مرکزی حکومت آندھرا کے لئے روڈ میپ ترتیب دے گی - ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-26

مرکزی حکومت آندھرا کے لئے روڈ میپ ترتیب دے گی - ارون جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکز نے آج کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم نو ایکٹ کے تحت کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے ایک روڈ میاپ بنایاجائے گا اور فینانس کمیشن کی سفارشات پر نظر ثانی کرتے ہوئے ریاست کے خصوصی موقف دینے کے مسئلہ پر بھی حتمی غور کیاجائے گا۔ آندھرا پردیش چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی وزیرا عظم سے90منٹ تک ہوئی ملاقات کے بعد فینانس منسٹر ارون جیٹلی نے یہ بات کہی ۔ اس سے قبل ریاست کو خصوصی موقف دینے کے لئے بڑھتے دباؤ کے درمیان آندھرا پردیش چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈونے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فینانس منسٹر نے بتایا کہ نیتی آیوگ کے نائب چیر مین اروند پناگریا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریاستی حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے دفعات90,49اور94کے نفاذ یعنی پولا ورم آبپاشی پراجکٹ ، فینانس کمیشن ایوارڈ اور خسارہ کو دور کرنے کے اقدامات پر غور کریں ۔ فینانس منسٹر کے مطابق پنا گریا ریاستی حکام کے ساتھ ملاقات کر کے تقسیم ریاست کے وقت دی گئی مراعات کے نفاذ کے لئے ایک روڈ میا؛ تیار کریں گے جیسا کہ یہ ریاست کی ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے کیے وعدوں میں شامل ہیں ۔ اس ملاقات کے دوران نیتی آیوگ کے نائب چیر مین ، وزیر اعظم کے دفتر اور وزارت مالیات کے دفتر کے ملازمین بھی شریک تھے۔ واضح رہے کہ دفعہ13,46وین فینانس کمیشن کے تحت دی گئی مراعات، دفعہ90پولا ورم آبپاشی پراجکٹ اور دفعہ94معاشی خسارہ کو دور کرنے کے اقدامات سے متعلق ہے ۔ آندھرا پردیش کے لئے خصوصی موقف کے مطالبہ پر جیٹلی نے جواب دیا کہ اس سے متعلق تمام امکانات اور اسے فینانس کمیشن کی سفارشات سے ہم آہنگ بنانے کے موضوع پر بات ہوئی ہے اور پنا گریا ریاستی حکومت کے حکام سے ربط میں رہتے ہوئے اس تعلق سے حتمی فیصلہ لیں گے ۔ جیٹلی نے بتایا کہ وزیر اعظم کا نقطہ نظر تھا کہ ریاستی حکومت سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کے لئے درکار تعاون دیاجائے گا ۔ جیٹلی نے بتایا کہ بابو اور وزیر اعظم کے درمیان بات چیت دیڑھ گھنٹہ جاری رہی ۔ اس سے قبل دہلی میں آندھر اپردیش کے خصوصی نماندوں کے راما موہن راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ریاست کے صدر مقام کے سنگ بنیاد کے لئے وزیر اعظم کو مدعو کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آندھر اپردیش صدر مقام امراوتی کے سنگ بنیاد کی تقریب22اکتوبر کو ہوگی ۔ جب کہ سی پی آئی اور دیگر گروہوں نے11اگست کو ریاست کو خصوصی موقف دلانے کے تعلق سے بند منایاوہیں وائے ایس آر پارٹی نے28اگست کو اس تعلق سے بند منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بعد میں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے بارے میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست کو خصوصی موقف دینے کی شدید ضرورت اورریاست کے لئے خصوصی پیکیج پر بات چیت کی ۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بھی ملاقات کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے پر زور دیا ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ جتنی رقم کا مطالبہ کیاجارہا ہے اس سے زیادہ دی جائے گی۔ خصوصی موقف نہ دیاجانا ہماری مجبوری ہے ۔ رقم کسی بھی شکل میں ہوں دی جائے گی ۔ ہم مدد کرنے کی تائید میں ہیں ۔ وزیر اعظم بہت جلد اس کا اعلان کریں گے ۔ صرف طریقہ کار کو قطعیت دعینا باقی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ صدر مقام کی تعمیر میں مرکز کو90فیصد مدد کرنی چاہئے ۔ ریاست10فیصد خرچ کا بوجھ اٹھانے تیار ہے۔ صنعتوںں کی ترقی کے لئے70فیصدمرکز کو امداد دی جانی چاہئے ۔ حکومت کی جانب سے بہت جلد اس تعلق سے فیصلہ کیاجائے گا۔ آندھرا میں کوئی صنعت واقع نہیں ہے ۔ تمام صنعتیں نئی قائم کی جائیں گی۔

منصف نیوز بیورو کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وائی ایس آر کانگریس کے صدر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تلگو دیشم پر الزام عائد کیا کہ وہ سیما آندھرا عوام کو خصوصی موقف پر دھوکہ دے رہی ہے۔ انہوں نے29اگست کو ان کی پارٹی کی جانب سے منائے جانے والے بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بند ان کے لئے نہیں بلکہ ریاست اور اس کی عوام کے مستقبل کے لئے منایاجارہا ہے ۔ وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے کھوکھلے دعوے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ۔ چندرا بابو نائیڈوکو جھوٹے وعدے کرنے پر عوام کی جانب سے سزا دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی موقف سے زیادہ مرکزی فنڈس وصول ہوتے ہیں ۔ ٹیکسوں سے استثنیٰ حاصل ہوتا ہے جس سے سرمایہ کاری میں یقینی اضافہ ہوتا ہے ۔ اس طرح ریاست ترقی کرتی ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کرچکے ہیں جس کا کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوا۔

Centre to come up with 'roadmap' for Andhra Pradesh: Arun Jaitley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں