ہندوستانیوں سے ملک میں سرمایہ کاری کرنے سشما سوراج کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-18

ہندوستانیوں سے ملک میں سرمایہ کاری کرنے سشما سوراج کی اپیل

لندن
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج برطانیہ میں مقیم ہندوستانی نژاد باشندوں سے کہا کہ وہ اپنے وطن میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ ہندوستان واپس ہوجائیں اور یہاں دستیاب بے شما ر مواقع سے استفادہ کریں ۔ سشما سوراج نے یہاں دو روزہ علاقائی پرواسی بھارتیہ دیوس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تقریب کو بہت اہم تصور کرتی ہیں کیونکہ نئی حکومت پہلی مرتبہ برطانیہ اور دیگر یوروپی ممالک کے انتہائی کامیاب اور پرجوش ہندوستانیوں سے اتنے بڑے پیمانے پر تعلق قائم کررہی ہے ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں موجود بے شمار مواقع اور شاندار پراجکٹس کو اجاگر کرتے ہوئے ہندوستانی برادری کی اس تشویش کو تسلیم کیا کہ وہ اپنے وطن کے ساتھ پائیدار روابط قائم کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں ۔ سشما سوراج نے کہا کہ میں یہاں آپ سے صرف خطاب کرنے نہیں بلکہ آپ کو مدعو کرنے آئی ہوں ۔ وہاں آپ کے لئے بے شمار مواقع منتظر ہیں ۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کے مسائل سنوں گی اور انہیں حل کروں گی۔
این آر آئی صنعت کار لارڈ سوراج پال نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو اپنے قوانین میں سادگی لانے کی ضرورت ہے تاکہ تارک وطن برادری کو اپنے وطن میں دوبارہ بلایاجاسکے اور سرمایہ کاری کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی جاسکے جس سے ملک کا مستقبل بہتر بن سکتا ہے ۔ سوراج پال نے یہاں پہلے پرواسی بھارتیہ دیوس کا انعقاد عمل میں لانے ہندوستان کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ہندوستان کو اس کے تارکین وطن کے ساتھ روابط کے ذریعہ جانتی ہے ۔ تارک وطن برادری کی کامیابی ہندوستان کی بھی کامیابی ہے اور ہندوستان کو اس بات کی ستائش کرنی چاہئے کہ تارکین وطن ہندوستان کی عالمی شخصیتیں ہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب سشما سوراج نے اپنے خطاب میں کلین گنگا ، میٹرو ریل اور اسمارٹ سٹیز پراجکٹس کا تذکرہ کیا اور نشاندہی کی کہ سمندر پار ہندوستانی ان میں شامل ہوسکتے ہیں انہوں نے گزشتہ ماہ دو رہ نیویارک کے موقع پر دئیے گئے وزیر اعظم کے اس تیقن کو دہرایا کہ ہندوستانی نژاد افراد( پی آئی او) کارڈ اب زندگی بھر کے لئے کار آمد رہے گا جب کہ قبل ازیں یہ صرف15سال کے لئے کار آمد رہا کرتا تھا ۔ اس کے علاوہ پی آئی او کا ہندوستان میں قیام اگر180دن سے زائد ہوجائے تو انہیں پولیس کو رپورٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی جب کہ پہلے ایسا کرنا ضروری تھا۔

Sushma Swaraj appeals Indian diaspora in Britain to invest in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں