ملالہ پر حملہ - 10 عسکریت پسندوں کو 25 سال کی جیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-02

ملالہ پر حملہ - 10 عسکریت پسندوں کو 25 سال کی جیل

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان کی ایک عدالت نے بچیوں کی تعلیم کے لئے سرگرم نوبل انعام یافتہ کارکن ملالہ یوسف زئی پر حملہ میں ملوث10عسکریت پسندوں کو25سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ شدت پسندوں نے کمسن طالبہ ملالہ یوسف زئی کو اکتوبر2012ء میں اس وقت فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا جب وہ اسکول سے واپس گھر جارہی تھیں۔ پاکستان میں ابتدائی علاج کے بعد انہیں برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا جہاں صحت یابی کے بعد وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اس حملہ کی ذمہ داری ممنوعہ تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی ۔ جمعرات کو سوات کی ایک انسداد دہشت گرد ی کی عدالت نے10افراد کے خلاف سزاسنائی جو اس حملے میں ملوث گرفتار افراد کے خلاف پہلا عدالتی فیصلہ ہے ۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی، رائٹر کو ایک پولیس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سزا پانے والوں میں براہ راست حملہ کرنے والے شامل نہیں لیکن ان افراد نے اس حملے میں منصوبہ سازی اور معاونت کی تھی ۔ گزشتہ ستمبر میں پاکستانی فوج نے بتایا تھا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنے والے شوری نامی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا اور یہ گروہ ممنوعہ تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی ہدایت پر کارروائیاں کرتا تھا ۔ باور کیاجاتا ہے کہ ملالہ پر فائرنگ کرنے والے دو شدت پسند سرحد پار افغانستان میں روپوش ہیں۔ ملالہ یوسفزئی اب دنیا بھر میں بچیوں کے حق حصول تعلیم کے لئے کوشاں ہیں اور ان کی خدمات اور کاوشوں پر امن کے نوبل انعام کے علاوہ انہیں بے شمار بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جاچکا ہے ۔

Pakistani court jails 10 for role in Malala attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں