سبرتا رائے ڈائری میں ایک بی جے پی لیڈر کا نام - ترنمول کانگریس کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-02

سبرتا رائے ڈائری میں ایک بی جے پی لیڈر کا نام - ترنمول کانگریس کا الزام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ترنمول کانگریس نے جس کو شاردا اسکام میں تنقیدوں کا سامنا ہے ، پارلیمنٹ میں آج بی جے پی کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ سہارا گروپ کے صدر سبرتا رائے( جو جیل میں محروس ہیں) کی ڈائری میں بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کانام ہے ۔ ترنمول کانگریس کے اس الزام کے بعد ایوان میں لفظی جھڑپیں ہوئیں او ر واک آؤٹ کی نوبت آئی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کولکتہ میں کل ہی صدر بی جے پی امیت شاہ کی ریالی میں ممتا بنرجی حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔ ترنمول کانگریس نے آج لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں ایک سرخ ڈائری دکھاتے ہوئے حکمراں جماعت کو گھیرنے کی کوشش کی ۔ ترنمول کانگریس کے ارکان نے الزام لگایا کہ یہ ڈائری ، سبرتا رائے کے پاس سے دستیاب ہوئی ہے اور اس میں بی جے پی کے ایک لیڈر کا نام موجود ہے ۔ لوک سبھا میں ترنمول کانگریس ارکان ، نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی یہ وضاحت کریں کہ ڈائری میں ایک بی جے پی لیڈر کا نام مبینہ طور پر شامل رہنے پر سی بی آئی نے کیا کارروائی کیا ہے۔ بعد میں ترنمول ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ ترنمول کانگریس لیڈر سیدپ بندوپادھیائے نے مسئلہ پر غوروبحث کے لئے وقفہ سوالات کو معطل کرنے کی نوٹس دی تھی ۔
اسپیکر سمترا مہاجن نے اس نوٹس کو مسترد کردیا۔ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ متعلقہ قواعد اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ کوئی رکن ایوان میں ایسے شخص کا نام لے جو ایوان کا رکن نہیں ہے۔وہ(ارکان) ایوان میں پلے کارڈس بھی نہیں دکھا سکتے ۔ اس مرحلہ پر اسپیکر نے کہا کہ(مذکورہ) بی جے پی لیڈر کا نام ریکارڈ میں نہیں آئے گا ۔ بعد ازاں بی جے پی رکن کیرتی سومیا نے جوابی وار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کی حکومت مغربی بنگال ، شاردا چٹ فنڈ اسکام کی سی بی آئی تحقیقات میں ’’رکاوٹیں‘ پیدا کررہی ہے۔ اس اسکام میں ترنمول کانگریس کے’’12‘‘ نام ہیں۔ اس مرحلہ پرترنمول ارکان نے احتجاج کیا لیکن کیرتی سومیا یہ کہتے رہے کہ چٹ فنڈ اسکام میں ساڑھے تین لاکھ چھوٹے سرمایہ کاروں کو دھوکہ دیاگیا ہے ۔ شوروغل کے بیچ اسپیکر نے مقررہ وقت سے پہلے اجلاس لنچ کے لئے ملتوی کردیا۔ راجیہ سبھا میں ترنمول کانگریس کے رکن ڈرک اوبرین نے صفر وقفہ اور وقفہ سوالات کے دوران یہ(سبرتا رائے) مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی ۔ جب ڈرک اوبرین یہ مسئلہ اٹھانے کے لئے اپنی نشست سے اٹھے تو بی جے پی ارکان نے شاردا چٹ فنڈ اسکام مسئلہ پر نعرے لگانے شروع کردئیے ۔ بعد میں ترنمول کانگریس ارکان نے ایوان بالا سے بھی واک آؤٹ کیا۔

TMC targets Amit Shah, says he is named in Sahara diary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں