یو این آئی
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اقلیتی کردار کے سلسلے میں مرکز کی موجودہ حکومت کے موقف میں تبدیلی اقلیتوں کو آئین میں حاصل حقوق سے محروم کرنے کی ایک کوشش ہے ۔ اس لئے حکومت کو آئین کی پاسداری کا خیال رکھتے ہوئے اپنا موقف درست کرکے اس مسئلے پر مثبت رخ اپنانا چاہئے ۔ جماعت اسلامی ہند کے لیڈر محمد سلیم انجینئر نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت آئینی حقوق پر حملے کرکے ملک کو ایک خاص رخ پر لیجانا چاہتی ہے جو انتہائی تشویش کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کا یہ ماننا ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی مسلمانوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے قائم کی گئی تھی جن پر غیر ضروری تنازعہ کھڑا کرکے اسے چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اگر ملک کی سیکڑوں یونیورسٹی میں سے چند کا انتظام انصرام مسلمانوں کی تعلیمی ضرورت کے تحت ان کے ہاتھ میں رہنے دیاجائے تو اس سے ملک کا بھی فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ مل کر مسلمانو ں کو دوسری اقلیتوں کی طرح جو دستوری حقوق حاصل ہیں، وہ ان کا احترام کرے اور اے ایم یو اقلیتی کردار کو تبدیل کرنے سے پرہیز کرے ۔ سلیم انجینئرنے حیدرآباد یونیورسٹی کے طالب علم روہت ویمولا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دلت، پسماندہ اور محروم طبقات کے لوگوں کو پریشان کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور حیدرآباد کا واقعہ اس کی ایک مثال ہے جس کی جماعت اسلامی شدید مذمت کرتی ہے اور اس رویہ کو تبدیل کرنے کا حکومت سے مطالبہ کرتی ہے ۔ اسلامک اسٹیٹ(داعش) کے نام پر ملک بھر میں پڑھے لکھے مسلم بچوں کی گرفتاری پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریبا 20نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان پر داعش کی مدد کرنے ، مالی اعانت کرنے اور ہمدردی رکھنے جیسے مختلف الزامات لگاکر ان بے قصوروں کو جیلوں میں بند کرنے کا سلسلہ پھر سے جاری ہوگیا ہے ، جو نہ تو ملک کے لئے بہتر ہے اور نہ ہی مسلمانوں کے حق میں بہتر ہے ۔ انہوں نے اس سے قبل دہشت گردی کے الزام میں گرفتاری کے بعد برسوں جیلوں میں اذیت کی زندگی گزارکر عدالت سے باعزت بری ہونے والے مسلم نوجوانوں کو حکومت سے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا اور بے قصور نوجوانوں کو جھوٹے الزامات مین گرفتار کرنے والے پولیس افسران کی تنخواہیں کاٹ کر ان مظلوموں کو معاوضہ دینے کا بھی انہوں نے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے ایک برس بعد گرفتاریوں کا یہ سلسلہ تھم گیا تھا لیکن اس کے بعد گرفتاریوں کا اتنا تیز رفتار سلسلہ ہوا کہ اس نے کانگریس حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
government seeks to deny constitutional rights of minorities - JI
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں