ریاست بہار میں زلزلہ سے 51 ہلاکتیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-27

ریاست بہار میں زلزلہ سے 51 ہلاکتیں

پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا ہے کہ کل کے زلزلہ میں ان کی ریاست میں50افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ انہوں نے سرکاری عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریلیف کا کام جنگی خطوط پر انجام دیاجائے ۔ ریاستی سکریٹریٹ میں سکریٹری سطح کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تازہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کل کے طاقتور زلزلہ میں50افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ سے متعلق واقعہ میں سمستی پور ضلع میں ایک جان گئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ عہدیداروں کو ہدایت دے چکے ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں جنگی خطوط پر ریلیف کا کام کیاجائے، جس کے لئے تمام وزراء اور سکریٹریز متعلقہ اضلاع میں پڑاؤ ڈالیں گے ۔ اسی کے ساتھ جاریہ سال فروری اور مارچ میں غیر موسمی بارش کے متاثرین کو بھی راحت پہنچانے کا کام کیاجائے گا ۔ گزشتہ چند ماہ میں آفاتِ سماوی سے متاثرہ لوگوں کی تکالیف دور کرنے یہ طے کیا گیا ہے کہ کنٹل اجناس اور5ہزار800روپئے کی فوری امداد ہر متاثرہ خاندان کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو4لاکھ روپے ایکس گریشیا دی جارہی ہے ۔ فصلوں اور مکانوں کوکتنا نقصان پہنچا ہے اس کا اندازہ لگایاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ اور دیگر آفات سماوی سے حال میں جن لوگوں کے مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ان کی امداد ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ سے کی جائے گی ۔ بہار میں زلزلہ کے بعد تباہ مکانات کی تعمیر و مرمت کے تعلق سے چیف منسٹر نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے عہدیدار حکومت کے تمام سیول انجینئرس کو تربیت دیں گے ۔ چیف منسٹر نے میڈیا کی بھی ستائش کی کہ اس نے آفات سماوی کے موقع پر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی ۔ پڑوسی ملک نیپال کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکز کی امداد کے علاوہ وہاں زلزلہ متاثرین کو جو بھی امداد درکار ہووہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نیپال کے لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست کی سرحد نیپال سے متصل ہے ۔ دونوں علاقوں کے عوام عرصہ دراز سے ساتھ ساتھ رہتے آئے ہیں جس کا تقاضا ہے کہ ہم بھی انسانی امداد بہم پہنچائیں ۔ ابتداء میں ریاست کی میڈیکل ٹیمیں جو سرحدی اضلاع میں تعینات ہیں ، نیپالی شہریوں کا بھی علاج کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تیار غذا کے پیکٹ متاثرین کو بھیجے جائیں گے جو دو کلو چڑوا( 250گرام شکر اور نمک پر مشتمل ہوں گے۔ نتیش کمار نے کہا کہ ایسے15ہزار پیکٹ بیٹیا(مغربی چمپارن) میں پیک کئے جارہے ہیں ، جنہیں زلزلہ متاثرین میں تقسیم کے لئے نیپال بھیج دیاجائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ بہار کے لوگوں کی بڑی تعداد جن میں طلباء بھی شامل ہیں ، نیپال میں پھنسی ہوئی ہے ۔ انہیں وہاں سے لانے کے لئے براہ کسول بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عملہ ان بسوں کے ساتھ جائے گا۔ ریاستی حکومت نے نیپال سے متصلہ اضلاع میں چار بیس کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نتیش کمار نے یہ بھی پیشکش کی کہ انجینئروں اور ٹیکنیشین کی ایک ٹیم نیپال بھیجی جائے گی ، تاکہ وہ وہاں برقی کی سربراہی بحال کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان انجینئروں کے ساتھ برقی کھمبے اور ٹرانسفارمر بھی بھیج سکتے ہیں ۔

Nepal earthquake: Death toll in Bihar mounts to 51, over 170 injured

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں