ڈی ڈی سی اے تنازعہ - کجریوال کے خلاف جیٹلی کا دعویٰ ہتک عزت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-22

ڈی ڈی سی اے تنازعہ - کجریوال کے خلاف جیٹلی کا دعویٰ ہتک عزت

نئی دہلی
پی ٹی آئی، آئی اے این ایس
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن( ڈی ڈی سی اے) اسکام میں گھسیٹے جانے اور ان کے اور ان کے افراد خاندان کے خلاف جھوٹے اور توہین آمیز بیانات دینے پر مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور دیگر پانچ عام آدمی پارٹی قائدین کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں ہتک عزت مقدمہ دائر کیا۔ جیٹلی نے مبینہ توہین آمیز تبصروں پر کجریوال اوردیگر عام آدمی پارٹی قائدین بشمول کمار وشواس، آشوتوش ، سنجے سنگھ، راگھو چڈھا اور دیپک باجپائی سے10کروڑ روپے ہرجانہ بھی طلب کیا ۔ ایڈوکیٹ مانک ڈوگرا نے کہا کہ جیٹلی کی جانب سے دائر کردہ سیول درخواست کی معمول کے مطابق فہرست میں شامل کی جائے گی۔ جیٹلی نے ان کے 13سالہ دور صدارت میں ڈی ڈی سی اے میں مبینہ بے قاعدگیوں اور مالیاتی خرد برد کے سلسلہ میں کجریوال اور دیگر عام آدمی پارٹی قائدین کی جانب سے ان پر تنقید وں کے پس منظر میں یہ قدم اٹھایا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کل کہا تھا کہ وہ پٹیالہ ہاوز کورٹ میں کجریوال اور دیگر پانچ عامی آدمی پارٹی قائدین کے خلاف فوجداری ہتک عزت مقدمہ بھی دائر کریں گے تاہم انہوں نے کجریوال یا دیگر عام آدمی پارٹی قائدین کو کوئی نوٹس نہیں دی جس میں ان سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیاجاتا یا ہتک عزت مقدمہ کا سامنا کرنے کے لئے کہاجاتا۔ اس کے بجائے عدالت میں راست طور پر مقدمہ دائر کردیا گیا ۔ آئی اے این ایس کے بموجب ایڈوکیٹ سدھارتھ لتھرا نے جو ارون جیٹلی کی طرف سے پیش ہوئے ، عدالت کو بتایا کہ مرکزی وزیر نے دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا ہے۔ کجریوال اور عام آدمی پارٹی قائدین ان کے خلاف بے بنیاد اورسوا کن الزامات عائد کررہے ہیں۔ لتھرا نے عدالت کو بتایا کہ جیٹلی کا کوئی بھی فرد خاندان ڈی ڈی سی اے کیس میں ملوث کسی بھی کمپنی میں کسی حیثیت میں بھی شامل نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بتانے کے لئے جیٹلی کو کس طرح بدنام کیاجارہا ہے ، عام آدمی پارٹی قائدین کے فیس بک اور ٹوئٹر پوسٹس کا حوالہ دیا۔ کجریوال کے خلاف اپنی شکایت میں جیٹلی نے دیگر عام آدمی پارٹی قائدین کمار وشواس، راگھو چڈھا، آشوتوس، سنجے سنگھ اور دیپک باجپائی کو بھی شامل کیا۔ جیٹلی پر جو2013تک 13سال کے لئے ڈی ڈی سی اے کے صدر رہے ہیں ، دہلی میں حکمراں عام آدمی پارٹی نے کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ انہوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے ۔ کجریوال نے مطالبہ کیا ہے کہ جیٹلی کو حکومت سے مستعفیٰ ہوجانا چاہئے یا پھر انہیں وزیر فینانس کے عہدہ سے ہٹادیاجانا چاہئے تاکہ ڈی ڈی سی اے کے امور کی آزادانہ تحقیقات ہوسکیں ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر دہلی نے آج کہا کہ وزیر فینانس ارون جیٹلی ڈی ڈی سی اے کے مسئلہ پر عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے انہیں اور ان کی پارٹی کو ڈرا نہیں سکتے۔ ہم کرپشن کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جیٹلی جی کو کمیشن آف انکوائری کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے اوروہاں اپنی بے گناہی ثابت کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے اتوار کے دن کمیشن آف انکوئری بٹھانے کا اعلان کیاتھا۔ جیٹلی نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کی جانب سے ان پر لگائے جانے والے الزامات ان کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔

DDCA row: Arun Jaitley files separate defamation suit in HC, seeks Rs 10 crore as damages

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں