پلوں اور ریل اوور بریجس کی تعمیر - 50 ہزار کروڑ روپے کے سیتو بھارتم پراجکٹ کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-05

پلوں اور ریل اوور بریجس کی تعمیر - 50 ہزار کروڑ روپے کے سیتو بھارتم پراجکٹ کا افتتاح

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان نے انفراسٹرکچر کی ترقی کو کلیدی اہمیت دی جارہی ہے اور ہائی ویز، آئی ویز اور ریلویز کی ترقی کو بڑھاوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔50,800کروڑ روپے مالیتی سیتو بھارتم پراجکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے جس کے ذریعہ تمام شاہراہوں کو2019ء تک ریلوے کراسنگ سے پاک بنایا جائے گا اور1,500برطانوی دور کے پلوں کی تعمیر جدید کی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت انفراسٹرکچر سے متعلق تمام پراجکٹس کو تیز رفتار بنانے کے لئے پابند عہد ہے ۔ مودی نے کہا کہ انفراسٹرکچر ملک کے لئے اہم رول ادا کرتا ہے ۔ اور وہ عوام کی زندگی کو بھی بہترین بنانے میں معاون ہے ۔ انہوں نے انفراسٹرکچر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی دکھانے کے لئے وزیر حمل ونقل و شاہراہیں نتن گڈ کری کے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے ملک کی ترقی میں بہتری آئے گی اور اس کے لئے جامع اور مربوط اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف ہائی ویز پر ہی توجہ نہیں دے رہی ہے بلکہ آئی ویز (انفارمیشن کے راستے) اور ریلویز پر بھی یکساں توجہ دی جارہی ہے ۔ عام طور پر حکومتیں صرف دکھاوے کا کام کرتی ہیں۔ لیکن یہ حکومت مختلف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدتی ترقی کے لئے طویل مدتی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ سیتو بھارتم پراجکٹ کے تحت جملہ208ریلوے کراسنگس کو ریل اوور برج میں 2019ء تک تبدیل کردیاجائے گا۔ اس پر20,800کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ اس کے علاوہ انگریزوں کے دور کے1500بریجس کو بھی تبدیل کرنے یا ان کی مرمت پر بھی تیس ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک کے تمام بریجس کا نقشہ تیار کیاجارہا ہے جب کہ سابقہ انتظامیہ میں ایسے اعداد و شمار دستیاب نہیں تھے ۔ انڈین بریج مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس میں ملک کے1,50,000بریجس کی تفصیلات موجدو رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ میں کوئی نہیں جانتا کہ کونسا بریج کہاں ہے ۔ تصور کیجئے کہ کام کس طرح ہوتا ہوگا؟ میں کسی منتخب ادارہ یا وزیر اعظم یا وزراء کو اس کے لئے ذمہ دار نہیں ٹھہرا رہا ہوں یہ ہمارے سسٹم کی خرابی ہے ۔ ہم نے ان کاموں کو ترجیح نہیں دی ۔ بریجس کی دیکھ بھال، خلائی ٹکنالوجی کی مدد سے کی جائے گی ۔ ان کی مدت ، طوالت ، استحکام اور اس میں استعمال کئے گئے میٹرئیل کی تفصیلات بھی جمع کی جائیں گی۔ مودی نے سابقہ حصول اراضی کے طریقہ کار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دورخی اور چار رخی سڑکوں کی توسیع اس وجہ سے نہیں ہوسکی کیوں کہ یہاں انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے قبضوں کے لئے کھلی چھوٹ دی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سابقہ حکومت میں سڑکوںکی توسیع یا بریجس کی تعمیر کو رکوانے کے لئے بڑے پیمانے پر خط و کتابت ہوئی ۔ اتنے کاغذات جمع ہوئے کہ خود ان سے ایک پل تیار کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ہر20تا25کلو میٹر کے درمیان ریسٹ رومس جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی غور کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی عوام کو ان شاہراہوں کے بازو اپنی اشیاء فروخت کرنے کا موقع بھی فراہم کیاجائے گا ۔ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت دیہی سڑکوں کو مضبوط بنایاجائے گا۔ موجودہ ریل اورڈیجیٹل فائبر نٹ ورکس کو توسیع دینے کے علاوہ زرعی انفراسٹرکچر اور برقی کو بھی بہتر بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کئے جارہے ہیں ۔ ارکان پارلیمنٹ کو خوش کرنے کے لئے بجٹ میں کئی اعلانات کئے جاتے تھے ، لیکن بعد میں ان پر کوئی عمل نہیں کیاجاتا تھا۔ انہوں نے نوجوان انجینئروں اور معماروں کے ذریعہ بریجس کے ڈاٹا کی تیاری میں رول کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ گڈ کری نے بتایا کہ تمام قومی شاہراہوں کو2019ء تک ریلوے کراسنگ سے پاک کردیاجائے گا۔

PM Modi launches Rs 50,800 cr Setu Bharatam project

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں