واجپائی کو بنگلہ دیش کا باوقار جنگ آزادی اعزاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-08

واجپائی کو بنگلہ دیش کا باوقار جنگ آزادی اعزاز

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش نے آج ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو اپنے ملک کے باوقار جنگ آزادی اعزاز سے نوازااور اعلان کیا کہ بہت جلد وہ اس کی آزادی کے لئے جان قربان کرنے والے ہر ہندوستانی سپاہی کو اعزاز عطا کرے گا ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مودی نے دونوں ممالک کے حکومتوں اور عوام سے اس عہد کی خواہش کی کہ ان کی دوستی کے بندھن کو کوئی دباؤ نہیں توڑے گا اور نہ ہی وہ کسی سفارت کے زیر اثر آئیں گے ۔ جدو جہد آزادی میں ان کے سر گرم رول اور ہندوستان کے ساتھ دوستی کے فروغ کے حوالہ سے واجپائی کو یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ صدر عبدالحمید نے یہ اعزاز دورہ کنندہ وزیر اعظم نریندر مودی کو صدارتی محل میں منعقدہ ایک پر اثر تقریب میں حوالہ کیا جس میں وزیر اعظم شیخ حسینہ اور سرکردہ عہدیدار موجود تھے ۔ مودی نے90سالہ واجپائی کے حق میں جو بستر علالت پر ہیٰں ، ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد کہا کہ آج کا دن تمام ہندوستانیوں کے لئے باعث فخر ہے جب کہ ہندوستان کے عظیم لیڈر اٹل بہاری واجپائی کو اعزازدیاجارہا ہے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی ملک کی خدمت کے لئے وقف کردی اور عام آدمی کے حقوق کے لئے لڑتے رہے ۔ سیاسی نقطہ نظر سے وہ مجھ جیسے سیاسی کارکنوں کے لئے عزم و حوصلہ کا باعث ہے ۔ مودی نے6دسمبر1971کو پارلیمنٹ میں کی گئی واجپائی کی تقریر کے الفاظ یاد کرتے ہوئے کہا : ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی ایک ایسے بندھن کی طرح ہے جو کسی دباؤ کے تحت نہیں ٹوٹے گا اور نہ ہی کسی ڈپلومیسی سے متاثرہوگا۔مودی نے کہا کہ اگرچہ وہ سیاست میں تاخیر سے داخل ہوئے لیکن ان نوجوان جہد کاروں میں سے ایک ہیں جو1971میں بنگلہ دیش کو آزاد کرانے ستیہ گرہ کے لئے واجپائی کی اپیل کے جواب میں دہلی پہونچے ۔ وزیر اعظم بنگلہ دیش کے دو روزہ دورہ پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگریہ اعزاز حاصل کرنے واجپائی بذات خود یہاں موجود ہوتے تو خوب ہوتا ۔ شیخ حسینہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ بنگلہ دیش کی آزادی کی جدو جہد میں واجپائی کی سر گرمیوں کا نمایاں رول تھا۔ انہوں نے مودی کو واجپائی کا اہل جانشین اور واجپائی کی ہی طرح بنگلہ دیش کا عظیم دوست قرار دیا ۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی جدو جہد آزادی میں ہندوستان کی مددکا اعتراف کیا اور یاد کیا کہ اس وقت بنگلہ دیشیوں کو ہندوستانیوں نے پناہ دی تھی ۔

Bangladesh confers Award of Liberation War Honour on Atal Bihari Vajpayee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں