کانگریس کے سینئر قائد کنالکشمی نارائنا بی جے پی میں شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

کانگریس کے سینئر قائد کنالکشمی نارائنا بی جے پی میں شامل

وجئے واڑہ
یو این آئی
کانگریس کے سینئر قائد و سابق وزیر کنا لکشمی نارائنا نے آج صدر ریاستی بی جے پی کے ہری بابو کی موجودگی میں یہاں پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ لکشمی نارائنا جو5مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور کانگریس دور حکومت میں مختلف قلمدانوں پر فائز رہے ، بی جے پی آفس پہنچ کر پارٹی میں شامل ہوگئے ۔ ان کے ساتھ ان کے فرزند و سابق میئر گنٹور میونسپل کارپوریشن کے ناگراجو اور دیگر قائدین بھی بی جے پی میں شال ہوگئے۔ بی جے پی کے ریاستی صدروایم پی کے ہر ی بابو نے پارٹی میں ان قائدین کا خیر مقدم کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیماآندھرا کے کئی قائدین بی جے پی میں شامل ہونے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی جماعتیں جیسے جئے سمیکھیا آندھرا اور لوک ستہ کے قائدین بی جے پی میں شمولیت کے منتظر ہیں ۔ ان قائدین کا احساس ہے کہ ریاست میں سیاسی استحکام کے لئے بی جے پی میں شمولیت ضروری ہے ۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے وجود کے عملاً ختم ہونے کے بعد جو سیاسی خلا پیدا ہواہے اس کو بھرنے کے لئے بی جے پی اہم رول ادا کرے گی ۔ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لکشمی نارائنا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور بی جے پی کی آئیڈیالوجی سے متاثر ہوکر وہ اس جماعت میں شامل ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ورکر کی حیثیت سے ریاست میں بی جے پی کے استحکام کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ کنا لکشمی نارائنا ، کا پوطبقہ کے ایک باثر قائد ہیں ۔ انہیں اس علاقہ سے5مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ لکشمی نارائنا نے چند دن قبل بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے ملاقات کی تھی جہاں انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی منظوری دی گئی۔ پی ٹی آئی کے بموجب ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش میں کانگریس کے بکھر جانے کے بعد بی جے پی اپنے وجود کو مستحکم کرنے کے لئے کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے قائدین پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔ ضلع گنٹور کے سابق کانگریس قائد و وزیر کنا لکشمی نارائنا اپنے دیگر حامیوں کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوگئے جب کہ انہوں نے اپنے اس مقصد کا پہلے ہی اعلان کردیا تھا ۔ الیکشن سے قبل کانگریس کے کئی سینئر قائدین جیسے ڈی پورندیشوری اور کے ایس راؤ نے ریاست کی تقسیم کے خلاف مرکزی وزارت سے استعفیٰ دیتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ وشاکھا پٹنم کے ایم پی و صدر ریاستی بی جے پی کے ہر ی بابو نے کہا کہ جو کوئی بھی اعزازی طور پر پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں ہم انکا خیر مقد م کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے کے لئے کسی کی بھی ہمت افزائی نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے انتشار کے باعث ریاست میں ایک سیاسی خلا پیدا ہوگیا تھا ، جو بی جے پی کے حق میں بہتر ثابت ہوا اور ہم اس خلا کی بھرپائی کریں گے ۔ ریاست آندھرا پردیش میں بی جے پی کی جڑوں کومستحکم و مضبوط بنانے کے لئے ریاست میں6نومبر سے پارٹی کی رکنیت سازی مہم شروع کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں گنٹور میں ایک اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں