کانگریسی وزرائے اعلیٰ کا اجلاس - مرکزی حکومت پر راہل گاندھی کی سخت تنقید کی توقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-08

کانگریسی وزرائے اعلیٰ کا اجلاس - مرکزی حکومت پر راہل گاندھی کی سخت تنقید کی توقع

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سیاسی منظر سے56دن غائب رہنے کے بعد واپسی پر راہول گاندھی کے جارحانہ انداز ہنوز جاری ہیں۔ راہل گاندھی منگل کو اپنی پارٹیی کی ریاستی حکومتوں کے وزرائے اعلیٰ کی کانفرنس میں نریندر مودی حکومت پر حملہ تیز کرسکتے ہیں ۔ وزرائے اعلیٰ کا اجلاس ایسے وقت ہورہا ہے جب راہل گاندھی نے تحویل اراضی بل سے لے کر ریئل اسٹیٹ بل جیسے کئی مسائل پر این ڈی اے حکومت کو گھیر رکھا ہے ۔ راہل گاندھی ایک بار پھر شاید سوٹ بوٹ کی حکومت کو نشانہ بنائیں گے ۔ خاص طور پر غیر بی جے پی والی ریاستوں میں پیش آرہی دقتوں اور کسانوں کے بحران کو لے کر وہ مرکزی حکومت کو گھیریں گے ۔ کل ہند کانگریس کمیٹی نے اگرچہ کانفرنس کا ایجنڈا ابھی عوامی نہیں کیا ہے لیکن بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی طرف سے مبینہ طور پر سماجی شعبے کو نظر انداز اور کسانوں کے مسائل کے تشخیص میں ناکامی ایسے کچھ مسائل ہیں، جن پر کانفرنس میں اہم بحث ہوسکتی ہے۔ گزشتہ سال مئی میں لوک سبھا انتخابات میں کراری شکست کا سامنا کرنے کے بعد کانگریس کے وزرائے اعلیٰ کا یہ پہلا اجلاس ہوگا ۔ کانگریس ارونا چل پردیش ، میگھالیہ، آسام، میزورم، منی پور ، کرناٹک، کیرالا، اترا کھنڈ اور ہماچل پردیش میں اقتدار میں ہے ۔ آسام اور کیرالہ میں اسمبلی انتخابات اگلے سال مجوزہ ہیں ، ایسے میں کانگریس انتخابی حکمت عملی کو لے کر کانفرنس میں بحث کرسکتی ہے ۔ پارٹی کی1998سے کمان سنبھال رہی صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعلیٰ کا اجلاس کرانے کی روایت شروع کی ۔ اس وقت کانگریس مرکز میں اپوزیشن میں تھی ۔ ماٹ ابو، گوہاٹی، دہلی اور سری نگر میں اس طرح کی کانفرنس ہوچکی ہیں ۔ کانگریس صدر نے کانفرنس ایسے وقت میں بلائی ہے جب تنظیمی انتخابات اور راہل گاندھی کو پارٹی کی کمان سونپنے میں تاخیر ہوئی ہے ۔ راہل کو جنوری2013میں جے پور چنتن کیمپ کے دوران پارٹی نائب صدر بنایا گیا تھا۔ راہل کو پارٹی صدر بنائے جانے کے بارے میں کانگریس ورکنگ کمیٹی اور کل ہند کانگریس کمیٹی کی میٹنگوں کو لے کر پارٹی اعلی کمان خاموشی سادھے ہے اگرچہ پارٹی کا ایک طبقہ مانتا ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کے بعد ایسا ہوسکتا ہے۔ ایک سینئر پارٹی لیڈر نے بتایا کہ وزرا اعلیٰ کی کانفرنس سے یہ پیغام جاسکتا ہے کہ راہل کا صدر بننا اب کچھ وقت کی بات ہے ۔ چھٹی سے واپس لوٹنے کے بعد راہل مسلسل مودی حکومت پر حملے بول رہے ہیں ۔ خاص طور پرکسانوں کے معاملے پر وہ پوری طرح جارحانہ ہیں ۔

Rahul to sharpen attack on Modi at Congress CMs' meet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں