26/اکتوبر لکھنؤ یو۔این۔آئی
اتر پردیش کے گورنر رام نائک کی طرف سے ریاست میں قانون و انتظام کا نظام درہم برہم ہوجانے کا بیان دئیے جانے سے تلملائی یوپی کی بر سر اقتدار سماج وادی پارٹی نے آج گورنر ہاؤس کے رول پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ گورنر آئینی اقدار کو پامال کرکے ریاست کی جمہوری طور پر منتخب حکومت کو غیر مستحکم کررہے ہیں۔ گورنر ہاؤس پر آج سخت حملہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے کہا کہ گورنر آر ایس ایس کے سویم سیوک کی طرح سے کام کررہے ہیں ، فرقہ پرست تنظیموں کے پروگراموں میں شرکت کررہے ہیں اور حکومت کے خلاف بیانات دے کر جمہوری طور پر منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کررہے ہیں ، یہاں تک کہ وہ اپنے اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے درمیان ذاتی ملاقاتوں کے بارے میں میڈیا کو اطلاعات بہم پہنچا کر اخلاقی قدروں کی پامالی کررہے ہیں ۔ تاہم سماج وادی پارٹی کے لیڈر نے مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری محاذ( این ڈی اے) کی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کے گورنر کے کاموں میں اس کا کوئی رول نہیں ہے، کیونکہ ملک میں کوئی بھی گورنر اس طرح کے غیر آئینی اقدامات میں ملوث نہیں ہوتے ہیں۔ گورنر رام نائک نے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے رام گوپال یادو نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ یوپی کے گورنر کو فوری طور پر برطرف کر کے انہیں مرکز میں کابینی وزیر طور پر متعین کردیاجائے ، تاکہ تمام مسائل پر بیانات دینے کی ان خواہش پوری ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال گورنر رام نائک اس طور پر اقدامات کررہے ہیں جیسے وہ ملک کے وزیر داخلہ ہوں۔ وزیر داخلہ کی طرح سے وہ ریاست کے قانون و انتظام کی صورتحال پر مسلسل سوال اٹھارہے ہیں یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے لیڈر نے واضح کیا کہ پارٹی کو گورنر کے خلاف بیان دینے پر مجبور ہونا پڑا کیونکہ رام نائک ریاست کے آئینی سربراہ کے طور پر اپنی تمام حدود کو پار کرگئے تھے ۔ رام گوپال یادو نے کہا کہ ملک کی تقریبا تمام راستوں میں گورنر تعینات ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی گورنر اپنی ہی حکومت کیخلاف اس طرح سے بیان بازی نہیں کرتے ہیں ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پارٹی کو گورنر کی طر ف سے مرکز کو رپورٹ بھیجے جانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، کیونکہ یہ ان کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے متعدد معاملوں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ مسٹر رام نائک مختلف موضوعات پر ریاستی حکومت کے خلاف بار با ر تبصرے کر کے گورنر ہاؤس کے وقار کا پاس و لحاظ رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے گورنر کی سازشی ذہنیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر رام نائک نے تو دادری کی منصوبہ بند واردات پر خاموشی سادھ لی ، کیونکہ اس میں فرقہ پرست طاقتیں ملوث تھیں لیکن دیگر مسائل پر حکومت کے خلاف بولنا شروع کردیا۔SP slams UP Governor, dubs him as RSS worker
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں