وزیراعظم مودی کا آج سے دورہ سعودی عرب - کئی معاہدوں پر دستخط متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-02

وزیراعظم مودی کا آج سے دورہ سعودی عرب - کئی معاہدوں پر دستخط متوقع

نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے دن واشنگٹن سے ریاض پہنچیں گے جو3ملکوں کے ان کے دورہ کی تیسری اور آخری منزل ہوگی ۔ وہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کریں گے۔2010ء میں اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دورہ کے بعد ہندوستان کے کسی وزیر اعظم کا یہ پہلا دورہ خلیجی مملکت ہوگا۔ منموہن سنگھ کے دورہ میں دونوں ممالک کے تعلقات کا درجہ اسٹراٹیجک پارٹنر شپ تک بڑھ گیا تھا ۔2006میں شاہ عبداللہ کے تاریخی دورہ ہند میں دہلی اعلامیہ جاری ہوا تھا۔ سعودی شاہ نے50برس میں ہندوستان کا پہلا دورہ کیا تھا۔ سعودی عرب سے ہندوستان کے تعلقات کے چار کلیدی پہلو توانائی تعاون، تقریبا تیس لاکھ این آر آئیز،حج اور سیکوریٹی تعاون ہیں ۔ سعودی عرب، ہندوستان کا سب سے بڑا خام تیل سپلائر ہے ۔ جملہ در آمدات کا1/5حصہ وہیں سے آتا ہے ۔ 2015میں ہندوستان نے سعودی عرب سے21بلین امریکی ڈالر کا خام تیل برآمد کیا تھا ۔ سعودی عرب، ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ سعودی عرب کو برآمدات 11بلین امریکی ڈالر سے زائد کی ہیں۔ سعودی عرب میں ہندوستانی ، سب سے بڑی تارکین وطن برادری ہیں اور یہ ہندوستانی معیشت کے لئے اہم ہیں کیونکہ وہ ہر سال دس بلین امریکی ڈالر کی رقومات بھیجتے ہیں ۔ ہر سال ایک لاکھ34ہزار ہندوستانی حج کے لئے اور لگ بھگ3لاکھ عمرہ کے لئے جاتے ہیں ۔ ہفتہ کی دوپہر ریاض پہنچتے ہی مودی تاریخی مسمک قلعہ جائیں گے ۔ اس قلعہ پر شاہ عبدالعزیز نے1902ء میں اچانک حملہ میں قبضہ کرلیا تھا ۔ بعد ازاں مودی کی ملاقات ہندوستانی برادری سے ہوگی ۔ وہ ایل اینڈ ٹی ورکرس رہائشی کامپلکس بھی جائیں گے ۔ ایل اینڈ ٹی600بلین امریکی ڈالر کے ریاض میٹرو پراجکٹ میں دو بلین امریکی ڈالر کے ٹھیکہ پر کام کررہی ہے ۔ اتوار کے دن وزیر اعظم ٹاٹا کنسلٹنسی سرویس کے آل ویمن سنٹر جائیں گے ۔ بعد ازاں ان کی ملاقات بڑے سعودی تاجروں سے ہوگی ۔ سرکاری تقریب شاہی دربار میں دوپہر میں شروع ہوگی جس میں شاہ سلمان، وزیر اعظم کا خیر مقدم کریں گے۔ شاہ سلمان، مودی کو ظہرانہ دیں گے جس میں کلیدی سعودی وزراء اور دیگر قائدین موجود ہوں گے ۔ بعد ازاں وفد سطح کی ملاقات ہوگی اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے ۔ وزیر اعظم اتوار کی دوپہر نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے ۔

PM Modi's visit will add new dimension to Saudi-India links

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں