پیاز کی برآمدات پر پاپندی کا مثبت نتیجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-26

پیاز کی برآمدات پر پاپندی کا مثبت نتیجہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایشیا میں پیاز کی سب سے بڑی مارکٹ مہاراشٹرا کے لاسل گاؤں میں آج پیاز کی ٹھوک قیمتیں50روپے فی کلو سے نیچے پہنچ گئیں، جس کی ایک وجہ برآمدات پر پابندی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کا اندیشہ ہے ۔ ادھر کرناٹک اور آندھرا پردیش سے پیاز کی نئی فصل آنے کے بعد دہلی کی آزاد پور منڈی میں بھی پیاز کی ٹھوک قیمتوں میں تین تا پانچ روپے کی کمی آئی اور یہ آج53روپے فی کلو تک پہنچ گئیں۔ بہر حال ملک بھر میں پیاز کی ریٹیل قیمتیں80روپے فی کلو کے آس پاس ہی ہیں ۔ ناسک میں قائم نیشنل ہارٹیکلچرل ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (این ایچ آر ڈی ایف) کے مطابق لاسل گاؤں میں گزشتہ ہفتہ پیاز کی قیمت57روپے فی کلو تھی، جو اب گھٹ کر48.5روپے ہوگئی ہے۔ لاسل گاؤں ملک کی سب سے بڑی پیاز منڈی ہے ، جس کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین ہوتا ہے ۔ این ایچ آر ڈی ایف کے ڈائرکٹر آر پی گپتا نے بتایا کہ منڈیوں میں پیاز کی آمد میں اضافہ کے سبب قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ ناسک کے تاجرین نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پیاز کی برآمدات پر پابندی اور بر آمدی قیمت کو425امریکی ڈالر فی ٹن سے بڑھا کر700امریکی ڈالر فی ٹن کئے جانے کے بعد منڈیوں میں پیاز کی آمد میں اضافہ ہوگیا اور کسانوں اور تاجرین نے زیادہ اسٹاک خریدا۔ اس کے علاوہ ایم ایم ٹی سی کی جانب سے10ہزار ٹن پیاز کی درآمد اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اندیشوں کے سبب بھی مدد ملی ہے ۔ مرکز نے کل حکومت مہاراشٹرا سے کہا تھا کہ وہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرے اور مناسب اقدامات اٹھائے ۔ ملک میں پانچ لاکھ ٹن پیاز کی کمی کے سبب ریٹیل اور ہول سیل منڈیوں میں پیاز کی قیمت میں مسلسل اضافہ درج کیا جارہا تھا ۔ یہ اندیشہ بھی تھا کہ پیاز اگانے والی ریاستوں میں ناکافی بارش کے سبب جاریہ سال خریف کی فصل متاثر ہوگی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں