ابو ظہبی میں امریکی استانی کی قاتلہ گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-05

ابو ظہبی میں امریکی استانی کی قاتلہ گرفتار

ابو ظبی
سعودی پریس ایجنسی
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم ووزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید ال نیہان نے اعلان کیا ہے کہ ابو ظبی میں امریکی استانی کی قاتل خاتون گرفتا ر کرلی گئی ۔ الریم جزیرے کے ایک تجارتی مرکز کے طہارت خانے میں قتل کی واردات کی گئی تھی۔ نقاب پوش خاتون، امریکی استانی کو قتل کرکے ابو ظبی کورنیش پر واقع ایک عمارت پہنچی۔ وہاں اس نے مصری نژاد امریکی ڈاکٹر کے گھر کے دروازے پر دیسی بم نصب کیا۔ پولیس نے بر وقت پتہ لگا کر بم ناکارہ بنادیا۔ آل نہیان نے ابو ظبی پولیس ہیڈ کوارٹر میں جمعرات کر پریس کانفرنس کر کے قتل کے مذکورہ واقعہ پر شدید افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ قیادت نے حکم دیا تھا کہ دن رات ایک کرکے واردات کرنے والے کو گرفتار کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ قتل کا یہ واقعہ اسلامی تعلیمات سے ماخوذ پاکیزہ انسانی اقدار کے منافی ہے ۔ ایسا جرم ہمارے ہاں کبھی نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دیسی بم کا انکشاف مصری نژاد امریکی ڈاکٹر کے بیٹے نے مغرب کی نماز ادا کرنے کے لئے مسجد جاتے وقت کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم خاتون نے ذاتی جھگڑے کی وجہ سے نہیں امریکی ہونے کی بنیاد پر وارداتیں کیں۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ جو شخص بھی امارات میں بد امنی پھیلانے یا استحکام کو تہ و بالا کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے عبرت ناک سزا دی جائے گی ۔ پریس کانفرنس، میں ابو ظبی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کو وارداتوں کی تمام تفصیلات پر مشتمل دستاویزی فلم دکھائی گئی جو سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کی گئی تھیں ۔تمام پولیس ادارے دہشت گردی کے بیک وقت دو واقعات سے انتہا درجے متاثر تھے ۔ انہوں ںے انتہائی مستعدی کے ساتھ جرائم کا سراغ لگا لیا۔

Woman arrested for Ibolya Ryan's murder in Abu Dhabi mall named as Yemeni

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں