دہشگردوں کے حملوں کا خمیازہ سب سے زیادہ مسلمان بھگت رہے ہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-21

دہشگردوں کے حملوں کا خمیازہ سب سے زیادہ مسلمان بھگت رہے ہیں

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
کنگ عبدالعزیز نیشنل ڈائیلاگ سنٹر کی سکریٹریز کونسل کے چیر مین معروف عالم دین شیخ ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردوں کے حملوں کا خمیازہ سب سے زیادہ مسلمان بھگت رہے ہیں۔ وہ مذہبی دہشتگردی کے انسداد کے زیر عنوان ویانا میں ہونے والی عالمی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ کانفرنس کا اہتمام تہذیبوں اور مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان مکالمے کے لئے قائم کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹر نیشنل سینٹر نے کرایا ۔ ڈاکٹر المطلق نے توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو معزز اور محترم بنایا ہے ۔انسانیت کی بنیاد پر اعزاز میں کسی قسم کی کوئی درجہ بندی نہیں ۔ دنیا بھر کے انسان وقار کے حوالے سے ایک جیسے ہیں ۔ دنیا کے ہر انسان کو اسلامی شریعت کے مطابق جان و مال ، آبرو، ذہن اور مذہب کی سلامتی کا حق حاصل ہے۔ کسی بھی شخص کو ناحق ان حقوق پر دست درازی جائز نہیں ۔ ڈاکٹر المطلق نے کہا کہ دہشتگردی کے اکثر واقعات ظلم و جارحیت کی وجہ سے ہوتے ہیں ۔ بہت سارے لوگ تشدد کے لئے دین کو آلہ کار کے طور پر استعمال کررہے ہیں ۔ اس میں مسلمان اور غیر مسلم دونوں شریک ہیں ۔ ایسا مذہب سے ناواقفیت ، تعصب ، مذہبی تعلیمات کی غلط تشریح اور علم کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے ۔ ڈاکٹر المطلق نے کہا کہ پوری دنیا جنگوں ، خونریزی کے واقعات کی وجہ سے شکست و ریخت سے دوچار ہے ۔ دنیا کے مختلف علاقوں میں نظر آنے والے المیوں کا تقاضا ہے کہ ہم دہشت گردی کے سد باب کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں اور حتی الامکان کوشش کر کے دہشت گردی کی بیخ کنی کریں۔ ڈاکٹر المطلق نے کہا کہ خود ساختہ مذہبی تشریحات اور دینی بد گمانیوں کی بنیاد پر بے قصور انسانوں کا قتل بڑ ا گناہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اسے حرام قرار دیا ہے، اس کے نتائج بڑے سنگین ہیں، اس سے بنی نوع انسان کے درمیان بہت زیادہ فتنہ پھیل رہا ہے ۔
ڈاکٹر المطلق نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب کے علماء اپنے یہاں فتنہ انگیزی اور دہشگردی کے سد باب کے لئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔ سعودی علماء مسلم ممالک اور غیر مسلم ممالک میں بھی دہشتگردی کی بیخ کنی کے لئے کوشاں ہیں ۔ سعودی علماء دہشتگردی کے برے پہلوؤں کو اجاگر کررہے ہیں۔ دہشتگردتنظیموں میں شامل افراد کے شکوک و شبہات دور کررہے ہیں ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی علماء کا یہ علمی و دینی اور اخلاقی فرض ہے ، وطن کی سلامتی اور اہل وطن کی بقاء کا تقاضا بھی یہی ہے ۔ اسلام دینی اختلاف کی بنیاد پر بے قصور افراد کے قتل کو جائز قرار نہیں دیتا ۔ اسلام ہر طرح کے ظلم سے روکتا ہے ۔ دہشتگردتنظیمیں شبہات اور بیہودہ تشریحات کی بنیاد پر لوگوں کو قتل کردیتی ہیں ۔ شام، عراق میں جو کچھ ہورہا ہے وہ اسی قسم کی تنظیموں کی غیر اسلامی سوچ کا نتیجہ ہے ۔ شیخ المطلق نے کہا کہ دہشت گرد جماعتوں کے حملوں اور خونریزی و دھماکہ خیزی جیسے ان کے جرائم سے اغیار سے قبل مسلمان زیادہ متاثر ہوئے ۔ غیر مسلموں کے مقابلے میں مسلمان زیادہ ہلاک ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام تمام لوگوں کے ساتھ سلامتی کی تعلیم دیتا ہے ۔ اسلام نے پوری تاریخ میں غیر مسلموں کے ساتھ پر امن بقائے باہم کی مضبوط اور تواناروایت قائم کررکھی ہے ۔

most Muslims are suffering Consequences of terrorist attacks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں