طوفان ہدہد متاثرین کی مدد ہر ایک کی سماجی ذمہ داری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-17

طوفان ہدہد متاثرین کی مدد ہر ایک کی سماجی ذمہ داری

حیدرآباد/وشاکھا پٹنم
یو این آئی، پی ٹی آئی
اے پی کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج ملٹی نیشنل کمپنیوں، تنظیموں ، اہم شخصیتوں اور رضا کارانہ تنظیموں پرزور دیا کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت طوفان ہدہد کے متاثرین کو فراخدلانہ امداد جاری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاٹا، انفوسس اور جی ایم آر جیسی کارپوریٹ کمپنیوں نے طوفان متاثرین کے لئے مالیاتی امداد جاری کی ہے ۔ کئی تنظیمیں اور شخصیتیں بھی متاثرین کی امداد کے لئے آگے آرہی ہیں ۔ میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متاثرین کی مدد کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھیں اور ریاست کی بھرپور مدد کریں ۔ چندرابابو نائیڈو ، آج طوفان سے بدترین متاثرہ شہر وشاکھا پٹنم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ4دن سے وشاکھا پٹنم میں مقیم ہیں تاکہ معمولات زندگی کی بحالی کے لئے جاری اقدامات کی شخصی طور پر نگرانی کرسکیں ۔ا نہوں نے بتایا کہ ٹاٹا کے صدر نشین سائرس مستری اور انفوسس فاؤنڈیشن کی صدر نشین سدھامورتی نے متاثرین کے لئے امداد کا پیشکش کیا ہے ۔ چندرابابو نائیڈو نے بتایا کہ انہوں نے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے ربط پیدا کرنے کی 3مرتبہ کوشش کی۔ حکومت مغربی بنگال2500میٹرک ٹن آلو روانہ کرتے ہوئے ریاست کی مدد کررہی ہے۔ وشاکھا ڈیری نے3.85لاکھ لیٹر دودھ سربراہ کیا ہے جب کہ ہیر ٹیج نے صرف65ہزار لیٹر دودھ کی سربراہی عمل میں لائی ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہر گوشہ سے مدد آرہی ہے اس کے باوجود امدادی سرگرمیوں کو کئی دن تک جاری رکھنا پڑے گا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ طوفان سے تباہ شدہ شہر وشاکھا پٹنم کی ایک نئے ویژن کے ساتھ تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ ایک مرتبہ راحت کاری اقدامات ختم ہوجائیں تو ہم وشاکھا پٹن کے لئے نئے منصوبے تیار کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں