پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے ملک کی معروف یونیورسٹی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کی ضمانت کی درخواست کو دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عدالت سے اس معاملہ کی تیز رفتار سماعت کی خواہش کی ہے ۔ درخواست کو سماعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اس کی راست مداخلت خطرناک رجحان ثابت ہوگی۔کنہیا کمار کے وکلاء نے ان کے تحفظ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ضمانت کی درخواست سپریم کورٹ میں داخل کی تھی ۔ کنہیا کمار کو ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور زیریں عدالت میں اس معاملہ پر سماعت کے دوران ان پر سخت گیر نظریات کے حامل وکلا نے عدالت میں ہی حملہ کیا جس میں انہیں چوٹیں آئیں ۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کے بعد کنہیا کمار کے وکلا کی ٹیم میں شامل درنداگروور نے بتایا کہ آج دوپہر ہی دہلی ہائی کورٹ سے کیس کی ترجیحی بنیاد پر سماعت کی اپیل کی گئی ہے ۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ اگر اس نے اس درخواست پر سماعت کی تو دوسری عدالتوں کے لئے غلط پیام جائے گا کہ وہ اسہ طرح کے معاملات میں فیصلہ کرنے کی اہل نہیں ہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ پٹیالہ ہاؤز کورٹ کنہیار کی ضمانت کی درخواست کی سماعت نہیں کرسکتی اور اس درخواست کی سماعت کے لئے صحیح جگہ ہائی کورٹ ہوگی ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ پٹیالہ ہواز کورٹ میں سیکوریٹی کا نظام مناسب نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ نے کنہیا کمار اور ان کے وکلا کی حفاظت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہٰں ۔ ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار کنہیا کمار کی ضمانت کی درخواست کل سینئر وکیل سولی جے سوراب جی اور راجو رام چندرن نے دائر کی تھی ۔ کنہیا کے وکیل کل ہی اس پر سماعت چاہتے تھے لیکن عدالت نے آج سماعت کا مشورہ دیا تھا، جسٹس جے چلمیشور اور اے ایم ساپرے پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اگر اس عدالت نے درخواست کی سماعت کی تو اس سے غلط مثال قائم ہوجائے گی اور ملک کے تمام ملزمین جہاں کہیں بھی حساس نوعیت کے معاملے ہوں گے جن میں سیاسی افراد ملوث ہیں یا اہم شخصیتیں شامل ہیں تو وہ سب سپریم کورٹ سے ہی رجوع ہوں گے اور اس سے یہ تاثر پید ا ہوگا کہ سپریم کورٹ ہی واحد عدالت ہے اور اس طرح ایک خطرناک مثال قائم ہوگی۔ بنچ نے مزید کہا کہ اس نوعیت کا یہ واحد معاملہ نہیں ہے ۔ کنہیا کمار کی ضمانت کی درخواست کو منتقل کرتے ہوئے بنچ نے سالیسٹر جنرل رنجیت کمار سے یہ تیقن لیا کہ حکومت ہند اور دہلی پولیس کمشنر ملزم کو خاطر خواہ حفاظت اور سیکوریٹی فراہم کریں گے ۔ بنچ نے کہا کہ تمام فریقین کے وکلا کو ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت میں حاضر ہونے کے لئے ترجیح دی جائے گی اور رجسٹرار جنرل کمرہ کے اندر افراد کے داخلہ کو محدود کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ بنچ نے ہائی کورٹ سے اس معاملہ کی جلد یکسوئی کرنے کی خواہش کی۔ سپریم کورٹ نے کنہیا کے وکیل کو دہلی ہائی کورٹ میں پیش کی جانے والی درخواست میں ترمیم کرنے کی بھی اجازت دی۔ کئی سینئر وکلا کے دلائل سے متفق ہونے کے لئے عدالت بالا تیار نہیں تھی کہ صورتحال غیر معمولی ہے اور ملزم کے ساتھ ساتھ اس کے وکیل کی جان کو بھی خطرہ ہے ۔ عدالت زیریں میں جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اس کی وجہ سے انہیں مجبورا سپریم کورٹ سے رجوع ہونا پڑا ۔ وکلا نے کہا کہ انہوں نے درخواست ضمانت سپریم کورٹ میں اس لئے داخل کی کیونکہ جے این یو طلبا یونین کے صدر کی گرفتاری سے متعلق ایک رٹ درخواست اس کے زیر سماعت ہے ۔
Supreme Court Asks JNU Student Kanhaiya Kumar To Approach The High Court For Bail
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں