گیلانی رمضان المبارک میں چوتھی بار بھی نماز جمعہ کی ادائیگی سے محروم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-11

گیلانی رمضان المبارک میں چوتھی بار بھی نماز جمعہ کی ادائیگی سے محروم

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں بزرگ علیحدگی پسند رہنما اور حریت چیر مین سید علی گیلانی بدستور اپنے گھر میں نظر بند ہیں اور انہیں آج رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں مسلسل چوتھی بار مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روکا گیا ۔ ان کے گھر پر آج اضافی فورس تعینات کردیے گئے جو کسی بھی امکانی نقل و حمل کو روکنے کے لئے پورا دن یہاں ڈیوٹی دیتے رہے اور آنے جانے والوں سے پوچھ تاچھ کرتے رہے ۔ حریت ترجمان ایاز اکبر نے گیلانی کو ماہ صیام میں نماز پڑھنے سے روکنے کو ریاستی دہشت گردی اور مذہبی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ یہاں جاری ایک بیان میں حریت ترجمان نے کہا کہ گیلانی پ چھلے85دن سے مسلسل اپنے گھر میں قید کرلئے گئے ہیں اور ان کی سیاسی، سماجی، نجی یہاں تک کہ مذہبی سر گرمیوں پر بھی مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پولیس سربراہ کے راجندرا کے اس بیان کہ گیلانی آزاد شخص ہیں کو آزمانے کے لئے حریت چیر مین نے پچھلی جمعہ23جولائی کو اننت ناگ میں نماز پڑھنے کا اعلان کیا تھا ، البتہ انہیں گھر سے نکلنے کی کوشش میں گرفتار کرکے پولیس تھانہ ہمہمامہ میں نظر بند کیا گیا ۔ بعد میں گیلانی کو تھانے سے لاکر اگرچہ دوبارہ گھر میں قید کرلیا گیا ہے ، البتہ جب سے ان کے گھر پر زیادہ چوکسی برتی جارہی ہے اور پولیس اب ان کی رہائش گاہ کے چاروں طرف ڈیوٹی پر لگادی گئی ہے ۔

Geelani barred from offering Friday prayers again

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں