بی جے پی انتقام کی سیاست کر رہی ہے - راہل گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

بی جے پی انتقام کی سیاست کر رہی ہے - راہل گاندھی

امیٹھی
ایس این بی
کانگریس کے قومی نائب صدر راہل گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقہ امیٹھی کے تین روزہ دورے کے دوسرے دن آج منگل کو ترقیاتی بلاک سنگرام پور کے موضع کسارا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی نریندر مودی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتقام کی سیاست کررہی ہے اور اس نے امیٹھی سے میگا فوڈ پارک چھین کر کسانوں کا بہت بڑا نقصان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صرف امیٹھی کا ہی نقصان نہیں ہوا ہے بلکہ نواحی اضلاع کے کسان بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میگا فوڈ پارک سے40کارخانوں میں ایسے سبھی پروڈکٹ ہوتے جو براہ راست عالمی بازار سے جوڑتے لیکن بی جے پی حکومت نے کسانوں کا یہ خواب چکنا چور کردیا۔ راہل نے کہا کہ اگر بی جے پی کو انتقام لینا ہے تووہ مجھ سے لے لیکن کسان، مزدور اور غریبوں کو نقصان نہ پہنچائے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ غریبوں ،مزدوروں اور کسانوں کے لئے کام کرے ۔راہل نے کہا کہ حکومت کسان مزدور اور کمزور طبقات کی ہونی چاہئے اور میں چاہوں گا کہ حکومت سب کے لئے کام کرے تاکہ عام آدمی خوشحال رہے ۔ راہل گاندھی نے اپنے ذریعہ کرائے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مخالفین کہتے تھے کہ ملک کی ساری ترقی امیٹھی میں ہورہی ہے لیکن اب وہی لوگ کہتے ہیں کہ امیٹھی میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ راہل نے سوال کیا کہ وہ لوگ پہلے جھوٹ بول رہے تھے یا اب جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے امیٹھی کے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیٹھی شاہ گنج ریلوے لائن، امیٹھی رائے بریلی ریلوے لائن ، دوہرا کرنا، ہندوستان پیپرمل، گن فیکٹری، سیل ، سی آر پی ایف سنٹر جیسے کامون سے کون انکار کسکتا ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے ایم پی فنڈ سے تعمیر48پروجیکٹ عوام کو معنون کیے ۔ انہوں نے آج منگل کو صبح منشی گنج واقع سنجے گاندھی گیسٹ ہاؤس میں کانگریس کارکنوں سے ملاقات کے ساتھ اپنے پروگراموں کا آغاز کیا ۔ یہ سلسلہ سہ پہر ایک بجے تک جاری رہا ۔ اس کے بعد راہل گاندھی موضع کسارا پہنچے۔ جہاں انہوں نے ایک برات گھر کا افتتاح کرنے کے بعدجلسہ عام سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر کام کرانے والے ادارے دیہی انجینئرنگ سروس کے ایگزیکٹیو انجینئر ضلعدار خاں نے کاموں پر روشنی ڈالی ۔

Rahul Gandhi targets BJP over 'politics of revenge'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں