ہند بنگلہ دیش سرحد پر عسکریت پسندوں کے خلاف دھاوؤں کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-21

ہند بنگلہ دیش سرحد پر عسکریت پسندوں کے خلاف دھاوؤں کا منصوبہ

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے سیکوریٹی فورسس دونوں ممالک کی سرحد پر اسلام نواز عسکریت پسندوں کے خلاف بہ یک وقت دھاوے کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ دونوں ممالک نے سرحد کے دونوں جانب کے دہشت گرد کارکنوں کی فہرستوں کا تبادلہ بھی کیا ہے ۔ سرکاری عہدیدار وں نے آج یہاں یہ بات بتائی ۔ بنگلہ دیش پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کو ترجیح دیتے ہوئے بتایا کہ’’ ایک ساتھ دھاوے کرنے کی اہمیت ہے تاکہ عسکریت پسندوں کو روپوش ہونے کے لئے جگہ نہ ملے اور وہ گرفتاری سے بچ نہ پائیں ۔‘‘ اسی دوران ہندوستان کی نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی( این آئی اے) کے ایک چار رکنی وفد نے ڈھاکہ کا اپنا چار روزہ دورہ مکمل کرلیا ۔ یہ دورہ، گزشتہ ماہ بردوان میں ہوئے دھماکہ کی تحقیقات کا حصہ تھا ۔ یہ دھماکہ مبینہ طور پر جماعت المجاہدین بنگلہ دیش( جے ایم بی) کے عسکریت پسندوں نے کیا تھا۔ مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ بنگلہ دیش ۔ ہند سرحدی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں ۔ دونوں ممالک میں سیکوریٹی کارروائی میں شدت کے سبب یہ عناصر ، سرحدی علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ این آئی اے اور بنگلہ دیش کی انسداد جرائم ریاپڈ ایکشن بٹالین( آر اے بی) نے جے ایم بی کارکنوں اور ان اسلام نواز عسکریت پسندوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جن کے بارے میں خیال کیاجاتا ہے کہ یہ عناصر ، دو ممالک میں چھپے ہوئے ہیں۔
این آئی اے کے دورہ کنندہ وفد نے وزارت داخلہ بنگلہ دیش کے عہدیداروں اور سیکوریٹی ایجنسیوں کے حکام سے ڈھاکہ میں ملاقاتیں کیں او ر تبادلہ خیال کیا۔ این آئی اے ٹیم کی قیادت ڈائرکٹر جنرل شروکمار نے کی۔ بردوان دھماکہ کے11مشتبہ ملزمین کی فہرست حوالہ کی۔ بردوان دھماکہ کے سلسلہ میں یہ11افراد جو ہندوستانی ہیں، انتہائی مطلوب ہیں ۔ آر اے بی نے بنگلہ دیش کے51مفرور ملزمین کی فہرست پیش کی جن میں سے10جے ایم بی کارکن بتائے جاتے ہیں۔ دیگر کئی ملزمین کا تعلق حرکت الجہاد الاسلامی(حوجی) سے ہے۔ بنگلہ دیش نے حال ہی میں ایک چھ رکنی ٹیم تشکیل دی ہے اور این آئی اے کی تحقیقات میں تعاون کیا ہے ۔ پولیس کے ایک ترجمان نے قبل ازیں بتایا کہ دونوں فہرستوں میں جے ایم بی کے کارکنوں کے نام مشترک ہیں۔ ان فہرستوں کی جانچ کی ضرورت ہے ۔ کیونکہ عسکریت پسند عناصر اکثر گرفتاری سے بچنے کے لئے مختلف نام استعمال کرتے ہیں۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ مفرور عسکریت پسندوں کی تعداد260ہے جو سرحدی علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں اور سرگرم بھی ہیں۔ اخباری اطلاعات کے بموجب ہندوستان کو ’’مطلوب‘‘ مشتبہ افراد کی فہرست میں کوثر ، یوسف شیخ، براہن شیخ ، رضا الکریم، طلحہ شیخ ، امجد علی شیخ ، ابولکلام ، شاہ نور عالم، حبیب الرحمن شیخ، ظہیر الشیخ اور نصیر اللہ کے نام شامل ہیں ۔ بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ جے ایم بی کے تعلق سے وہ انٹلی جنس اطلاعات ہندوستان کو فراہم کرے گا۔ جے ایم بی ، گزشتہ2اکتوبر کو مغربی بنگال کے ضلع بردوان میں ہوئے دھماکہ کی مبینہ طور پر ذمہ دار ہے۔ بنگلہ دیش کی فہرست میں جے ایم بی کے موجودہ صدر سہیل محفوظ و نیز ارکان صلاح الدین صالحی عرف سنی اور جہاد الاسلام عرف بوما میزان ، انوار الاسلام ، سخاوت اور ابو سعیدشیخ حسین کے نام شامل ہیں ۔ اس فہرست میں حوجی کے4مفرور ارکان مولانا تاج الدین ، شفیق الرحمن، جہانگیر عالم بدر مفتی عبدالحئی کے نام شامل ہیں ۔ ان چاروں پر2004میں ایک ہلاکت خیز گرینیڈ حملہ کرنے کاالزام ہے ۔ اس حملہ کے ذریعہ موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ بتایاجاتا ہے کہ بردوان دھماکہ میں دو مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے اور ان کی دو بیویوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سمجھاجاتا ہے کہ جے ایم بی نے ان دونوں کو تربیت دی تھی ۔

India, Bangladesh planning raids against militants: Officials

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں