جنتا پریوار کے انضمام میں کوئی تیکنیکی رکاوٹ نہیں - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

جنتا پریوار کے انضمام میں کوئی تیکنیکی رکاوٹ نہیں - نتیش کمار

پٹنہ
یو این آئی
بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتادل یونائیٹیڈ کے سینئر لیڈر نتیش کمار نے آج کہا کہ جنتا پریوار کے انضمام میں انہیں کوئی تکنیکی رکاوٹ دکھائی نہیں پڑتی اور اس معاملے میں آخری فیصلہ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی صدارت میں اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں ہونے والی7رکنی کمیٹی کی میٹنگ میں لیا جائے گا ۔ نتیش کمار نے اپنے سرکاری رہائش گاہ میں منعقد جنتا دربار میں عوام کے مسائل سننے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ جنتا پریوار کے انضمام میںکوئی تکنیکی اڑچن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو کا انضمام کے معاملے میں ایک بیان آیا تھا جو ان کی ذاتی رائے تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ ماہ نئی دہلی میں جنتا پریوار میں شامل 6پارٹیوں کے انضمام کا اعلان کیا گیا تھا اور اس کے بعد بننے والی نئی پارٹی کا صدر سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کو بنائے جانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ انضمام کی خانہ پری کرنے کے لئے تمام6پارٹیوں کے صدور کی ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جس کے صدر ملائم سنگھ یادو بنائے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کی میٹنگ اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں ہوگی ۔ انہوں کہا کہ اس میٹنگ میں انضمام کے متعلق کوئی فیصلہ لیاجائے گا۔ نتیش کمار نے کہا کہ گزشتہ ماہ دہلی میں25تاریخ کو انضمام کے سلسلے میں ملائم سنگھ یادو سے ان کی بات چیت طے تھی لیکن زلزلے آنے کی وجہ سے انہیں پٹنہ لوٹنا پڑا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے ساتھ نئی دہلی میں ان کی ملاقات کو لے کر لوگ یہ کہتے ہیں کہ راشٹریہ جنتادل کے صدر لالو پرساد یادو کو اس سے پریشانی ہوتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ مسٹر یادو اس سے پریشان نہیں ہوتے بلکہ بی جے پی کے لیڈر ہی زیادہ پریشان ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر یادو سب کچھ جانتے ہیں اس لئے ان کے پریشان ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔ راشٹریہ جنتادل اور جنتادل یو کے درمیان بہار لیجسلیٹیو کونسل کے انتخاب کے سلسلے میں 24سیٹوں پر پہلے سے ہی معاہدہ ہوگیا ہے ۔ اس معاہدے کے مطابق آر جے ڈی اور جے ڈی یو 12.12سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے ۔ اسی طرز پر یہ مانا جارہا ہے کہ بہار اسمبلی کی243سیٹوں پر دونوں پارٹیاں100-100سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی اور بقیہ43سیٹیں کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے لئے چھوڑ دی جائیں گی ۔

No 'technical glitch' in Janata Parivar merger: Nitish Kumar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں