ہند و پاک معتمدین خارہ کی چند دنوں میں ملاقات متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-07

ہند و پاک معتمدین خارہ کی چند دنوں میں ملاقات متوقع

کولمبو، نئی دہلی
یو این آئی
پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ہند۔ پاک بات چیت کے مستقبل پر تمام تیقاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے آج کہا کہ دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ آئندہ چند دنوں میں ملاقات کریں گے اور بات چیت کے طریقہ کار کو طئے کریں گے ۔ نواز شریف نے سری لنکا کے لکشمن کدرگمارانسٹی ٹیوٹ میں یہ بات بتائی ۔ وہ یہاں اپنے سرکاری دورہ کے دوسرے دن خطاب کررہے تھے ۔ پٹھان کوٹ میں فضائیہ اڈہ پر حملہ کے بعد جس میں سات سپاہی مارے گئے ہندوستان کی جانب سے وسط جنوری میں ہونے والی دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ کی بات چیت کے بارے مٰں ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔ یہ بھی واضح نہیں ہوا ہے کہ کیا اس بات چیت سے پہلے دونوں ممالک کے سلامتی مشیروں کی ملاقات ہوگی ۔ نوا زشریف کا یہ بیان اس وجہ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ انہوں نے کل ہی اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے یہ تیقن دیا کہ پٹھان کوٹ حملہ کے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ حملہ دونوں ممالک کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں کے بعد شروع ہوئی بات چیت کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کیاجارہا ہے ۔اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کی تعریف کے پل باندھتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے آج کہا کہ ان کی سالگرہ پر نریندر مودی کا لاہور آکر ان کو مبارکباد دینا کافی متاثر کن رہا ہے ، جو کہ جنوبی ایشیائی عوام کا خاص وصف ہے ۔ میاں نواز شریف نے کہا میں اپنی سالگرہ پر نیک خواہشات پیش کرنے کے لئے25 دسمبر کو نریندر مودی کے لاہور تشریف لانے سے کافی متاثر ہوا ۔ لاہور میں ہمارے دوستانہ تبادلہ خیالات میں گرمجوشی اور خلوص و خیر سگالی واضح تھی جو کہ جنوبی ایشیائی اقدار کی خاصیت ہے ۔ نریندر مودی کی شان میں نواز شریف کی یہ ستائش ایسے موقع پر کی گئی ہے جب انہیں غیر اعلانیہ دورے پر لاہور جانے کے لئے اپوزیشن کے سخت حملے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، کیونکہ اس کے بعد ہی پنجاب کے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم دوسری جانب دونوں نیو کلیائی طاقت کے حامل پڑوسیوں کے وزراء اعظم کے درمیان اچانک ملاقات کی عالمی لیڈروں کی طرف سے کافی ستائش کی گئی ہے ۔

India Pakistan Foreign Secretary Talks soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں