دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمخیال ممالک میں تعاون ضروری - نائب صدر حامد انصاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-05

دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمخیال ممالک میں تعاون ضروری - نائب صدر حامد انصاری

بنکاک
پی ٹی آئی
ہندوستان نے انتہا پسندی کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہم خیال ممالک کے درمیان تعاون اور یکجہتی پر زور دیا۔ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے تھائی لینڈ کی موقر جامعہ چلا لونگ کو ان یونیورسٹی میں ماہرین تعلیم، تاجرین اور طلباء کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی بحر چین تنازعہ کے حوالہ سے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام فریقین کو ضبط و تحمل سے کام لینا ضروری ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر روایتی خطرات مثلا قزاقی سے مقابلہ کے لئے باہمی تعاون اور اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ ہندوستان اس سلسلہ میں آسیان میں شامل ممالک اور خصوصی طور پر چین خطہ میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ضابطہ اخلاق کا پابند ہونے کی درخواست کرتا ہے ۔ انصاری نے یہ وضاحت بھی کی کہ جنوبی بحر چین واقعی ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے سبب چین اور آسیان میں شامل کئی ممالک کے درمیان تنازعہ جاری ہے۔ چین ایک اہم جہاز رانی راہداری( ایس سی ایس ) اور جنوبی بحر چین کے 90فیصد جزائر کو اپنی ملکیت ہونے کا دعویٰ پیش کرتا ہے ۔ برونی کے علاوہ آسیان کے دیگر ارکان مثلا ملائشیا، فلپائن اور ویت نام بھی ان علاقوں کو اپنی ملکیت ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ دنیا کے تجارتی جہازوںکا نصف حصہ انہی آب راہداریوں سے گزرتا ہے ۔ خطاب جاری رکھتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی اپنے پاؤں پھیلا رہی ہے ۔ اور تھائی لینڈ اور ہندوستان ان خطرات کی لپیٹ میں ہیں ۔ ایسے خطرات سے نبرد آزمائی میں کامیابی کے لئے ہم خیال ممالک کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی تعاون ضروری ہے ۔ غیر روایتی خطرات مثلاً قزاقی، اسمگلنگ ، بین ممالک جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو ہندوستان جیسے تمام ممالک کے لئے سنگین خطرہ ہے ۔ ان حوالوں سے تھائی لینڈ اور ہندوستان کے درمیان باہمی تعاون و روابط مستحکم ہیں اور یہ بات انتہائی مسرت بخش ہے کہ ہم نے علاقائی سطح پر ایسے تعاون کو ادارہ جاتی بنانے کے اقدامات کئے ہیں ۔ ہندوستان اپنے احباب اور حلیفوں کی توقعات پر کھرا اترنے کا خواہاں ہے اور آسیان برادری کے جاری عمل میں عملی رول میں زیادہ اضافہ کرنے کوشاں ہے ۔ انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ باہمی دفاعی تعلقات میں فروغ کے وسیع تر امکانات موجود ہیں اور ہندوستان اسے مزید مستحکم بنائے جانے کی خواہش کا اظہار کرتا ہے ۔ حامد انصاری، جنوب مشرقی ایشیائی ملک (تھائی لینڈ) کے وزیر اعظم کی جانب سے مدعو کئے جانے پر بنکاک پہنچے۔ گزشتہ50برسوں میں ہندوستانی نائب صدر کا یہ اولین دورہ تھا۔ نائب صڈر جمہوریہ نے اجتماع میں شریک ماہرین تعلیم ، طلباء اور تجارتی اداروں کے سربراہوں کو بتایا کہ ہندوستان خطہ کو پر امن بنانے کا خواب آنکھوں میں سجائے بیٹھا ہے اور اس کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے خطہ کے تمام ممالک کے ساتھ دوستی اور بھائی چارہ پر زور دیتا ہے ۔ انہوں ںے یہ بھی کہا کہ ہمارے خیال سے تمام تجارتی راستوں اور آبی راہداریوں کو محفوظ بنانا ضروری ہے ۔ کہ یہاں روایتی اور غیر روایتی خطرات موجود ہیں ہم یہ بھی باور کرتے ہیں کہ ان آبی راہداریوں اور تجارتی روٹس کے استعمال کنندوں کو اس سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کا احساس بھی ہونا چاہئے ۔ آسیان خطہ کے تمام ممالک وسیع تر معاشی اتحاد اور بحری راہداریوں کی سلامتی پر زور دیتے ہیں کہ یہ روٹس اور راہداریاں تجارتی حوالہ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس خطہ کے ممالک جہاز رانی وسائل تک رسائی کے خواہاں ہیں اور بلا شبہ اس سلسلہ میں بین الاقوامی اصولوں کی پابندی بھی ضروری ہے ۔ حامد انصاری نے باہمی دفاعی تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ نے حالیہ برسوں میں ہندوستانی بحریہ کے جہازوں اور ہندوستانی ساحلی محافظین کی میزبانی کی ہے اور ہم اس انداز کے تعاون کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

Like-minded nations must jointly tackle terror: Vice President Hamid Ansari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں