مودی حکومت ملک کی حفاظت میں ناکام - شنڈے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-07

مودی حکومت ملک کی حفاظت میں ناکام - شنڈے

نئی دہلی
یو این آٗی
پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کے سلسلہ میں نریندر مودی حکومت کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے سینئر کانگریس قائد و سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کما ر شنڈے نے آج کہا کہ حکومت، ملک کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ شنڈے نے یہان نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملہ پر حکومت کا جواب ناکافی رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کابینی کمیٹی برائے سلامتی امور کی کسی ملاقات کا علم نہیں ۔ کابینی کمیٹی برائے سلامتی امور جنگ یا تصادم کے مواقع پر فیصلے کیا کرتی ہے ، جب تک ہمارا تال میل درست نہ ہو ہم ایسے حملوں سے نمٹنے کے قابل نہیں ہوں گے ۔ شنڈے نے کہا کہ مودی حکومت، ملک کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ اگر یہ حکومت اسی طرح برقرار رہی تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اچھے دن آنے کے بجائے ہمارا ملک دہشت گردوں کے حوالے ہوجائے گا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے دورہ لاہور کے سلسلہ میں نشانہ تنقید بناتے ہوئے شنڈے نے کہا کہ آخر وزیر اعظم نے پیشگی اطلاع کے بغیر پاکستان کا دورہ کیوں کیا؟ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے پاکستان میں کیا بات چیت کی؟ کیا کوئی صحافتی بیان جاری کیا گیا ہے ؟ ان کی بات چیت کے بارے میں ہم ہنوز تاریکی میں ہیں ۔ نریندر مودی کو26/11ممبئی حملے کے بعد دئیے گئے ان کے بیانات کی یاددہانی کراتے ہوئے شنڈے نے کہا 26/11حملوں پر مودی جی کے نقطہ نظر سے ہم سب واقف ہیں۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ انہوں نے اس وقت کیا کیا مطالبات کیے تھے؟ مودی جی کہا کرتے تھے کہ یوپی اے وزراء پاکستان کو بریانی کھلا رہے ہیں ۔ اب کیا ہوا؟ وہ خود نواز شریف سے ملاقات کے لئے گئے تھے۔ حکومت پر دہشت گرد حملہ کا ناکافی جواب دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے شنڈے نے کہا کہ پٹھان کوٹ ایک حساس علاقہ ہے ، جب آپ کو انٹلی جنس اطلاع موصول ہوئی تھی تو فضائیہ کے اڈہ کو پوری طرح بند کردینا چاہئے تھا۔ سرحد پار سے کیے گئے حالیہ دہشت گرد حملوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے شنڈے نے کہا کہ جب بھی بی جے پی بر سر اقتدار آتی ہے ، دہشت گردی میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔

Modi govt has failed to protect this country: Shinde

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں