مودی حکومت ہٹلر کے نقش قدم پر - طلبا کی آواز دبانے کی کوشش - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-14

مودی حکومت ہٹلر کے نقش قدم پر - طلبا کی آواز دبانے کی کوشش - راہول گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
جے این یو تنازعہ نے آج نظریاتی جنگ کی شکل اختیار کرلی جب کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت کو ہٹلر کے اقتدار سے تشبیہ دی اور بائیں بازو کے قائدین نے بھی احتجاجی طلبا سے بھی اظہار یگانگت کیا۔ دوسری جانب بی جے پی نے اس تائید پر راہول اور بائیں بازو قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کیمپس میں افضل گرو مسئلہ پر منعقدہ پروگرام کے سلسلہ میں بغاوت کے الزام میں گرفتار طلباء قائد کنہیار کمار کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے طلبا نے پیر سے ہڑتال شروع کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ر اہول گاندھی نے بائیں بازو قائدین کے ساتھ کیمپس کا دورہ کیا اور طلباء سے خطاب کیا ۔ راہول نے کہا کہ بد ترین قوم دشمن تو وہ لوگ ہیں جو اس ادارہ میں طلباء کی آواز کچل رہے ہیں ۔ آر ایس ایس کی طلبا تنظیم اے بی وی پی کے کارکنوں نے سیاہ پرچم دکھاتے ہوئے راہول کی مختصر تقریر میں بارہا خلل ڈالا لیکن راہول نے اپنی اس تقریر میں حیدرآباد یونیورسٹی کے دلت اسکالر روہت ویمولا کی خود کشی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی آواز کچلنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں چند دن قبل حیدرآباد میں تھا تب یہی لوگ یا ان کے قائدین نے ویمولا پر قوم دشمن ہونے کا الزام لگایا ۔ جرمنی میں ہٹلر نام کا ایک شخص تھا جو اگر دوسروں کی سنتا تو لاکھوں لوگوں کو نقصان نہ اٹھانا پڑتا ۔ بائیں بازو طلباء نے اس پر جم کر راہول کی ستائش کی ۔ اسی دوران چانسلر یونیورسٹی اور سابق اسرو سربراہ کے کستوری رنگن نے کیمپس کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ایک اور بڑی تبدیلی کے طور پر جے این یو کے چارڈینس نے وائس چانسلر جگدیش کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یونیورسٹی میں پولیس مہم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کیمپس میں پولیس کو داخلہ کی اجازت پر تنقیدوں کا سامنا کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ سیکوریٹی دستوں کو کیمپس میں ہٹا دیا گیا ہے اور طلباء کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے تاہم بیرونی افراد کے کیمپس میں داخلے پر امتناع عائد رہے گا ۔ اسی دوران اے بی وی پی کے ارکان کی جانب سے مخالف ہند نعرے لگاتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آیا ۔ یہ ویڈیو افضل گرو کی برسی کے موقع پر پروگرام کے دوران لیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ یو پی کے مسلم وزیر و سینئر ایس پی لیڈر اعظم خان نے الزام لگایا ہے کہ اے بی وی پی کے کارکنوں نے مخالف قوم نعرے لگاتے ہوئے دوسروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ دن میں سابق فوجیوں ، یونیورسٹی کے قدیم طلباء اور کمیونسٹ قائدین نے کیمپس کا دورہ کیا۔

Rahul accused NDA govt of "suppressing" students' voice

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں