آئی ایس آئی اور افغان انٹلیجنس کے درمیان معاہدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

آئی ایس آئی اور افغان انٹلیجنس کے درمیان معاہدہ

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان اور افغانستان کے خفیہ اداروں کے درمیان دہشت گردی کے خلاف انٹلی جنس کے تبادلے اور مشترکہ آپریشن کا تاریخی اور اپنی نوعیت کا منفرد معاہدہ طے پایا گیا ہے ۔ دونوں ممالک کے خفیہ اداروں کے درمیان ہونے والا اپنی نوعیت کا یہ پہلا منفرد معاہدہ ہے جو پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف ، پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کے گزشتہ ہفتے افغانستان کے دورے کے دوران طے پایا ہے ۔ اس دورے کے دوران پاکستانی حکومت نے طالبان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جانب سے کی جانے والی کوئی بھی کارروائی دہشت گردی تصور کی جائے گی ۔ خیال رہے کہ افغان ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے جرگے میں پاکستان اور افغان خفیہ اداروں کے درمیان ہونے والے معاہدے پر شدید تنقید ہوئی تھی جس کے حوالے سے پاکستانی میڈیا میں خبریں آنا شروع ہوگئی تھیں ، جس پر پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ معاہدہ گزشتہ ہفتہ ہونے والے دورے کے دوران طے پایا ہے ۔ پاک فوج کے ترجمان اور محکمہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہاہے کہ پاکستان کی آئی ایس آئی اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے درمیان دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے انٹلیجنس تبادلہ اور اپنی اپنی سر زمین پر مشترکہ آپریشن کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط ہوئے ہیں ۔ افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان اجمل عابدی نے افغانستان کے نشریاتی ادارے ٹولو نیوز کو بتایا ہے کہ معاہدے کا مقصد دہشت گردی سے مشترکہ طور پر نمٹنا ہے ۔ ٹولو نیوز کے مطابق افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی کے دور صدارت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایسا کوئی معاہدہ موجود نہیں تھا۔ معاہدے کے تحت دونوں خفیہ ادارے انسداد دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں ایک دوسرے کو مدد فراہم کریں گے اور دہشت گردوں سے مشترکہ تفتیش بھی کرسکیں گے ۔ آئی ایس آئی افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کو ضروری آلات اور ان کے اہلکاروں کو ٹریننگ بھی فراہم کرے گی ۔ سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان بلکہ ان کے سیکوریٹی اداروں اور خفیہ اداروں کی اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات کو بھی نیا اعتماد حاصل ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پشاور کے آرمی اسکول میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں بچوں سمیت145سے زائد لوگوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات شروع کیے تھے ۔ واقعہ کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے اپنے اپنے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فوری آپریشن بھی شروع کیے گئے تھے، جس میں دونوں ممالک کی سیکوریٹی فورسز کی جانب سے سینکڑوں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔

Pak's ISI, Afghan spy agency NDS sign MoU on intelligence sharing

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں