پی ٹی آئی
کالے دھن کے خلاف کارروائی کا تیقن دیتے ہوئے حکومت نے آج کہا کہ ایچ ایس بی سی کے خبر دار کرنے والے شخص(Whistleblower) ہروفالسیانی کو پیشگی شرائط عائد کیے بغیر معلومات کا تبادلہ کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ فالسیانی نے کل تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی تاہم زور دے کر کہا تھا کہ انہیں تحفظ درکار ہوگا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت کے نمائندوں نے فالسیانی سے ملاقات کی اور معلومات فراہم کرنے کے عوض انہیں انعام کی پیشکش کی ہے ۔ حکومت ہند (کالے دھن کے کھاتوں کے بارے میں) معلومات حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ گزشتہ ایک سال میں جتنے تفتیش کاروں کو مامور کیا گیا ہے اتنا پہلے کبھی نہیں کیا گیا تھا۔ جیٹلی نے یہاں آئی ایف ایف آئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں بتائیں جہاں ان سے فالسیانی کے بارے میں سوال کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی کے پاس جو بھی معلومات ہوں اسے کوئی پیشگی شرائط عائد کئے بغیر معلومات ہمیں فراہم کرنی چاہئیں ۔ ہم کالے دھن کے محاذ پر کارروائی کریں گے ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ہندوستانی حکام کے پاس موجود غیر استعمال شدہ غیر قانونی فنڈس سے متعلق کافی معلومات موجود ہیں ، فالسیانی نے کل کہا تھا کہ وہ کالے دھن کے بارے میں تحقیقاتی ایجنسیوں کی مد د کرنے تیار ہے ۔ لیکن اسے تحفظ درکار ہوگا کیوںکہ ہندوستان آنے پر اسے گرفتاری کے خطرہ کا بھی سامنا ہے ۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہندوستان سے لاکھوں کروڑوں روپے کے غیر قانونی فنڈس بیرون ملک روانہ کیے جارہے ہیں۔ فالسیانی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایچ ایس بی سی کی جنیوا برانچ کے کھاتہ داروں کی تفصیلات کا افشا کیا ۔ بعد ازاں یہ فہرست حکومت فرانس کے پاس پہنچی اور پھر اسے ہندوستان کو فراہم کیا گیا کیوں کہ اس میں ان ہندوستانیوں کے کھاتوں کی تفصیلات بھی درج ہیں جنہوں نے بیرونی ممالک میں رقومات جمع کررکھی ہیں ۔ فالسیانی نے یہاں اسکائپ لنک کے ذریعہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کالے دھن کے بارے میں راز کی معلومات کے تبادلہ کے لئے رقم قوت محرکہ نہیں ۔ یہ مسئلہ رقم سے متعلق نہیں ہے ۔ میں دولت مند بننا نہیں چاہتا ۔ مجھے صرف تحفظ کی ضرورت ہے ۔ فالسیانی سے دریافت کیا گیا تھا کہ آیا وہ ہندوستان کے ساتھ معلومات کے تبادلہ کے لئے رقم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ اگر میں ہندوستان آتا ہوں تو مجھے گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے ۔ عوام کو یہ سمجھنا چاہئے کہ تحقیقات اور کالے دھن کی لعنت کو ختم کرنے کے کافی طریقے دستیاب نہیں ہیں ۔ جاریہ سال کے اوائل میں انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ ان کے پاس628ہندوستانی اداروں کے بارے میں اضافی معلومات ہیں جن کے بینک کھاتے جنیوا میں ہیں۔ وزارت فینانس نے جاریہ سال فروری میں کہا تھا کہ محکمہ انکم ٹیکس فالسیانی کے ساتھ ربط میں ہے جنہوں نے ایچ ایس بی سوئٹزر لینڈ میں بینک کھاتے رکھنے والے ہندوستانیوں کے ناموں کا انکشاف کیا تھا۔ ان سے یہ درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایچ بی سی سوئٹزر لینڈ اور دیگر مقامات پر ہندوستانیوں کے خفیہ بینک کھاتوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ کریں اور ان کے جواب کا انتظار ہے۔
HSBC whistleblower should share info without pre-conditions: Arun Jaitley
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں