہندوستان کے ملوث ہونے پر بین الاقوامی برادری کی توجہ مرکوز کرنے کے لئے انہیں دعوت دے رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ سال اقوام متحدہ اور امریکہ کو دستاویزات پیش کئے تھے جن میں پاکستان میں ہندوستان کی امداد اور پشت پناہی کے بارے میں معلومات اور ثبوت شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادو نے جو انکشافات کئے ہیں اس سے اس مسئلہ پر پاکستان کے موقف کی توثیق ہوتی ہے ۔ اور دہشت گردی میں اس کے ملوث ہونے اور پاکستان کے خلاف ہندوستان کے عزائم بے نقاب ہوگئے ہٰں۔ ذکریہ نے بتایا کہ ہم نے چین، فرانس ، روس، امریکہ اور برطانیہ کے علاوہ یوروپی یونین کو یادو کے مسئلہ سے واقف کرایا ہے ۔ ہم نے ہماری گہری تشویش اور احتجاج سے انہیں واقف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے بیرون ممالک میں ہمارے مشنوں کے ذریعہ بین الاقوامی برادری کو واقف کرایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں پیشرفت اور مزید ثبوتوں کی دستیابی سے انہیں واقف کرایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان یادو کو قونصلرسے ملنے کی اجازت دینے کی ہندوستان کی درخواست پر غور کررہا ہے ۔

Pathankot atack probe: Pakistan accepts terrorists were its nationals, claims report

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں