انجینئر محسن شیخ قتل کیس - ملزم کی درخواست ضمانت مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

انجینئر محسن شیخ قتل کیس - ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

ممبئی
یو این آئی
فیس بک تنازعہ میں ملوث شدت پسندہندو تنظیم ہندو راشٹریہ سینا کے صدر اور مسلم انجینئرمحسن شیخ کے قتل کے الزام میں گرفتار دھنجے دیسائی نے ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے اپنی درخواست ضمانت مستردہونے کے بعد پونے کے سیشن عدالت میں تازہ درخواست ضمانت داخل کی جس پر گزشتہ روز سماعت عمل میں آئی جہاں جج نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پونے کی سیشن عدالت کے جج جے ٹی اتپات نے اپنے زبانی حکم نامہ میں کہا کہ ملزم کے خلاف بادی النظر میں پختہ ثبوت و شواہد موجود ہیں اور اگر ملزم کو ضمانت پر رہا کیا گیا تو وہ اس کے خلاف موجود و شواہد کو مٹانے کی کوشش کرسکتا ہے لہذا ملزم کی ضمانت عرضداشت نامنظور کی جاتی ہے ۔ اس معاملے میں ایک جانب جہان ریاستی حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ اجول نکم نے ملزم کو ضمانت پر رہاکئے جانے کی سخت لفظوں میں مخالفت کی وہیں بطور مداخلت کار جمعیۃ العلماء مہاراشٹرا(ارشد مدنی) کے وکلاء ایڈوکیٹ متین شیخ اور ایڈوکیٹ حافظ قاضی نے بھی ضمانت کی مخالفت کی۔ واضح رہے کہ ریاست کے پونے شہر میں2جون کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر اہانت آمیز کلمات لکھے جانے کے بعد فرقہ وارانہ فساد پھوٹ پڑا تھا ۔ جس کے بعد شدت پسند ہندو تنظیم نے شولا پور شہر سے تعلق رکھنے والے مسلم کمپیوٹر انجینئر محسن شیخ کو قتل کردیا تھا جس کے بعد ریاستی پولیس نے اس سلسلہ میں شدت پسند ہندو تنظیم ہندو راشٹریہ سینا کے صدر دھنجے دیسائی اور دیگرکو گرفتار کیا۔ اس سلسلہ میں جمیعۃ العلماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں مرحوم محسن شیخ کے اہلخانہ نے جمعیت سے درخواست کی تھی کہ وہ محسن کے قاتلوں کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرنے کے لئے مداخلت کار بنے اور انہیں قانونی امداد فراہم کرے جسے جمعیت نے قبول کرلیا تھا اور اس سلسلہ میں اس کے وکلاء نے پونے سیشن عدالت سے باقاعدہ مداخلت بننے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرلیا ۔

Engineer Mohsin Sheikh murder case - Accused denied bail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں