حکومت دیہی باشندوں کے مفادات کے عہد کی پابند - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-23

حکومت دیہی باشندوں کے مفادات کے عہد کی پابند - مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے متنازعہ حصول اراضی بل سے متعلق کاشتکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں افواہوں اور جھوٹی باتوں میں آکر گمراہ نہ ہونے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے ساتھ ہی اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سیاسی مفادات کی خاطر انتشار اور الجھن کا ماحول بنانے کا الزام عائد کیا ۔ حکومت2013ء کے قانون حصول اراضی میں ترمیم کی خواہاں ہے جس کے حوالہ سے اپوزیشن کے نشانہ پر بھی ہے ۔ نریندر مودی نے یہ اصرار بھی کیا کہ مجوزہ نیابل، دیہی باشندوں اور کسانوں کے مفادات میں ہے۔ تحویل اراضی بل لوک سبھا میں منظوری کے بعد راجیہ سبھا میں مخالفت کا شکار ہے ۔ ماہانہ ریڈیو پروگرام ، من کی بات، کے دوران انہوں نے اس مسئلہ پر صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئے بل سے پرانے قانون کے نقائص کا ازالہ ہوتا ہے کیونکہ پرانا قانون وضع کرنے میں جلد بازی سے کام لیاگیا تھا۔ وزیر اعظم نے تاہم اپنے موقف کا مکرر اعادہ کیا کہ کاشتکاروں کے مفادات کے پیش نظر کوئی بھی تجویز قبول کرنے تیار ہے ۔30منٹ پر مشتمل پروگرام میں نریندر مودی نے وضاحت کی کہ ریاستوں نے2013ء کے حصول اراضی بل میں ترامیم کی تائید کی ہے تاہم اگر کوئی ریاست پرانے قانون پر عمل آوری کی خواہاں ہو تو اسے مکمل آزادی اور اختیار حاصل ہے۔ کانگریس کو پس پردہ ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ خود کو کسانوں کا ہمدرد ظاہر کرنے والے اور احتجاج کرنے والے حصول اراضی سے متعلق120سالہ قدیم قوانین پر عمل کرتے ہوئے60یا65برسوں سے دیہی باشندوں اور کاشتکاروں سے اراضی حاصل کررہے ہیں اور اب ان کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جو2013کے قانون مین بہتری کے لئے ترامیم کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ نئے قانون میں بھی پرانے قانون کے مطابق معاوضہ کی گنجائش برقرار رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کردیا کہ قانون میں ترمیم در حقیقت کارپوریٹ کو فائدہ رسانی سے مختص ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس بات پر حیرت زدہ ہوں کہ اس سے متعلق افواہیں اور غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں۔ حصول اراضی بل کے ذریعہ کسانوں کو فائدہ پہنچانا میرا نصب العین ہے ۔ اور اس سلسلہ میں میں اپنے تمام کسان بھائیوں سے ان غلط فہمیون اور افواہوں کی بنیاد پر فیصلہ نہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں ۔ آپ ہم پر بھروسہ کریں ، میں کبھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچنے نہیں دو گا۔ ہم کسانوں کو فائدہ پہنچانے سے عہد بستہ ہیں ۔ افواہیں تو یہ بھی پھیلائی جارہی ہیں کہ مودی، کسانوں کو معاوضہ کی رقم کم کرنے کے لئے نیا قانون متعارف کرنے کے خواہاں ہیں ۔ میں ایسے گناہ کا تصور بھی نہیں کرسکتا ۔ ایسی افواہوں کے ذریعہ سیاسی فائدے کشید کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہم آپ کو اس کی آنچ سے محفوظ رکھنے کی درخواست کرتا ہوں ۔

PM Modi Decries Land Bill 'Lies'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں