ہندوستان کی پاکستان کے خلاف شاندار فتح - ویراٹ کوہلی کی عمدہ سنچری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-16

ہندوستان کی پاکستان کے خلاف شاندار فتح - ویراٹ کوہلی کی عمدہ سنچری

Cricket-World-Cup-2015-India-beat-Pakistan
فاسٹ بولر محمد سمیع (4/35) کی خطرناک بولنگ۔ ورلڈکپ مقابلوں میں روایتی حریف کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ برقرار
ایڈیلیڈ۔ 15 فروری (یو این آئی) نائب کپتان ویراٹ کوہلی (107) کی ذمہ دارانہ سنچری اور محمد سمیع احمدر کی خطرناک بولنگ کے ساتھ ساتھ شکھر دھون (73) اور سریش رائنا (74) کی عمدہ نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ گروپ بی کے دوسرے ونڈے انٹرنیشنل میاچ میں آج پاکستان کو شکست دے کر نہ صرف اپنے ٹائٹل کے دفاع کی مہم کا شاندار انداز میں آغاز کیا بلکہ روایتی حریف کے خلاف ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ بھی برقرار رکھا۔ ہندوستان نے پاکستان کے خلاف ورلڈکپ کی تاریخ میں ناقابل شکست رہنے کے ریکارڈ کو برقرار رکھتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرکے جیت کا چھکا لگا دیا۔ ہندوستان 1992 سے لے کر اب تک ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان کے خلاف غیر مفتوح رہا ہے۔ ہندوستان نے مقررہ 50 اوورس میں 7 وکٹ پر 300 رن کا مضبوط اسکور بنانے کے بعد پاکستان کے چیلنج کو 47 اوورس میں ختم کر دیا۔ پاکستانی ٹیم 224 رن پر آؤٹ ہو کر ہندوستان سے ورلڈکپ میں ہارنے کا سلسلہ نہیں توڑ پائی۔ بیاٹسمنوں کی عمدہ کارکردگی کے بعد ٹیم انڈیا کے گیندبازوں نے بھی پاکستان کادم نکالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ایک طرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 84 گیندوں میں 76 رن بنائے لیکن انہیں دیگر بیاٹسمنوں سے کوئی تعاون نہیں ملا۔ اوپنر احمد شہزاد(47)‘ حارث سہیل (36) اور شاہد آفریدی 22 رن ہی بنا سکے۔ تیز گیند باز محمد سمیع احمد نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورس میں محض 35 رن کے عوض پاکستان کے 4 بیاٹسمنوں کو پویلین لوٹایا۔ اس طرح انہوں نے پاکستانی بیاٹنگ کی کمر توڑ دی۔ سمیع نے یونس خان6‘ مصباح ا لحق(76) ‘آفریدی (22) اور وہاب ریاض (4)کے وکٹ حاصل کئے۔ امیش یادو نے 50 رن پر 2‘ موہت شرما نے 35 رن پر 2‘ روی چندرن اشون نے 41 رن پر ایک اور رویندر جڈیجہ نے 56 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس ہائی وولٹیج مقابلہ میں کوہلی نے ناظرین سے بھرے اسٹیڈیم‘ شور و غل اور انتہائی دباؤکی حالت میں 107 رن کی شاندار اننگز کے ذریعہ اپنی ٹیم کے اسکور کو 300 کے ایسے اسکور تک پہنچایا جو پاکستان پر بالآخر بھاری ثابت ہوا۔ کوہلی کو میان آف دی میاچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ گزشتہ کافی وقت سے خراب فام سے دوچار اوپنر شکھر دھون نے بھی اس میاچ کی اہمیت کو سمجھ کر عمدہ مظاہرہ کیا اور 76 گیندوں میں 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پاکستان کی جانب سے ہندوستانی بیاٹسمنوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ مانے جا رہے 7 فٹ طویل محمد عرفان ہندوستان کی اننگز میں پیشانی پر شکن لئے کھڑے رہ گئے اور 10 اوورس میں 58 رن دے کر ان کے ہاتھ ایک بھی وکٹ نہیں لگی لیکن سہیل خان نے 10 اوورس میں 55 رن دے کر5 وکٹ لئے جبکہ وہاب ریاض کو ایک وکٹ ملی۔ میاچ کے آخری 5 اوورس ضرور ہندوستانی اننگز کیلئے مشکل ہے اور دباؤ میں نظر آرہی پاکستانی ٹیم نے اپنی فیلڈنگ اور بولنگ دونوں بہت جارحانہ کر دئے اور ان اہم 5 اوورس میں ہندوستان صرف 27 رن ہی بنا سکا جبکہ اس کے 5 وکٹ بھی ان ہی 5 اوورس میں گر گئے۔ جڈیجہ (03)‘ دھونی (18) اور رہانے (صفر) پر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان نے 296 کے اسکور پر 3 وکٹ گنوا دئیے جس سے دباؤ ہندوستان کی جانب مڑ گیا لیکن پھر محمد سمیع نے 3 رن لئے اور اشون نے 4 رن بنا کر اسکور کو 300کے ہندسہ تک پہونچایا۔ اس سے پہلے ہندوستانی بیاٹسمنوں کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم بہت دباؤ میں دکھائی دی اور گیند بازوں کے ساتھ فیلڈروں پر دباؤ صاف دکھا۔ تیز گیند باز محمد عرفان کو جہاں امپائر نے دو بار ’ڈینجر ایریا‘ میں چلنے پرخبردار کیا وہیں پاکستانی فیلڈرس نے میاچ کے 49 ویں اوور میں اسکور 300 کے پار پہنچانے کیلئے تابڑ توڑ شاٹس کھیلنے کی کوشش کرنے والی ٹیم انڈیا کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو آؤٹ کرنے کی کوشش تیز کر دی۔ اس وقت میاچ انتہائی دلچسپ ہو چکا تھا کیونکہ آخری اوورس میں ہندوستان مسلسل اپنے وکٹ گنواتا جا رہا تھا لیکن پاکستانی فیلڈرس کو ہندوستان کے چوٹی کے بیاٹسمنوں کے کیاچس گرانا بالآخر بھاری پڑ گیا۔

ہندوستان نے بہت اچھا مظاہرہ کیا :مصباح الحق
پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈکپ مقابلے میں گزشتہ چمپئن ہندوستان سے 76 رنز کی شکست کے بعد کہا کہ درمیانی اوورز میں ایک کے بعد ایک تین وکٹ گرنے سے ٹیم دباؤ میں آ گئی اور پھر سنبھل نہیں پائی۔ مصباح نے میاچ کے بعد کہاکہ ہندوستانی کھلاڑی بہت اچھا کھیلے۔ انہوں نے بڑا اسکور کھڑا کر دیا اور شاندار بولنگ بھی کی۔ ہم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے درمیان کے اووروں میں جلدی جلدی تین وکٹ گنوائے جو ہمارے لیے مہلک ثابت ہوئے۔ پاکستانی کپتان نے کہا کہ پچ بہت اچھی تھی اور ہندوستانیوں نے اپنی بہترین بیاٹنگ کی بدولت ہمارے سامنے 300 رنز کا بڑا اسکور بنا دیا تھا۔اگر ہمارے تمام بیاٹسمن اچھا کھیلتے تو ہم ضرور میاچ جیت سکتے تھے۔ہمارے دوتین بیاٹسمن ہی کچھ دیر ٹک سکے جبکہ باقی میدان میں آئے اور چلے گئے۔ ورلڈکپ کے آئندہ مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی امید رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آگے کے میاچس میں بہترین کارکردگی کریں گے۔ آپ کرکٹ جیسے کھیل کے بارے میں پہلے ہی بہت کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔اب ہماری نظر اگلے میاچ میں واپسی کرنے پر ہے۔

میرے کیریئر کا سب سے بڑا دن:ویراٹ کوہلی
ہندوستان کی پاکستان پر ورلڈکپ کے اپنے پہلے میاچ میں شاندار جیت میں بہترین سنچری لگاکر میان آف دی میاچ بنے ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ یہ ان کے کیریئر کا ایک بڑا دن ہے۔ ویراٹ نے اتوار کو اس بہترین کامیابی کے بعد کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ اب تک کے میرے کیریئر کے سب سے بڑے دنوں میں سے ایک ہے۔ ورلڈکپ کی ایسی شروعات کرنا یقیناًحیرت انگیز ہے۔ پاکستان کے خلاف یہ ایک بڑا مقابلہ تھا۔انہوں نے بھی سخت جدوجہد دکھائی۔ جب آپ ملک کیلئے اچھا کرنا چاہتے ہیں تو آپ سے امیدیں بھی بڑھ جاتی ہیں اور میں ہمیشہ توقعات کو پسند کرتا ہوں ۔ میان آف دی میاچ بنے ویراٹ نے کہا کہ گزشتہ ایک دو دن کافی مشکل رہے تھے لیکن ہم نے اس کے برعکس حالات سے نکل کر ورلڈکپ میں اچھی شروعات کی۔ٹیم میں میری ذمہ داری ایک اینڈ پر ٹکے رہنے کی ہے تاکہ دوسرے اینڈ پر پاور ہٹر بڑیا سٹروک لگا سکے۔ شکھر اور سریش نے زبردست بیاٹنگ کی اور مجھے اچھا تعاون دیا۔میں امید کرتا ہوں کہ ہم اس فارم کو پورے ٹورنامنٹ میں برقرار رکھیں گے ۔

بیاٹسمنوں کی کارکردگی پر دھونی کا اظہار مسرت
ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی پاکستان کے خلاف ورلڈکپ کے اپنے پہلے میاچ میں 76 رنز سے ملی شاندار جیت سے بڑی راحت محسوس کر رہے ہیں اور انہوں نے اس جیت کے لیے پوری ٹیم کی ستائش کی ہے۔ دھونی نے اتوار کو ملی جیت کے بعد کہا کہ یقیناًیہ ایک بہترین مظاہرہ تھا۔ میں اپنے بیاٹسمنوں کی کارکردگی سے خوش ہوں۔ جب آپ پہلے بیاٹنگ کر رہے ہوں تو بیاٹنگ آسان نہیں ہوتی ہے۔ گیند بلے پر ٹھیک سے نہیں آ رہی تھی اور شروع شروع میں رفتار میں بھی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی تھی۔لیکن ایک بار جب وہ وقت نکل گیا تو اس کے بعد ہمارے بیاٹسمنوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ کپتان نے ساتھ ہی کہا کہ وکٹ پر ٹکے رہنا بہت اہم تھا۔ویراٹ اور شکھر اور رینا کے درمیان بڑی شراکت داریوں نے ہمیں ایک بڑے اسکور تک پہنچنے میں مدد کی۔تینوں بیاٹسمنوں نے واقعی کافی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے ہمیں جو ایک طویل وقفے ملا تھا اس نے ٹیم کو چارج ہونے میں کافی مدد کی۔میں شائقین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے بھاری تعداد میں یہاں پہنچ کر ہمارا حوصلہ بڑھایا۔ ہمارے یہاں پہنچنے سے پہلے ہی ہمارے پرستار ہماری لابی میں موجود تھے ۔ اتنے بڑے میاچ میں اپنے جذبات پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے دھونی نے کہا کہ میں اپنے جذبات کو کنٹرول نہیں کرپاتا ہوں۔یہ سب فطری طور سے ہوتا ہے۔ہاں یہ ضرور ہے کہ میرے چہرے سے زیادہ پتہ نہیں چلتا ۔

کوہلی ، ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی
ہندوستانی نائب کپتان ویراٹ کوہلی ورلڈکپ تاریخ میں پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بیاٹسمن بن گئے ہیں۔ ویراٹ نے اتوار کو پاکستان کے خلاف پہلے میاچ میں 107 رن کی لاجواب اننگز کھیل کر ونڈے کرکٹ میں اپنی 22 ویں سنچری مکمل کی جو ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی ہندوستانی بیاٹسمن کی پاکستان کے خلاف پہلی سنچری ہے۔ اس سے پہلے ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے 2003 ورلڈ کپ میں سینچورین میں پاکستان کے خلاف 98 رن بنائے تھے۔ویراٹ کی 15 میاچس میں یہ 22 ویں سنچری ہے اور وہ ونڈے میں سب سے زیادہ سنچری بنانے کے معاملے میں سابق کپتان سورو گنگولی کی برابری پر مشترکہ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ویراٹ نے جہاں 151 میاچس میں 22 سنچری بنائی ہیں وہیں گنگولی نے 31 میاچس میں 22 سنچری بنائی ہیں۔ سری لنکا کے سنت جے سوریہ 445 میاچس میں 28 سنچریوں کے ساتھ تیسرے‘ ا سٹریلیا کے رکی پانٹنگ 375 میاچس میں 30 سنچریوں کے ساتھ دوسرے اور سچن 463 میاچس میں 49 سنچریوں کے ساتھ چوٹی پر ہیں۔

صدرجمہوریہ اور وزیر اعظم کی ٹیم انڈیا کو مبارکباد
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کو پاکستان کے خلاف آج ایڈیلیڈ میں76رنز سے شاندار جیت درج کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ اس جیت کے بعد پورا ملک خوشی سے جھوم اٹھا ہے۔صدر نے ٹوئٹر پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم انڈیاکو ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میاچ میں جیت کیلئے مبارک ہو ‘ ہم امیدکرتے ہیں کہ شاندار کارکردگی کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ وزیراعظم مودی نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مبارکباد ٹیم انڈیا ‘ آپ بہت اچھا کھیلے‘ ہمیں آپ پر فخر ہے ۔ وزیراعظم نے ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ٹیم انڈیا کے تمام ارکان کو اپنی نیک خواہشات دی تھیں۔

جموں کشمیر کے سنڈے مارکیٹ میں چھایا سناٹا
سرینگر
(یو این آئی)
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اتوار کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میاچ کے پیش نظر جموں کشمیر کی دارالحکومت سرینگر کی مشہور سنڈے مارکیٹ میں سناٹا چھایا رہا۔ ورلڈ کپ میں دونوں پڑوسی ممالک کی ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ اتوار کو آسٹریلیا میں ایڈیلیڈ اوول میدان پر کھیلا گیا۔ سرینگر میں کروڑوں روپیوں کا کاروبار کرنے والے سنڈے مارکیٹ میں بہت ہی کم لوگ خریداری کرتے نظر آئے۔تقریبا تین کلومیٹر کے دائرے میں لگنے والی اس مارکیٹ میں راستے کے دونوں طرف اسٹال لگائے جاتے ہیں جس میں انجکشن سے لے کر کمبل اور قالین کی فروخت کی جاتی ہے۔ ٹورسٹ استقبالیہ سینٹر سے لے کر پولوگراؤنڈ،ریگل چوک،ریسیڈینسی روڈ،گھنٹہ گھر،تاریخی لال چوک ،میرا کدل،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے درمیان کراسنگ تک اس مارکیٹ میں وادی کشمیر اور ریاست کے ہزاروں لوگ خریداری کرنے آتے ہیں۔ ہند پاک میاچ کی وجہ سے مارکیٹ میں سناٹا چھایا رہا اور بہت کم لوگ ہی مارکیٹ میں نظر آئے۔ لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر اس مقابلے کا لطف لیا۔اس کے علاوہ خوانچہ لگانے والے بھی ریڈیو اور اپنے موبائلوں پر اس میاچ کی کمنٹری سنتے نظر آئے۔ ایک خوانچہ فروش نے کہا کہ میاچ کی ایک گیند کو بھی لوگ چھوڑنا نہیں چاہتے تھے اور پورے میاچ کا لطف اٹھانے کی وجہ سے بہت کم گاہک ہی مارکیٹ میں آئے۔ اگر میں کہوں کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان ہونے والا مقابلہ ورلڈ کپ فائنل سے بھی اہم ہوتا ہے تو میں شاید غلط نہیں ہوں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر اتوار کو لگنے والے اس بازار میں کروڑوں روپے کا کاروبار کیا جاتا ہے۔

جنوبی آفریقہ کی زمبابوے پر 62 رن سے فتح
ہیملٹن (نیوزی لینڈ)
زمبابوے کی ٹیم نے بہادرانہ مقابلہ کیا تاہم فتح بالآخر جنوبی آفریقہ کے نام رہی جیساکہ اس نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 گروپ بی کے پہلے ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ میاچ میں آج یہاں زمبابوے کو 62 رن سے ہرادیا۔ فتح کیلئے درکار 340 رن کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم نے 48.2 اوورس میں 277 رن بنائے اور آل آوٹ ہوگئی۔ چھبابا نے 54 اور مساکڈزا نے 80 رن بنائے۔ جنوبی آفریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے 3‘فلنڈر اور مورکل نے فی کس 2 جبکہ اسٹین اور ڈومینی نے فی کس ایک وکٹ لی۔ اس سے پہلے زمبابوے نے ٹاس جیت کر جنوبی آفریقہ کو پہلے بیاٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی آفریقہ کی شروعات بہت اچھی نہیں رہی جیسا کہ اس نے 83 رن کے مجموعی اسکور پر اپنے ابتدائی 4 وکٹ گنوادئے تاہم اس کے بعد میان آف دی میاچ ڈیوڈ ملر 138 ناٹ آوٹ اور جین پال ڈومینی 115 کی شاندار سنچریوں کی مدد سے 50 اوورس میں 4 وکٹ کھوکر 339 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ ملر نے 92 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکے اور 9چھکے لگائے جبکہ ڈومینی کی اننگز 100 گیندوں پر مشتمل رہی جس میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔ ملر اور ڈومینی کے درمیان 5 ویں وکٹ کیلئے 256 رن کی زبردست رفاقت رہی جس کی بناء پر جنوبی آفریقہ ایک بڑی اپ سٹ شکست سے بچ گئی۔ اس ٹورنمنٹ کیلئے جنوبی افریقہ کو پسندیدہ ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے جبکہ زمبابوے نے بھی وارم اپ میاچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپنے گروپ میں شامل دیگر ٹیموں کی توجہ حاصل کی ہے۔

ویسٹ انڈے اور آئرلینڈ میں آج مقابلہ
نیلسن
(یو این آئی)
اسوسی ایٹ ٹیم آئرلینڈ پریکٹس میاچس میں اپنے بااثر مظاہرہ سے حیران کر چکی ہے اور ورلڈکپ ٹورنمنٹ میں یہاں پیر کو جب وہ دو بار کی چمپئن اور فی الحال آؤٹ آف فام چل رہی ویسٹ انڈیز کے سامنے اترے گی تو اس کا مقصد بڑے اپ سیٹ کا ہوگا۔ آئرلینڈ نے پریکٹس میاچس میں اپنے سے مضبوط بنگلہ دیش کی ٹیم کو 4 وکٹ سے شکست دے کر اپنی تیاریوں کا اشارہ دیا تھاجبکہ ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ سے ہار برداشت کرنی پڑی تھی اور اسکاٹ لینڈ جیسی ٹیم سے بھی سخت جدوجہد کے بعد کہیں جا کر وہ محض 3 رن سے میاچ بچا پائی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ کافی وقت سے خراب دور سے گزر رہی ہے۔ اندرونی تنازعات کے بعد ورلڈکپ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کوشامل نہیں کیا جانا اس کی سب سے بڑی وجہ ہے جبکہ 8 سال پہلے ورلڈکپ ٹورنمنٹ میں پہلی بار کھیلنے اتری اسکاٹ لینڈ کی ٹیم میں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آئی ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم میں ایڈ جوئس جیسے تجربہ کار کھلاڑی اہم کردار میں رہیں گے۔انگلینڈ کی ٹیم کی جانب سے بھی کھیل چکے 36 سالہ جوئس نے تین ورلڈکپ ٹورنمنٹس میں کھیلا ہے اور یہ شائد ان کاآخری ورلڈکپ ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف 47 رن کی اہم اننگز کھیلنے والے جوئس کے علاوہ اینڈی بالبرنی‘کیون او برائن‘کپتان اور اوپنر ولیم پوٹرفیلڈ جیسے بہترین کھلاڑی ہیں جو اس وقت بہترین فام میں ہیں۔ دوسری طرف ویسٹ انڈیز کی بات کریں تو اگرچہ اس کی قیادت نئے کپتان جیسن ہولڈر کے ہاتھ میں ہے لیکن اس کے پاس اب بھی دھماکہ خیز بیاٹسمن کرس گیل ہے جو اگر میدان پر ٹک گئے تو بڑااسکور بنانے سے انہیں کوئی روک نہیں سکتا ہے لیکن فی الحال گیل ذہنی طور پر اتنے تیار اور جارحانہ نہیں لگ رہے ہیں۔ان کا ونڈے فام گزشتہ 2 برسوں سے کافی خراب چل رہا ہے اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف وارم اپ میاچ میں بھی وہ صرف ایک رن پر آؤٹ ہو گئے۔ اگرچہ ڈیون اسمتھ‘لینڈل سمنس‘دنیش رام دین‘ آندرے رسل ‘مارلون سیمویلس اور سابق کپتان ڈیرن سیمی موجود ہیں جوکیریبین ٹیم کے بیاٹنگ آرڈر کی مضبوط کڑی ہیں اور میاچ کارخ کسی بھی وقت تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بولنگ کی کمان کیمر روچ‘سیمی‘سلیمان بین کے ہاتھوں میں رہے گی۔اگر اعداد و شمار کی بات کریں تو کیریبین گیندباز روچ ونڈے میں اپنے 100 وکٹ پورے کرنے سے صرف 2 وکٹ دور ہیں جبکہ ڈیون اسمتھ کا آئرلینڈ کے خلاف یہ 100 واں ونڈے ہوگا۔ میاچ سے پہلے کپتان ہولڈر نے کہا کہ ہم آئرلینڈ کا احترام کرتے ہیں اور انہیں کم نہی سمجھ رہے ہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ ہم میاچ جیتیں گے۔ آئرلینڈ کی ٹیم میں جو فیصلہ اہم ہوگا وہ یہ کہ آخری الیون میں کریگ ینگ یا ایلیکس کوساک میں سے کسے موقع دیا جائے۔ ٹیم کے سرفہرست 7 کھلاڑی تجربہ کار ہیں اور اپنے ا رڈر میں جمے ہوئے ہیں جس میں تبدیلی کی کوئی امید نہیں ہے۔ ٹیم میں زخمی ٹم مرتاگ کی جگہ لئے گئے میکس سورنسن نے وارم اپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاتھا اور ان سے کیریبین ٹیم کے خلاف ایک بار پھر بہترین کارکردگی کی امید رہے گی۔

آئی سی سی ورلڈکپ کی تنازعات کے ساتھ شروعات
سڈنی
(یو این آئی)
ورلڈکپ کے پہلے دن آسٹریلیا اور انگلینڈ کا مقابلہ ویسے تو بے جوڑ تھا لیکن دونوں اننگز کی آخری گیندوں پر خوب تماشے ہوئے۔ پہلے آسٹریلیای اننگز کا اختتام مسلسل 3 گیندوں پر 3 وکٹیں گرنے کے ساتھ ہوا جس کے ساتھ اسٹیون فن ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے انگریز گیندباز بنے جبکہ انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ ایک ایسے واقعہ کے ساتھ ہوا جسے بعد میں خود بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے انسانی غلطی قرار دیا۔ ملبورن کے میدان میں 84 ہزار تماشائیوں کے روبرو کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ 343 رن کے ہدف کا تعاقب کررہا تھا۔ جب 42 ویں اوور میں اسکور 231 رن تھا تو جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر جیمز ٹیلر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی ایک زوردار اپیل ہوئی۔ امپائر علیم ڈار نے کچھ سوچ بچار کے بعد انگلی فضا میں بلند کردی لیکن 98 رن پر کھیلنے والے ٹیلر نے اختلاف کرتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کردی۔ ری پلے سے معلوم ہوا کہ فیلڈ امپائر کا فیصلہ غلط تھا اور یوں جیمز ٹیلر آؤٹ ہونے سے بچ گئے لیکن اس دوران آسٹریلیا کے کھلاڑی دوسرے کنارے پر جیمز اینڈرسن کو رن آؤٹ کر چکے تھے۔ باوجود اس کے کہ جیمز ٹیلر اس گیند کو ڈیڈ قرار دینے کا جائز مطالبہ کرتے رہے‘ دوسرے امپائر کمار دھرماسینا نے اینڈرسن کو رن آؤٹ قرار دے دیا اور یوں جیمز ٹیلر ایک عمدہ اننگز کھیلنے کے باوجود اپنی پہلی سنچری سے محروم رہ گئے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی پلیئنگ کنٹرول ٹیم (پی سی ٹی) نے انگلش ٹیم انتظامیہ کے سامنے قبول کیا کہ آخری گیند پر دیا گیا آؤٹ غلط تھا اور اس معاملہ میں امپائر سے فاش غلطی ہوئی ہے۔ فیصلوں پر نظرثانی کے نظام (ڈی آر ایس) کے ضوابط کے مطابق جب امپائر کی جانب سے جیمز ٹیلر کو آؤٹ دیا گیا تھا تو اس کے ساتھ ہی گیند ڈیڈ قرار دی جانی چاہیے تھی یعنی اس کے بعد کوئی رن اور آؤٹ ممکن نہ تھا۔

35 ویں قومی کھیلوں کا رنگا رنگ اختتام
تھرو اننتا پورم
(یو این آئی)
کیرالا میں گزشتہ 15 دنوں سے جاری 35 ویں قومی کھیلوں کا یہاں رنگارنگ پروگرام کے ساتھ اختتام ہو گیا۔ کیرالا کے گورنر پی سداشوم نے کھیلوں کے اختتام کا اعلان کیا۔ اختتامی تقریب میں مرکزی وزیر اسپورٹس سربانند سونووال‘ ریاست کے وزیر اعلی اومن چانڈی‘ہندوستانی اولمپک ایسو سی ایشن کے صدر این راماچندرن سمیت دیگر وزرا اور افسران موجود رہے۔ سونووال نے کہا کہ قومی کھیلوں کا انعقاد چار برسوں کی بجائے ہر دو سال میں ہونا چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزیر ا عظم نریندر مودی کا پیغام بھی پڑھا جس میں مودی نے کھیلوں کے کامیابی انعقاد کیلئے کیرالا ریاست کو مبارکباد دی۔ سب سے زیادہ میڈلس جیت کر پوائنٹ ٹیبل میں سب سے اوپر رہنے والے سروسزکی طرف سے ونگ کمانڈر دیپک آہلووالیہ نے چمئنس ٹروفی لی۔ 6 گولڈ اور 2 سلور میڈلس جیتنے والے کیرالا کے سجن پرکاش کو بہترین مرد ایتھلیٹ اعزازسے نوازا گیا۔وہیں مہاراشٹر کی اکانشاووہرا کو بہترین خاتون ایتھلیٹ ایوارڈ دیا گیا۔ اختتامی تقریب کی خاص بات اداکارہ شوبھنا کا ڈانس ڈرامہ رہا۔پورے ہندوستان سے فنکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔اگلے قومی کھیلوں کا انعقاد گوا میں ہوگا۔

ہندوستان اور اسپین کے درمیان بغیر گول کے ڈرا
ویلنشیا
(یو این آئی )
ہندوستان اور اسپین کی خاتون ہاکی ٹیموں کے درمیان اتوار کو یہاں ٹسٹ سریز کا پہلا مقابلہ بغیر گول کے ڈرا رہا ۔ دارالحکومت دہلی میں 7 مارچ سے شروع ہونے والے ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ2015راؤنڈدو کی تیاری کیلئے دونوں ٹیمیں ویلنشیا سیریز میں مشق کر رہی ہیں۔ میاچ کے آغاز میں ہندوستانی خواتین نے اپوزیشن ٹیم کے گول میں گیند بھیجنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اسپین نے ان کی ہر کوشش کو ناکام کر دیا۔ ہندوستان کی ریکا یادو اور پونم بارلا اس سیریز میں پہلی بار کھیل رہی ہیں۔اسپین کی خواتین نے ہندوستان کے گول داغنے کی ہر کوشش کو بار بار ناکام کیا۔ ہندوستانی خواتین نے کئی مواقع برباد کئے۔ اگرچہ ا سپین نے بھی گول داغنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی اپنی مہم میں کامیاب نہیں ہو سکا اور میاچ بغیر گول کیاسکور پر ختم ہو گیا۔اس سیریز کا اگلا مقابلہ 16 فروری کو کھیلا جائے گا۔

اترپردیش سیمی فائنل میں ،ممبئی باہر
لکھنؤ
(یو این آئی)
نتن تمیا کے آخری منٹ میں فیصلہ کن گول کی بدولت اترپردیش وزارڈس نے اپنے گھریلو میدان میں شاندار واپسی کرتے ہوئے دبنگ ممبئی کو اتوار کو 3-2 سے شکست دے کر ہیرو ہاکی انڈیا لیگ (ایچ ا ئی ایل) کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ اتر پردیش کی 9 میاچس میں یہ پانچویں جیت ہے اور وہ 30 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں رانچی ریز کے برابر چوٹی پر پہنچ گیا ہے۔ممبئی کو نو میاچس میں چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ ٹیم 13 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے ۔ممبئی اس ہار کے ساتھ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ اتر پردیش نے2 صفرسے پچھڑنے کے بعد آخری سات منٹ میں دو گول داغ کر جیت اپنے نام کی۔ممبئی نے پہلے کوارٹر میں وکاس پلے کے آٹھویں منٹ کے گول سے برتری بنائی۔نتن تمیا نے29ویں منٹ میں اترپردیش کو1-1 کی برابری پر لا دیا۔ گلین ٹرنر نے 44 ویں منٹ میں ممبئی کو 2-1 سے آگے کر دیا۔ اتر پردیش نے اپنا پورا زور لگاتے ہوئے 53 ویں منٹ میں برابری حاصل کر لی۔ہرجیت سنگھ نے اتر پردیش کا دوسرا گول کر کے اسکور2-2 سے برابر کر دیا۔میاچ ڈرا کی جانب گامزن دکھائی دے رہا تھا لیکن تمیا نے آخری منٹ میں اترپردیش کیلئے میاچ فاتح گول داغ دیا۔ ہرجیت کو اپنی ٹیم کے دوسرے گول کے لیے ہیرو گول آف دی میاچ کا ایوارڈ ملا جبکہ اترپردیش کے کپتان وی آر رگھوناتھ کو پورے میاچ کے دوران ان کے بہترین کارکردگی کے لیے مین آف دی میاچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Cricket World Cup 2015: India beat Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں