آزاد رکن اسمبلی کشمیر انجینئر رشید پر دائیں بازو کے ہندو کارکنوں کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-26

آزاد رکن اسمبلی کشمیر انجینئر رشید پر دائیں بازو کے ہندو کارکنوں کا حملہ

ڈوڈا
یو این آئی
لانگیٹ سے آزاد رکن اسمبلی انجینئر رشید پر آج ضلع ڈوڈا کی وادی بھدروا کے دورہ کے دوران دائیں بازو کے ہندو کارکنوں نے مبینہ طور پر حملہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ انجینئر رشید کل رات کچھ افراد کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنے کے لئے بھدروا پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ آج دپہر میں جب وہ میٹنگ کرنے والے تھے بی جے پی کارکنوں کا ایک گروپ نعرے لگاتے ہوئے آیا اور انہیں سیاہ پرچم دکھائے۔ بعض مظاہرین نے ان کی گاڑی پر پتھر پھینکے ۔ پولیس نے انہیں حفاظت میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ انجینئر رشید اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران سری نگر میں ایم ایل ایز ہاسٹل پر بیف پارٹی کی میزبانی کے بعد خبروں میں آگئے ۔ نئی دہلی میں پریس کلب کے دورہ کے موقع پر ان کے چہرہ پر سیاہی پوت دی گئی تھی ۔ پارٹی کے ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ ریاست میں ایسی فضا کو عروج بخشنے کے لئے کوئی اور نہیں بلکہ پی ڈی پی اور مفتی سعید براہ راست ذمہ دار ہیں ۔ کیونکہ مفتی سعید کی حکومت ایسے بلوائیوں کی پشت پناہی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست اور شر پسند عناصر ایک منتخب عوامی نمائندہ، جو سیکوریٹی کے دائرہ میں ہوتے ہیں ، کے ساتھ ایسا سلوک کرتے ہیں، عام آدمی کا تو خدا ہی حافظ ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھگوا جماعتوں کو گلے لگاکر پی ڈی پی والوں نے فرقہ پرستوں کی حوصلہ افزائی کی اور اس کا خمیازہ آج یہاں کے عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستوں کے اس رویہ سے ایک معصوم ٹرک ڈرائیور کو موت کے گھاٹ اتارا گیا اور کئی متاثر آج بھی ہاسپٹلوں میں زیر علاج ہیں ۔ جنید عظیم متو نے کہا کہ مفتی سعید کی بحیثیت چیف منسٹر ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کرنا شر پسند عناصر کو مزید حوصلہ فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب تو نظریات کی جنگ، آزاد سیاسی ماحول اور مفاہمت کے دم بھررہے تھے لیکن ان کی حکومت میں آج ایک رکن اسمبلی محفوظ نہیں دیگر خیالات رکھنے والوں کی تو بات ہی نہیں۔
دریں اثناء جموں سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وادی کشمیر کے حلقہ انتخاب لنگیٹ کے ممبر اسمبلی انجینئر شیخ عبدالرشید پر آج کے روز جموں خطہ کے ڈوڈہ ضلع کے بھدرر وادی میں مبینہ طور پر دائیں بازو کے ہندو کارکنوں نے حملہ کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ انجینئر رشید کچھ لوگوں کے ساتھ میٹنگ کرنے کی غرض کل رات بھدررواہ آپہنچے تھے ، تاہم آج میٹنگ سے عین قبل بی جے پی کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے رشید کے خلاف نعرے بازی کی اور انہیں سیاہ پرچم دکھایا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایل اے رشید کو پولیس کی جانب سے بلٹ پروف گاڑی استعمال کرنے کے لئے کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اگرچہ کچھ احتجاجی مظاہرین نے پتھراؤ کیا لیکن انجینئر رشید کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا تھا ۔ مذکورہ ایم ایل اے گزشتہ ماہ اس وقت سرخیوں میں رہے تھے جب انہوں نے ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے عین قبل سری نگر کے ایم ایل اے ہاسٹل میں بیف پارٹی کا اہتمام کیا تھا جس کے بعد ان پر اسمبلی میں حملہ کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء نیشنل کانفرنس نے بھدرواہ میں انجینئر رشید پر ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو فرقہ پرستی کی انتہا قرار دیا ہے ۔

Vishwa Hindu Parishad activists attack MLA Engineer Rashid in Bhaderwah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں