اقلیتی بہبود کے لئے رقم میں اضافہ خوش آئند - اکبر اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

اقلیتی بہبود کے لئے رقم میں اضافہ خوش آئند - اکبر اویسی


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-nov-06

اعتماد نیوز
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے ٹی آر ایس حکومت کیجانب سے پیش کردہ تلنگانہ کے پہلے بجٹ کا خیر مقدم کیا ہے ۔ جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی نے سال2014-15ء کے لئے اسمبلی میں ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ بجٹ ٹی آر ایس کی جانب سے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے اس کے مطابق ہے ۔ ایک لاکھ کروڑ پر مشتمل یہ بجٹ ریاست کی تیزی سے ترقی اور فلاحی اسکیموں کے ذریعہ کمزور طبقات بشمول اقلیتوں، پسماندہ طبقات ، پسماندہ قبائل،خواتین اور معذورین کی ترقی کے مقصد سے پیش کیا گیا ہے ۔ اقلیتوں کے لئے جن کی آبادی14فیصد ہے، حکومت کی جانب سے ایک ہزار30کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جو سابقہ ریاست آندھرا پردیش میں علاقہ تلنگانہ کے لئے بجٹ میں جو رقم مختص کی گئی تھی اس کا دو گنا ہے ۔حکومت کا یہ اقدام خوش آئند ہے کیونکہ اس سے اقلیتی بہبود کے لئے مختص کردہ رقومات میں اضافہ ہوا ہے ۔ سابقہ آندھر اپردیش ریاست میں23اضلاع کے لئے رقم مختص کی گئی تھی لیکن تلنگانہ ریاست صرف10اضلاع پر مشتمل ہے اس لحاظ سے اقلیتوں کا بجٹ سابقہ بجٹ سے تلنگانہ کے 10اضلاع کے لئے دوگنا ہوگیا ہے ۔ حکومت نے اس سال اسکالر شپس کے لئے500کروڑ روپے بینکوں سے مربوط اسکیم کے لئے95کروڑ روپے شادی مبارک اسکیم کے لئے100کروڑروپے ملٹی اسیکٹوریل ڈیولپمنٹ پروگرماکے لئے105کروڑ روپے کے علاوہ وقف بورڈ کے لئے53کروڑ روپے مختص کئے ہیں ، ساتھ ہی اردو اکیڈیمی ، حج کمیٹی سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائناریٹیز، مائنا ریٹی ہاسٹل ، اسٹڈی سرکل ،ریسڈنشیل اسکولس اور شادی خانوں کی تعمیر کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں شہری سہولتوں کو موثر بنانے کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، حیدرآباد میٹرو ریل ، حیدرآبا میٹرو پولیٹن واٹرسپلائی اینڈ سیوریج بورڈ اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے لئے1248کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں لیکن قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے لئے مختص کردہ رقم کافی کم ہے، بجٹ میں حیدرآباد اور سائبر آباد پولیس کے لئے516روڑ روپے کی زائد گنجائش بھی رکھی گئی ہے ۔ ساتھ ہی پہلی مرتبہ ٹیچنگ ہاسپٹلس اور گورنمنٹ ہاسپٹلس بشمول عثمانیہ ، گاندھی پیٹلہ برج میٹرنٹی، سلطان بازار ، نیلو فر، کنگ کوٹھی، سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل ، چیسٹ ہاسپٹل ، مینٹل ہاسپٹل اور ای این ٹی ہاسپٹل کے لئے 345کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، اسی طرز پر آیوش اور یونانی ہاسپٹلس کے لئے بھی رقم فراہم کی جانی چاہئے ۔
قائد مجلس نے کہا کہ مجموعی بجٹ ایک لاکھ 638کروڑ روپے پر مشتمل ہے اس کے باوجود فاضل آمدنی301کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔ یہ بجٹ بہت خوش کن ہے لیکن اس پر عمل آوری کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے آئندہ5مالی سال کے دوران زائد آمدنی کا حصول ضروری ہے ۔ جناب اکبر الدین اویسی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹی آر ایس کی حکومت تلنگانہ عوام کی امیدوں اور خواہشات کی تکمیل کے لئے اقتدار میں رہ کر ہر ممکن اقدامات کرے گی اور بنگاروتلنگانہ یعنی سنہرے تلنگانہ کے حصول کے لئے جدوجہد کو جاری رکھاجائے گا۔ قائد مجلس نے کہا کہ انہیں امید وار اس بات کا یقین ہے کہ بجٹ میں مختص کردہ رقومات بلا امتیاز تمام طبقات کی ترقی اور ریاست کی بہبود کے لئے خر چ کی جائیں گی ۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں