پی ٹی آئی
مہاراشٹرا میں اختلافات کو ختم کرتے ہوئے شیو سینا نے دیویندر فڈ نویس کی حکومت میں شامل ہونے کا علان کردیا ہے اور چیف منسٹر نے بھی بتایا ہے کہ سینا کل ان کی حکومت میں شامل ہوگی۔ سینا کو حاصل رائے عامہ کو دیکھتے ہوئے کابینہ میں اسے12وزارتیں مل سکتی ہیں لیکن بی جے پی اسے ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ نہیں دے رہی ہے فڈ نویس نے یہ بھی نہیں بتایا کہ سینا کے وزراء کو کون سے قلمدان دئیے جائیں گے ۔ سینا نے قبل ازیں بات چیت میں ڈپٹی چیف منسٹر کے علاوہ وزارت داخلہ کا قلمدان بھی دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے شیو سینا کے سینئر قائدین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام کی یہ خواہش ہے کہ بی جے پی اور شیو سینا کو متحدہ طور پر حکومت بنانی چاہئے ۔ اسمبلی انتخابات کے بعد25سالہ اتحاد ٹوٹ گیا تھا تاہم70دن بعد ہی اتحاد پھر سے کرلیا گیا ہے ۔ شیو سینا کو کل ہونے والی کابینہ کی توسیع کے دوران جو12وزارتیں دی جارہی ہیں ان میں سے5کابینی درجے کی وزارتیں شامل ہیں۔ فڈ نویس نے بتایا کہ سینا کے10وزراء کے ساتھ بی جے پی کے8یا10وزراء بھی حلف لیں گے ۔ اگرچہ این سی پی کی تائید سے بی جے پی نے مہاراشٹرا میں حکومت کی تشکیل دے دی تھی لیکن شیو سینا کے ساتھ اس کی بات چیت جاری تھی ۔ اطلاعات کے مطابق حلف برداری کی تقریب کا کل ودھان بھون کے احاطے میں شام4:00بجے منعقد ہوگی۔
فڈ نویس کی کابینہ میں10وزارء ہیں جن میں سے آٹھ کابینی درجے کے ہیں۔ فڈ نویس نے کہا کہ عوام نے کانگریس اور این سی پی کے خلاف ووٹ دیا لوگ چاہتے ہیں کہ بی جے پی اور شیو سینا، مہاراشٹرا میں حکومت بنائیں ۔ چند مسائل کی وجہ سے ہم فیصلہ نہیں لے سکے اس لئے بی جے پی نے حکومت تشکیل دے دی ۔ بی جے پی اور سینا کے کارکن چاہتے تھے کہ دونوں جماعتیں حکومت بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ادھو جی سے بات کی اور انہیں حکومت میں شامل ہونے کے لئے راضی کیا۔ فڈ نویس نے اس موقع پر اعلان کیا کہ شیو سینا اور بی جے پی پنچایت اور ضلع پریشد کے انتخابات میں بھی متحد مقابلہ کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بہت جلد دیگر حلیف جماعتوں کو بھی حکومت میں شامل کرنے کے بارے میں فیصلہ کیاجائے گا۔ یہاں یہ یاددلانا ضروری ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل شیو سینا اور بی جے پی نے دیگر مقامی جماعتوں کے ساتھ ایک مہا یوتی قائم کی تھی جو انتخابات کے بعد بکھر گئی ۔288رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو121نشستیں ہی حاصل ہوئیں تاہم این سی پی کے41ارکان کی تائید سے حکومت تشکیل دی گئی ۔ بات چیت میں ناکامی کی وجہ سے برہم شیو سینا نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا جس کے63ارکان ہیں۔ مہاراشٹرا اسمبلی کا سرمائی اجلاس8دسمبر سے ناگپور میں شروع ہوگا ۔ شیو سینا کے حکومت میں شامل ہوجانے کے ساتھ ہی کانگریس نے اپوزیشن کا عہدہ دینے کا مطالبہ شروع کردیا ہے جس کے44ارکان ہیں۔
BJP govt in Maharashtra expanded, Shiv Sena joins Devendra Fadnavis ministry
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں