مجلس مہارشٹرا کے ہر الیکشن میں حصہ لے گی - صدر مجلس اسد الدین اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-27

مجلس مہارشٹرا کے ہر الیکشن میں حصہ لے گی - صدر مجلس اسد الدین اویسی

ممبئی
پی ٹی آئی
اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن میں شاندار مظاہرہ کرنے والی مجلس اتحاد المسلمین اب ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لئے تیاری کررہی ہے جہاں وہ بی جے پی اور شیو سینا کے زعفرانی اتحاد سے مقابلہ کرے گی ۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کو ملک کی سب سے بڑی بلدیہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ شیو سینا کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ ایم آئی ایم مسلم اور دلت رائے دہندوں کے دماغوں کو زہر آلود کررہی ہے، پارٹی کے صدر اسد الدین اویسی نے الزام عائد کیا کہ حقیقی زہر تو شیو سینا کے قائدین پھیلا رہے ہیں ، جو یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ہندوستان کے مسلمانوں سے رائے دہی کا حق چھین لینا چاہئے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو کررہے ہیں انہیں کرنے دیجئے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گزشتہ6ماہ کے دوران مہاراشٹرا میں یا10ماہ کے دوران دہلی میں ان پارٹیوں نے کیا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ گزشتہ کئی برسوں سے اورنگ آباد بلدیہ زعفرانی جماعتوں کے قبضہ میں ہے ۔ اورنگ آباد کے نتائج یہ طاہر کرتے ہیں کہ میرے یا میری پارٹی کے خلاف جو زہر افشانی کی جارہی ہے اس سے ان جماعتوں کو مزید کوئی سیاسی فائدہ ہونے والا نہیں ہے ۔ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے اورنگ آباد میں شاندار شروعات کی ہے اور حالیہ منعقدہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں113کے منجملہ 25نشستوں پر قبضہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ہاتھوں شیو سینا کو جو ذلت اٹھانی پڑی ہے وہ اسے بھی ابھی تک ہضم نہیں ہورہی ہے اور کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی زیر قیادت پارٹی، ایم آئی ایم اور اس کی حلیفوں پر اپنا غصہ نکال رہی ہے ۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ انتخابات کے دوران زعفرانی پارٹیوں نے یہ کہہ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی کہ اورنگ آباد پر پاکستان کا پرچم لہراؤں گا ۔ میری قوم پرستی پر سوال اٹھانے کا حق انہیں کس نے دیا۔ اگر میں آر ایس ایس اور شیو سینا کی مخالفت کرتا ہوں تو کیا میں مخالف قوم اور موافق پاکستانی کہلاؤں گا ۔ یہ کون سی قوم پرستی ہے۔ اگر ہم سیاسی طور پر شیو سینا، آر ایس ایس اور بی جے پی کی مخالفت کرتے ہیں تو قوم پرستی کا سوال کھڑا کردیاجاتا ہے ۔ حیدرآباد سے نمائندگی کرنے والے45سالہ رکن پارلیمنٹ نے اورنگ آباد کے انتخابات سے حوصلہ پاتے ہوئے کہا کہ اب وہ ریاست میں ہونے والے مزید انتخابات میں حصہ لیں گے اور عوام کے مسائل اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں ہونے والے ہر انتخابات میں مجلس حصہ لے گی اور عوام کے مسائل کو حل کرے گی۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ اورنگ آباد میں مجلس واحد سیاسی جماعت تھی جس نے ڈرینج ، پانی، سڑکوں اور بیت الخلاء وغیرہ کے مسائل پر انتخابات لڑے ہیں۔ شیو سینا کو یہ بتانا چاہئے کہ اس نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران یہاں کیا کام انجام دیا ہے ۔ اب شیو سینا کو محتاط ہوجانا چاہئے کیونکہ ایم آئی ایم، بی ایم سی کے انتخابات میں حصہ لینے جارہی ہے ۔ اب لوگوں نے دوسروں کو بدنام کرتے ہوئے ووٹ مانگنے والوں کو مسترد کرنا شروع کردیا ہے ۔ ہم انہیں بتائیں گے کہ حقیقت میں سیاست کا کیا مطلب ہے ۔ آپ صرف ہندو توا کے ایجنڈہ پر انتخابات نہیں جیت سکتے ۔ آپ کو ہر ایک کے لئے ترقی کو لازمی بنانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم سی کے انتخابات2017ء میں ہونے والے ہیں اور شیو سینا نے ابھی سے زہر افشانی کرنا شروع کردی ہے ۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے مسلمانوں سے رائے دہی کا حق چھین لینے کا مطالبہ کیا ہے اگر وہ اپنا رویہ نہیں بدلین گے تو یہ ان کے خاتمہ کی شروعات ہے ۔
شیو سینا اور بی جے پی کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسد الدین اویسی نے سوال کیا کہ اورنگ آباد میں ان پارٹیوں نے کیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ مراٹھواڑہ علاقہ میں ہونے کے باوجود اس ضلع کی ترقی کے لئے کوئی کام انجام نہیں دیا گیا ۔ کارپوریشن میں بد عنوانیوں کا دور دورہ ہے ۔ انہیں سمجھنا چاہئے کہ موثر حکومت چلانا ضروری ہے اور وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ایم آئی ایم کے6دلت امیدوار کامیاب ہوئے اور سوال کیا کہ شیو سینا کے کتنے دلت امید وار کامیاب ہوئے ہیں ۔ اسد اویسی نے کہا کہ ایم آئی ایم نے کئی دلتوں کو اپنا امید وار بنایا جب کہ شیو سینا ایک بھی مسلمان کو اپنا امیدوار نہیں بناسکی ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شیو سینا، بی جے پی پر اعتماد نہیں کیاجاسکتا اور آپ مسلمانوں سے صرف اس لئے رائے دہی کا حق نہیں چھین سکتے کیونکہ وہ آپ پر اعتماد نہیں کرتے۔ اسد اویسی نے کہا کہ اگر میں رائے دہندوں کے ذہنوں کو زہر آلود کررہا ہوں جس کا کہ مجھ پر بار بار الزام لگایاجارہا ہے تو کیوں شیو سینا اس کے اثر کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ زعفرانی اتحاد مرکز میں دس مہینے کی حکمرانی کے دوران لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا اور دعویٰ کیا کہ ایم آئی ایم پارلیمانی جمہوریت میں مسابقت پیدا کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے نوجوان بڑی تعداد میں ایم آئی ایم کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔

MIM gearing up for BMC polls, says Sena spewing "real venom", Owaisi told PTI in an interview

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں