پی ٹی آئی
اندرون ایک ہفتہ اس نوعیت کے دوسرے احتجاج میں آج ہزارہا طلبہ نے جو ملک کی مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھتے ہیں ، قومی دارالحکومت کی سڑکوں پر مظاہرہ منظم کیا اور دلت اسکالر روہیت ویمولاسے انصاف کامطالبہ کیا اور جے این یو بحران کے خلاف احتجاج کیا ۔ طلبہ نے وسطی دہلی کے جھنڈے والان میں امبیڈکر بھون سے جنتر منتر تک مارچ نکالا جن کے ساتھ پہلے تو کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی اور پھر چیف منسٹر اروند کجریوال شامل ہوگئے ۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد اور عثمانیہ یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبا کے بشمول ہزاروں احتجاجیوں نے جئے بھیم جیسے امبیڈ کر وادی نعرے لگائے اور ویمولا کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا اور الزام لگایا کہ اس کی خود کشی کے لئے مرکز ذمہ دار ہے ۔ مظاہرہ میں جے این یو، دہلی یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اور امبیڈکر یونیورسٹی کے طلبہ شریک تھے ۔ انہوں نے جے این یو میں پولیس کارروائی کی مذمت کی اور جے این یو طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا۔ ویمولا کی ماں رادھیکا اور بھائی راجہ بھی مارچ میں شریک تھے۔ راہول نے اپنے خطاب میں مودی حکومت اور آر ایس ایس پر راست حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ ملک بھر میں کالج اور یونیورسٹی کے طلبا کی مخالفانہ آوازوں کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے دباؤ اور امتیاز سے طلبہ کو محفوظ رکھنے کے لئے قانون سازی کی ضرورت ظاہر کی۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ مرکز ملک کے طلبا کے ساتھ جنگ کررہا ہے اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا طریقہ کار تبدیل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ انہیں (مودی) کو سبق سکھائیں گے ۔ کجریوال نے کہا میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ مودی جی طلبہ سے پنگا مت لینا ورنہ وہ آپ کی حکومت کو ہلاکر رکھ دیں گے اور آپ کو کہیں پناہ نہیں ملے گی ۔ اس پر طلبا نے زبردست تالیاں بجائیں ۔ گزشتہ ہفتہ طلبا نے زبردست احتجاج کیا تھا جس میں طلبہ، اساتذہ ، دانشوروں اور جہد کاروں نے بھی شرکت کی تھی۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں