آندھر کے ضلع راجمندری کے قریب ٹرک الٹنے پر 16 مزدور ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-15

آندھر کے ضلع راجمندری کے قریب ٹرک الٹنے پر 16 مزدور ہلاک

راجمندری
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری میں راجمندری کے قریب آج تعمیری اشیاء سے لدا ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجہ میں کم از کم16مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس واقعہ میں دوسرے آٹھ مزدور زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ 12ٹائروں والے ٹرک میں تعمیری اشیاء منتقل کی جارہی تھیں جس کے الٹنے کے نتیجہ میں مزدور بھی ملبہ کے نیچے دب گئے اور دم گھٹنے کے باعث ان کی موت واقع ہوگئی ۔ یہ مزدور اسی ٹرک میں سوار تھے۔ ضلع کلکٹر ایچ ارون کمار نے بتایا کہ تا حال سولہ نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع مغربی گودواری سے تعلق رکھنے والے یہ مزدور کام کے لئے ضلع مشرقی گوداوری جارہے تھے ۔ یہ ٹرک ضلع گنٹور کے موضع ڈچے پلی سے آرہاتھا۔ اس واقعہ میں آٹھ مزدور شدید زخمی ہوگئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے ۔ زخمیوں کو راجمندری کے سرکاری دواخانہ میں شریک کروایا گیا ۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور کو نیند لگ گئی اور یہ ٹرک اس کے قابوسے باہر ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد ٹرک کے دونوں ڈرائیو راور کلینر فرار ہوگئے تھے جو بعد ازاں پولیس کے روبرو خود سپرد ہوگئے ۔ اس ٹرک میں تقریبا35مزدور سفر کررہے تھے ۔ اب تک 32مزدوروں کی گنتی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باقی تین مزدوروں کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے جو ممکن ہے ملبہ کے نیچے دبے ہوئے ہوں گے ۔ ملبہ کی صفائی کا کام جاری ہے ۔ ضلع مشرقی گوداوری سے تعلق رکھنے والے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس دو لاکھ روپے ایکس گریشیا کی تقسیم کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سڑک حادثات کو ٹالنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں لیکن اوور اسپیڈ اور ڈرائیوروں کی عدم چوکسی کی وجہ سے اس قسم کے حادثات پیش آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ٹرک کی کسی دوسری گاڑی سے ٹکر نہیں ہوئی اور یہ گاڑی خود الٹ گئی ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ، ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی اور دوسرے قائدین نے ٹرک حادثہ میں مزدورں کی ہلاکت پر اظہا ر تعزیت کیا ۔ کلکٹر ضلع مشرقی گوداوری ارون کمار نے کہا کہ نعشوں کے عاجلانہ پوسٹ مارٹم اور نعشوں کو ورثا کے حوالے کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر داخلہ اور ڈپٹی چیف منسٹر این سی راجپا نے بھی حادثہ کے مقام کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع مشرقی گوداوری روی پرکاش بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا ۔

16 Labourers Killed As Truck Overturns In Andhra Pradesh's Rajahmundry District

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں