مہاتما گاندھی کا 145 واں یوم پیدائش - ساری قوم کا خراج عقیدت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-03

مہاتما گاندھی کا 145 واں یوم پیدائش - ساری قوم کا خراج عقیدت

نئی دہلی/ بیر بھوم
پی ٹی آئی/آئی اے این ایس
بابائے قوم مہاتما گاندھی کے145ویں یوم پیدائش کے موقع پر آج ساری قوم نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر اہم قائدین نے یہاں بابائے قوم کی یادگار پر پھول نچھاور کئے۔ صدر جمہوریہ نے بیر بھوم( مغربی بنگال) میں کرنا ہر شیو چندر ہائی اسکول میں آج مہاتما گاندھی اور آنجہانی لال بہادر شاستری کے پورٹریٹس پر پھول مالائیں رکھیں ۔ شاستری کا یوم پیدائش بھی آج ہی ہے ۔ راشٹر پتی بھون سے جاری کردہ بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ صدر جمہوریہ نے بعد میں سوچھ بھارت ابھیان کے آغاز کے موقع پر’’ چلدڑنس اسکواڈس‘‘ کو جھنڈی دکھائی ۔ مودی نے بھی آنجہانی شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔ نائب صدر جمہوریہ ڈاکٹر حامد انصاری ، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ، صدر کانگریس سونیا گاندھی اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن ، مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو اور منسٹر آف اسٹیٹ برائے امور خارجہ وی کے سنگھ و نیز دیگر کئی اہم قائدین نے بھی بابائے قوم کی سمادھی ، راج گھاٹ پر پھول مالائیں رکھیں ۔ سب سے پہلے ایم وینکیا نائیڈو ، راج گھاٹ پہنچے جس کے بعد صدر کانگریس وہاں آئیں ۔ ان کے ساتھ سابق چیف منسٹر دہلی شیلا دکشت بھی تھیں ۔
تھوڑی دیر بعد سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی راج گھاٹ پہنچ گئے اور مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول نچھاور کئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بابائے قوم کی یادگار کا مختصر دورہ کیا ، مودی ہلکے نیلے رنگ کا کرتا سفید نہرو جیاکٹ اور سفید پاجامہ زیب تن کئے ہوئے تھے۔ وہ صبح7بج کر40منٹ پر راج گھاٹ پہنچے جہاں وینکیا نائیڈو نے ان کا استقبال کیا ۔ مودی ‘سیدھے سمادھی پر پھول نچھاور کرنے کے بعد اپنا سر جھکایا ، منموہن سنگھ اور مودی نے ایک دوسرے کا ہاتھ جوڑ کر اس وقت خیر مقدم کیا جب مودی نشستوں کے مقام پر پہنچے ۔ مودی وہاں کچھ دیر کے لئے بیٹھے رہے اور بعد میں اپنی دیگر مصروفیات میں شرکت کے لئے وہاں سے روانہ ہوگئے ۔ سمادھی پر ہمہ مذہبی دعائیہ اجتماع منعقد ہوا ۔ گاندھی جی کے پسندیدہ بھجن گائے گئے ۔ اس موقع پر اسکولی بچوں بیرونی شہریوں اور عوام الناس کی ایک بڑی تعداد وہاں جمع تھی اور ان تمام نے بابائے قوم کی سمادھی پر پھول نچھاور کئے ۔
کچھ دیر بعد نائب صدر جمہوریہ بھی وہاں پہنچ گئے ۔ صدر دہلی کانگریس رویندر سنگھ اور قائد لیجسلیچر پارٹی ہارون یوسف نے بھی راج گھاٹ پہنچ کر گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو بھی آج ان کے110ویں یو م پیدائش کے موقع پر قوم نے یاد کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے میں مودی نے قوم کی قیادت کی ۔ آنجہانی شاستری کی یادگار وجئے گھاٹ پر پھول مالائیں رکھی گئیں۔ یہ وہی شاستری تھے جنہوں نے ملک کو ’’جئے جوان، جئے کسان‘‘نعرہ دیاتھا ۔ مودی نے آج صبح اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ’’ہم مہاتماگاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے راج گھاٹ جائیں گے اور لال بہادر شاستری جی کو خراج عقیدت پیش کرنے وجئے گھاٹ جائیں گے ۔ ‘‘ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ’’گاندھی جی کے افکار اور عقائد ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔ ہندوستان کو گاندھی جی کے خوابوں کو ہندوستان بنانے ہم آج اپنے آپ کو وقف کردیں ۔ آج ملک بھر میں کئی فلاحی پروگرام منعقد ہوئے ۔ مودی نے آنجہانی شاستری کو ’’عزم محکم کی حامل شخصیت قرار دیا ۔ ‘‘یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ لال بہادر شاستری 9جون1964سے اپنی آخری سانس تک ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ۔اور11جنوری166کو تاشقند( ازبکستان) میں ان کا انتقال ہوا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں