اسکولوں میں گیتا پڑھانے مرکزی وزیر کے ریمارک پر عام آدمی پارٹی کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-15

اسکولوں میں گیتا پڑھانے مرکزی وزیر کے ریمارک پر عام آدمی پارٹی کی تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی نے مرکزی وزیر مہیش شرما کے ان غیر ذمہ دارانہ ریمارکس پر شدید تنقید کی ہے جس میں انہوں نے اسکولوں اور کالجوں میں مہا بھارت اور گیتا کے اسباق پڑھانے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ عاپ کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ آر ایس ایس کی ایماء پر یہ کام کیاجارہا ہے ۔ تاہم شرما کے ریمارکس سن کر حیرت نہیں ہوئی کیونکہ نریندر مودی کے سینئر وزراء حال ہی میں آر ایس ایس اسکول میں درس لے چکے ہیں ۔ وہ آر ایس ایس اور وزراء کے درمیان حالیہ اجلاس کا حوالہ دے رہے تھے جس میں مرکزی حکومت نے اپنی کار کردگی کی رپورٹ آر ایس ایس قیادت کے سامنے پیش کی۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ ایک وزیر اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ بیان کیسے دے سکتا ہے ؟ آج انہوں نے کہہ دیا کہ گیتا اور مہا بھارت سے بچوں کو سبق پڑھائے جائیں گے ۔ کل قرآن اور انجیل اور گرنتھ صاحب سے اسباق کو نصاب میں شامل کرنے کا مطالبہ کیاجائے گا۔ ہم کس طرح کا ملک بنانا چاہتے ہیں ۔ یہ ہمارے دستور کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے ۔ مملکتی وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی شرما نے گزشتہ ہفتہ ایک انٹر ویو میں کہا تھا کہ مہا بھارت، رامائن اور گیتا سے اسباق بہت جلد اسکولوں اور کالجوں میں پڑھائے جاسکتے ہیں ، یہ ملک کو ثقافتی آلودگی سے پاک کرنے این ڈی اے حکومت کا منصوبہ ہے ۔ شرما نے کہا کہ ثقافت اور تعلیم کی وزارتیں طلباء کو ہندوستان کے تہذیبی اقدار پڑھانے کے منصوبہ پر کام کررہی ہیں ۔

Union Minister's Remarks on Gita Lessons in school Irresponsible, Says AAP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں