مودی حکومت پر منتخبہ حکومتوں کی برطرفی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-26

مودی حکومت پر منتخبہ حکومتوں کی برطرفی کا الزام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اتر کھنڈ اور ارونا چل پردیش میں صدر راج کے نفاذ سے برہم کانگریس نے آج پارلیمنٹ میں ہنگامہ برپا کیا ۔ اس نے مودی حکومت پر اپوزیشن جماعتوں کی جمہوری منتخبہ حکومتوں کو برطرف کرنے کا الزام عائد کیا ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس کی تردید کی ۔ اس مسئلہ پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں اجلاس کے پہلے دن ہنگامہ برپا ہوا ۔ کانگریس، ارکان، دونوں ایوانوں کے وسط میں پہنچ گئے۔ نعرہ بازی میں پارٹی صدر سونیا گاندھی نے ان کا ساتھ دیا۔ لوک سبھا میں کانگریس قائد ملکارجن کھرکے اور ان کی پارٹی کے رفقاء نے ایوان کے وسط میں دھرنا دیا کیونکہ تحریک التوا کے لئے ان کی درخواست کرسی صدارت نے مسترد کردی تھی ۔ ایوان زیریں جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی کھڑگے نے کہا یہ جمہوریت کا قتل ہے ۔ انہوں نے اسپیکر سمترا مہاجن سے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر تحریک التوا کی نوٹوس دے چکے ہیں ۔ جنتادل یو اور عام آدمی پارٹی کے ارکان بھی کانگریس کے ساتھ ایوان کے وسط میں اکٹھا ہوگئے تھے۔ عام آدمی پارٹی کے قائد بھگونت مان کو کرسی صدارت سے بار بار یہ گزارش کرتے دیکھا گیا کہ کھڑگے کو ان کی بات کہنے دی جائے ۔ سرکاری بنچس کے پرشور احتجاج کے درمیان کھڑگے نے کہا کہ مرکزی حکومت، ارکان اسمبلی کو خرید رہی ہے ۔ وہ دستور کے قتل کے ذریعہ بی جے پی حکومت تشکیل دینے ارکان اسمبلی پر دباؤ ڈال رہی ہے ۔اسپیکر نے کھڑگے کو یاد دہانی کرائی کہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے لہذا انہیں اس پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہئے ۔ اس پر کھڑگے نے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کی کارروائی کا حوالہ دے رہے ہیں ، اتر کھنڈ ہائی کورٹ کی رولنگ کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے معمار دستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے یوم پیدائش کو یوم دستور کی حیثیت سے منایا جب کہ وہ ارونا چل و اتر کھنڈ کی جمہوری منتخبہ حکومتوں کو عدم استحکام سے دوچار کررہی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ این ڈی اے کو ہر ریاست میں اقتدار پانے کی جلدی ہے۔ مت بھولئے کہ اس ملک میں دستور ہے ۔ آپ28مارچ کو فلورٹیسٹ کا انتظار کرسکتے تھے لیکن آپ نے27مارچ کو صدر راج نافذ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان حال ہی مٰں عشرت جہاں مبینہ انکاؤنٹر کیس پر بحث کرچکا ہے حالانکہ یہ معاملہ بھی عدالت مین زیر سماعت ہے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اتر کھنڈ اور ارونا چل کا بحران این ڈی اے یا بی جے پی کا پیداکردہ نہیں ہے ۔ راجیہ سبھا میں یہ مسئلہ قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے اٹھایا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت، اپوزیشن کو دانستہ مشتعل کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر راج ماضی میں بھی نافذ ہوچکا ہے لیکن ایسے بھونڈے طریقہ سے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتر کھنڈ ہائی کورٹ کے ججس کو مبارکباد دینا چاہیں گے جنہوں نے حکومت ہند سے ٹکر لینے کی جرات دکھائی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں