بزم اتحاد کی جانب سے ریاض میں اسد الدین اویسی کا خیرمقدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-28

بزم اتحاد کی جانب سے ریاض میں اسد الدین اویسی کا خیرمقدم

دائیں سے بائیں: اسد اویسی، شہباز فاروقی، معظم علی
سرپرست بزم اتحاد آرکیٹکٹ رحمن سلیم، محمد رفیق، احمد الدین اویسی
مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمان حیدرآباد اسد الدین اویسی نے ریاض سعودی عرب میں منعقدہ ایک تقریب میں غیر مقیم ہندوستانی مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مساوی حقوق اور ملک میں سیاسی بااختیاری کی جدوجہد کے لیے متحد ہو جائیں۔
ریاض رٹز کارلٹن میں بزم اتحاد کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اسدالدین اویسی نے دریافت کیا کہ
صرف مسلمانوں کو ہی اپنے شانوں پر سیکولرزم کا بوجھ ڈھونا کیوں ضروری ہے؟ اکثریتی فرقہ کیونکر سیکولرزم کی حفاظت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے ٹھوس مقاصد پر عمل سے گریزاں ہے؟
اسد اویسی نے کہا کہ "ماہ مئی کے قومی انتخبات کے بعد بی۔جے۔پی کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی ہم نے پورے ملک میں فرقہ واریت کو تیزی سے پھیلتے دیکھا ہے۔ جبکہ نام نہاد سیکولر جماعتوں نے نہ تو سیکولرزم کی حفاظت کی اور نہ اقلیتی برادری کے لیے انصاف کی مانگ کی ہے بلکہ اقلیتوں کو ہمیشہ صرف ایک ووٹ بنک کے طور پر استعمال کیا گیا"۔
بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیکولر ووٹوں کی تقسیم کا مجلس پر لگائے گئے الزام پر اعتراض وارد کرتے ہوئے اسد اویسی نے کہا کہ "مہارشٹرا کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں 6 ملین مسلمانوں کے ووٹ کے مقابل مجلس نے صرف نصف ملین ووٹ حاصل کیے ہیں ، تو پھر این۔سی۔پی کے سربراہ شرد پوار کس طرح ہم پر سیکولر ووٹ کی تقسیم کا الزام عائد کر سکتے ہیں؟
کانگریس این سی پی اتحاد کی ذلت آمیز شکست دراصل اس کی مسلم مخالف پالیسیوں کی بدولت ممکن ہوئی ہے"۔
اسد الدین اویسی نے اترپردیش کے آنے والے اسمبلی انتخابات میں بھی مجلس کے حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا۔

اسد الدین اویسی نے انسانی بنیادوں پر قابل قدر امداد کی فراہمی پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا اور غیر مقیم ہندوستانیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ملک کے سفیر ہونے کے ناتے اور ہند سعودی دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خاطر اپنے اچھے کاموں کو جاری و ساری رکھیں۔

معروف ہندوستانی ماہر تعلیم ندیم ترین نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ جب تک ہم سیاسی عمل میں شامل نہیں ہوں گے تب تک خود کو بااختیار بنانے کی تمنا بس ایک خواب ہی رہے گی۔ لہذا اقلیتی فرقے کی شکایات کے ازالے کے لیے ہمیں اپنے سیاسی رہنماؤں کی حمایت کرنا ازبس ضروری ہے۔

اسد الدین اویسی نے بزم اتحاد ریاض کے نائب صدر محمد رفیق اور جنرل سکریٹری شہباز فاروقی کے ہمراہ مدینہ منورہ میں مقیم بزم اتحاد کے صدر آرکیٹکٹ احمد الدین اویسی کو اس موقع پر ہندوستانی تارکین وطن کے لیے ان کی مجموعی خدمات پر "سالار ملت ایوارڈ" سے نوازا۔ جس پر احمد الدین اویسی نے مجلسی قیادت پر بھرپور اعتماد رکھنے والے بیرون ملک مقیم حامیان اور محبان مجلس اتحاد المسلمین کا شکریہ ادا کیا۔
بزم اتحاد ریاض کے سرپرست اور ممتاز سماجی شخصیت آرکیٹکٹ عبدالرحمن سلیم نے تقریب کی انتظامی کارروائی چلائی اور پاور پوائینٹ سلائیڈ شو کے ذریعے حاضرین محفل کو مجلس اتحاد المسلمین کی تاریخ اور کامیابیوں و کامرانیوں سے واقف کروایا۔

1 تبصرہ: