رام مندر کی تعمیر کے لئے حکومت کے پاس کافی وقت - آر ایس ایس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-18

رام مندر کی تعمیر کے لئے حکومت کے پاس کافی وقت - آر ایس ایس

لکھنو
پی ٹی آئی
آر ایس ایس نے آج کہا ہے کہ ایودھیا میں’’رام مندر کی تعمیر کے مسئلہ پر2019تک قدم اٹھانے ‘حکومت کے پاس کافی وقت ہے ۔‘‘ آر ایس ایس کے اکھل بھارتیہ کاریا کاری منڈل کے سہ روزہ اجلاس کے پہلے دن اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنگھ کے جوائنٹ جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسابالے نے کہا کہ’’ حکومت کی اپنی ترجیحات ہیں اور وہ(حکومت) ان ترجیحات کے مطابق کام کرے گی ۔ حکومت کے پاس2019تک کافی وقت ہے ۔ ‘‘ ’’رام مندر ‘ملک کے ایجنڈہ میں ہے ۔ یہ ملک کے مفاد میں ہے ۔ ہم رام مندر کی تعمیر کے مسئلہ پر وی ایچ پی اور مذہبی قائدین کی تائید کرتے آرہے ہیں ۔‘‘ یہ بتائے جانے پر کہ بی جے پی تو یہ کہتی آرہی تھی کہ اگرمرکز میں وہ پوری اکثریت کے ساتھ اقتدار پر آجائے تو قانون سازی کے ذریعہ رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار ہوگی ۔ اب کیا آر ایس ایس بھی یہی مطالبہ کرے؟ ہوسابالے نے جواب دیا کہ ’’رام مندر کا مسئلہ پہلے ہی انتخابی منشور میں تھا۔‘‘ دہشت گرد تنظیموں بشمول القاعدہ اور آئی ایس آئی ایس سے لاحق خطرہ کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ’’میٹنگ میں قومی سیکوریٹی مسائل پر غور کیاجائے گا۔‘‘ تاہم ہوسابالے نے اس (ریمارک) کی وضاحت نہیں کی ۔’’ لو جہاد‘‘ کے بارے میں مباحث سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ’’گزشتہ10برسوں سے اس پر ہم نے بہت کچھ بحث کی ہے ۔‘‘ جاریہ اجلاس میں کسی معاشی یا سیاسی قرارداد کی منظوری کے امکانات کے بارے میں ہوسابالے نے کہا کہ’’نئی حکومت تو ابھی ابھی تشکیل پائی ہے ۔ ہم پہلے اس کی کارکردگی دیکھیں گے ۔‘‘ آر ایس ایس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس کارکنوں نے جمو ں و کشمیر ، آندھرا پردیش اور میگھالیہ میں آفات سماوی کے متاثرین کے لئے ریلیف اور امدادی کاموں میں سرگرم حصہ لیا ہے ۔ ان علاقوں میں باز آباد کاری امور کے خدو خال پر میٹنگ میں غور کیاجائے گا۔

Enough time to build Ram temple: RSS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں