یو این آئی
قومی اقلیتی کمیشن نے آج مرکزی حکومت کو دادری واقعہ پر اپنی تحقیقاتی رپورٹ ارسال کرتے ہوئے انٹلیجنس کی مکمل ناکامی پر اس سے وضاحت طلب کی ہے کیوںکہ کمیشن کے مطابق یہ واقعہ کوئی سانحہ نہیں بلکہ منظم سازش کا حصہ تھا ۔ کمیشن نے وزارت داخلہ کو ارسال کردہ اپنی رپورٹ کے ساتھ اپنے ایک خط میں مختلف قائدین بشمول حکومت میں شامل وزراء کے ذریعہ دئیے جانے والے اشتعال انگیز بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور مرکز سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے بیانات پر فوراً روک لگائے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے مرکز سے کہا ہے کہ دادری کے افسوسناک واقعہ سے پہلے ماحول سازی کی گئی تھی اور مقامی عوام کو بھی اس کا اندازہ تھا لیکن پولیس نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ، جو پولیس اور انٹلی جنس کے لحاظ سے سنگین خامی ہے ۔ دریں اثناء بساڑہ گاؤں کا دورہ کرنے والے کمیشن کے وفد کی ایک رکن ڈاکٹر فریدہ خان نے بتایا کہ وہ اتر پردیش حکومت کو بھی اس رپورٹ کی کاپی بھیج رہے ہیں اور بعد میں چیف منسٹر اکھلیش یادو سے ملاقات بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان سے جاننا چاہیں گے کہ اس طرح کے واقعات مسلسل کیوں ہورہے ہیں اور ان سے اقلیتوں اور سماج کے پسماندہ طبقات کے لئے مزید سیکوریٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کریں گے ۔ خیال رہے کہ کمیشن نے چہار شنبہ کو جاری اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ دادری کے بساڑہ گاؤں میں گائے کا گوشت کھانے کی افواہ کو لے کر محمد اخلاق کا قتل کوئی اچانک سانحہ نہیں بلکہ ایک منظم سازش کا حصہ تھا ۔ اس سانحہ کو منصوبہ بند طریقہ سے سازش کے تحت انجام دیا گیا ۔ ڈاکٹر خان کے مطابق جب قومی اقلیتی کمیشن کی ٹیم نے بساڑہ گاؤں کادورہ کیا اور وہاں کے لوگوں سے معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ متاثرہ خاندان سے کسی کی دشمنی نہیں تھی اور نہ ہی ایسی کوئی وجہ تھی جو کہ اس طرح کے حملہ کے لئے ذمہ دار بن سکے ۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب سب لوگ اپنے گھروں میں سورہے تھے ، متاثرہ خاندان کا ہر رکن گہری نیند میں سو رہاتھا اور مندر سے اعلان کے بعد حملہ کے لئے کافی لوگ جمع ہوگئے۔ ڈاکٹر خان کے مطابق وہ پانچ منٹ میں تو وہاں جمع نہیں ہوئے ہوں گے، ایسا اسی وقت ہوسکتا ہے جب پہلے سے اس کی منصوبہ بندی کی گئی ہو ۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اپنے کارکنوں اور حامیون کو غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے باز رہنے کا مشورہ دیں اور ایسے واقعات کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کی جائے ۔
Minorities panel tells Centre to take notice of intel failure in Dadri
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں