عید کے موقع پر زائد بیلوں کو مسلخ میں ذبح کرنے پر حکم التوا - ممبئی ہائیکورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-03

عید کے موقع پر زائد بیلوں کو مسلخ میں ذبح کرنے پر حکم التوا - ممبئی ہائیکورٹ

ممبئی
پی ٹی آئی
بمبئی ہائی کورٹ نے حکومت مہاراشترا کی اس اپیل کو مسترد کردیا جس میں6اکتوبر کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر سب اربن دیونار میں12ہزار بیلوں خی قربانی کے لئے منتقل کرنے پر اسی عدالت کی ایک بنچ کی جانب سے لگائی گئی روک کو برخاست کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ دیونار مسلخ میں روزانہ5ہزار بیلوں کو ذبح کیاجاتا ہے ۔ ریاستی حکومت نے عیدالاضحٰی کے موقع پر 12ہزار زائد بیلوں کو منتقل کرنے کی اجازت دی تھی تاہم ہائیکورٹ نے30ستمبر کو سرکاری احکامات پر حکم التوا جاری کیا ۔ ریاستی حکومت اور دو دیگر درخواست گزاروں نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ حکم التوا برخاست کرے کیونکہ اس سے امن و ضبط کا مسئلہ ہوسکتا ہے ۔ جسٹس وی ایم کناڈے اور پی ڈی کوڈے نے12ہزار بیلوں کی منتقلی پر حکم التوا کو خارج کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا’’عدالت کے احکامات سے کوئی فرقہ وارانہ تشدد نہیں ہوتا اور نہ ہی امن و ضبط کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ، ایودھیا مقدمہ میں فیصلہ سنائے جانے کے بعد بھی نہ تو ایک اینٹ پھینکا گیا اور نہ ہی ایک بس جلی۔ ملک کے عوام عدلیہ پر آج بھی یقین رکھتے ہیں ۔‘‘
ججس نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اپنے ادعا کی تائید میں کوئی ٹھوس دلیل پیش نہیں کی کہ اگر بیلوں کی منتقلی روکی گئی تو اس سے کس طرح امن و ضبط کا مسئلہ پیدا ہوگا ۔ ایسے ہی ایک واقعہ میں اسی عدالت کی ایک اور بنچ نے11مسلمانوں کو راحت دینے سے انکار کردیا جنہوں نے شہر کے ایک ہاؤزنگ سوسائٹی میں بکروں سے بڑے جانوروں کی قربانی کی اجازت دینے کی خواہش کی تھی ۔ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ ہاوزنگ سوسائٹیوں میں عارضی مسلخ بنانے کی اجازت دی جائے ۔ ریاستی حکومت کے قانون کے مطابق بڑے جانوروں جیسے بیل اور بھینس کو صرف مسلخ میں ہی ذبح کیا جاسکتا ہے۔ جسٹس انوپ موہوتا کی بنچ نے درخواست گزاروں کو اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

HC rejects State's plea to lift stay on bullocks during Eid

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں