بنک گارنٹی کی شرط سے ہندوستانی کارکنان کی سعودی عرب درآمد معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

بنک گارنٹی کی شرط سے ہندوستانی کارکنان کی سعودی عرب درآمد معطل

ریاض
اردو نیوز (سعودی عرب)
باخبر ذرائع نے واضح کیا ہے کہ سعودی شہریوں نے بینک گارنٹی کی شرط عائد کردینے کی وجہ سے ہندوستان سے کار کن درآمد کرنے کا ارادہ ترک کردیا ہے۔ سعودی عرب کی نیشنل ریکروٹنگ ایجنسیاں ہندوستان سے گھریلو ملازم بڑے پیمانے پر لانے سے دامن بچارہی ہیں ۔ ایسا عام شہریوں کے رجحان کی وجہ سے ہورہا ہے۔ عکاظ اخبار نے اپنی رپورٹ میں توجہ دلائی ہے کہ حکومت ہند نے شرط عائد کی ہے کہ جب تک سعودی شہری9375ریال ہندوستانی سفارتخانے میں جمع نہیں کرائے گا اس وقت تک کفیل اور گھریلو ملازمہ کے درمیان ملازمت کے معاہدے کی تصدیق نہیں کی جائے گی ۔ ایسا گھریلو ملازمہ کے مالی حقوق کی وصولی کو یقینی بنانے کی غرض سے کیاجارہا ہے ۔ اگر24ماہ کے دوران گھریلو ملازمہ کو اپنے کفیل سے مالی حقوق کی ادائیگی کے سلسلہ میں کسی طرح کی کوئی شکایت نہیں ہوگی تو مذکورہ رقم سعودی کفیل کو واپس کردی جائے گی البتہ اگر اس نے ملازمہ کی تنخواہ نہیں دی ہوگی تو تنخواہ کی رقم زر ضمانت سے وصول کرلی جائے گی۔ ذرائع نے توجہ دلائی کہ ہندوستان نے یہ شرط بھی عائد کی ہے کہ سعودی کفیل ہندوستانی گھریلو ملازمہ کا کھاتہ بینک میں کھلوائے گا اور تنخواہ بینک کے ذریعے ادا کرے گا ۔ لیبر مارکیٹ سے تعلق رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ہندستان سے گھریلو ملازمہ کی مملکت آمد کا دورانیہ قانونی کارروائی کی تکمیل پر منحصر ہے ۔ کم از کم4ماہ کا عرصہ لگ جاتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ہندوستانی ملازمہ کی درآمد پر 130ہزار ریال لاگت آرہی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی حکومت کے پیچیدہ طور طریقوں کی وجہ سے سعودی شہری ہند سے گھریلو ملازمائیں کم تعداد میں لاپارہے ہیں ۔ دوسری جانب ہندوستان کے قونصل جنرل باوا سید مبارک نے الاقتصادیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی گھریلو ملازماؤں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ نہیں ہوگی جب کہ مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ ہندوستانی ہیں ان کی تعداد28لاکھ ہے ۔ اصلاح حال کے دوران141ہزار ہندوستانی تارکین مملکت سے بیدخل کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ نجی کمپنیاں ہندوستان سے کارکن لانے کے لئے دھڑا دھڑ درخواستیں دے رہی ہیں۔ گزشتہ سال13ہزار ویزوں کے لئے ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق کی گئی ۔

Bank Guarantee condition Indian workers imports KSA suspended

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں