اروند کجریوال کا برقی بل 91 ہزار روپے کا نہیں - حکومت دہلی کی وضاحت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-01

اروند کجریوال کا برقی بل 91 ہزار روپے کا نہیں - حکومت دہلی کی وضاحت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی حکومت نے آج چیف منسٹر اروند کجریوال کی سرکاری قیام گاہ کے91ہزار روپے کے برقی بل کے مسئلہ پر بی جے پی کی تنقید کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ بل میں کیمپ آفس اور کامپلیکس میں وزیٹرس کے لئے مختلف سہولتوں کے برقی چارجس شامل ہیں ۔ حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ نمبر6فلیگ اسٹاف روڈ سیول لائنس میں چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ کا برقی بل لگ بھگ15ہزار روپے ہے۔ بی جے پی نے زائد برقی بل کے لئے کجریوال کو نشانہ تنقید بنایا تھا اور الزام عائد کی اتھا کہ وہ اپنے نجی آرام پر سرکاری رقم خرچ کررہے ہیں ۔ بی جے پی نے کہا تھا کہ کجریوال کے دو چہرے ہیں۔ ایک غریبوں کو دکھانے کے لئے اور دوسرا تمام سہولتوں سے استفادہ کے لئے ۔ کجریوال نجی استعمال کے لئے سرکاری رقم خرچ کررہے ہیں ۔ آر ٹی آئی درخواست کے جواب میں حکومت نے قبل ازیں کہاتھا کہ کجریوال کی قیام گاہ کا اپریل اور مئی کا برقی بل91ہزار روپے ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے بل کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے حکومت نے کہا کہ برقی اخراجات مارچ میں 17ہزار روپے ، اپریل میں7370روپے اور مئی میں22,690روپے رہے۔ وزیر برقی ستیندر جین نے کہا کہ رہائشی کامپلکس میں برقی کھپت کے دوسرے بل بھی یکجا کردئیے گئے ۔ دوارکا سے پارٹی رکن اسمبلی آدرش شاستری نے کہا کہ جس بل کے بارے میں بات ہورہی ہے وہ صرف چیف منسٹر کی رہائش گاہ کا نہیں ہے ۔ اس میں وہ مقام بھی شامل ہے جہاں وہ جنتا دربار منعقد کرتے ہیں اور دیگر دفاتر واقع ہیں ۔ رکن اسمبلی راجوری گارڈن جرنیل سنگھ نے کہا کہ کجریوال عوام کے چیف منسٹر ہیں ، جس ہال میں وہ جنتا دربار منعقد کرتے ہیں وہاں روزانہ تقریبا300افراد ان سے ملاقات کے لئے آتے ہیں ۔ کیا ان لوگوں کو بغیر پنکھوں کے وہاں بٹھانا ٹھیک ہوگا؟

Arvind Kejriwal's Personal Power Bill not Rs. 91000, Says AAP Government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں