ہند لنکا تعلقات تاریخی نسلی و تہذیبی رشتوں پر مبنی - صدر سری لنکا سری سینا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-18

ہند لنکا تعلقات تاریخی نسلی و تہذیبی رشتوں پر مبنی - صدر سری لنکا سری سینا

نئی دہلی
یو این آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج سری لنکا کے اپنے ہم منصب میتری پالا سری سینا کو گزشتہ ماہ انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی تعلقات کو نئی راہوں پر چلنے کا موقع ملا ہے ۔ پرنب مکرجی نے صدر سری سینا کی جانب سے اپنے پہلے بیرونی دورہ کے لئے ہندوستان کے انتخاب کی ستائش کی ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں سری سینا کی جیت سے انہیں اپنے ملک کے مختلف طبقات کی طرف سے جو تعاون ملا، اس سے اپنے جمہوری قیادت کو مضبوط کرنے کے تئیں سری لنکا کے عوام کی خواہش کا پتہ چلتا ہے ۔ سری سینا کی انتخابی جیت پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان سری لنکا کے دو طرفہ تعلقات کو ایک نئی سمت دی جائے ۔ دنیا بھر میں سب سے بڑے جمہوری ملک کی حیثیت سے ہندوستان اپنے پڑوس مین جمہوریت کو مضبوط کرنے کے عمل کی زبردست ستائش کرتا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں اور یہ عوام کا عوام سے زبردست رابطہ کے ساتھ ساتھ مشترکہ تاریخی ، ثقافتی، نسلی اور تہذیبی رشتوں پر مبنی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک پروسی ملک کی حیثیت سے ہندوستان نے انتہائی دلچسپی کے ساتھ سری لنکا میں ہونے والی پیشرفت کا مشاہدہ کیا ہے ۔ سری لنکا میں ٹامل اقلیتوں کے مسائل معنی خیز اور دیر پا حل تلاش کرنے کے لئے2009میں مسلح تصادم کا خاتمہ ایک تاریخی لمحہ تھا ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت5بلین امریکی ڈالر سے زائد ہے ۔ دونوں ملکوں کو مفت تجارتی سمجھوتہ کر کے معاشی تعلقات پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ ہندوستان دونوں ملکوں کے درمیان عظیم تر رابطہ کاری کو فروغ دینے کے تئیں خوہش مند ہے ۔
پرنب مکرجی کے خطاب کا جواب دیتے ہوئے صری سری لنکا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کے مذاکرات نتیجہ خیز رہی اور ان سے دو طرفہ تعلقات میں توسیع کی بنیادپڑی ہے ۔ ہندوستان دنیا میں سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور دوسروں کے لئے ایک ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان ہزاروں سال سے اچھے رشتے قائم ہیں اور بہت ساری چیزیں بالخصوص تہذیبی رشتوں میں یہ مشترک ہیں ۔ کوئی بھی شخص اس رشتے کو چیلنج نہیں کرسکتا اور تاریخی تعلقات کی بنیاد پر مستقبل کی تعمیر کیجانی چاہئے ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ وہ اصطلاحات جسے سری لنکا کی حکومت نے شروع کئے ہیں، اس میں سری لنکا اور خطے کے بہتر کل کا وعدہ ہے ۔ صدر نے کہا کہ موجودہ دور میں ہند۔ لنکا تعلقات کثیر جہتی ہیں ۔ جس میں تجارت اور سرمایہ کاری ، سائنس، تعلیم، سکیوریٹی اور دفاع شامل ہیں ۔ اب وقت آگیا ہے کہ سری لنکا کے ساتھ معاشی تعلق کو اگلی سطح تک لے جایاجائے۔ دونوں ملکوں کو اپنے درمیان رابطہ کاری کو بڑھانے کی غرض سے کوششیں کی جانی چاہئے ۔ صدر نے کہا کہ ہندوستان کو حق حاصل ہے کہ وہ سری لنکا کی ترقی کی کوششوں میں ایک شراکت دار بنے جس میں صلاحیت سازی، انسانی ذرائع کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے تعاون پر زور دیاجائے ۔ سری لنکا میں فلیگ شپ انڈین ہاؤسنگ پراجکٹ میں مسلسل نمایاں پیشرفت ہورہی ہے ۔ ہندوستانی امدادیافتہ شمالی ریلوے باز آبادکاری پراجکٹ کے ذریعہ جافنا اور کولمبو کے درمیان تین دہائیوں کے بعد’’یال دیوی‘‘ٹرین سرویس کی دوبارہ شروعات خصوصی طور پر باعث اطمینان ہے۔ ہندوستان میں سری لنکا کی سرمایہ کاری نے کپروں کے شعبے میں بھی زبردست کامیابی کی داستانیں رقم کی ہیں ۔ ہندوستان اور سری لنکا کو دونوں ممالک اور خطے کے لوگوں کی مشترکہ خوشحالی کے تئیں مل جل کر کام کرنا چاہئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں