جیہ للیتا کو ضمانت پر رہا کرنے سپریم کورٹ کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-18

جیہ للیتا کو ضمانت پر رہا کرنے سپریم کورٹ کا حکم

نئی دہلی، بنگلور، چینائی
آئی اے این ایس ، یو این آئی
سپریم کورٹ نے غیر متناسب اثاثے کیس میں آج سہ پہر سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جے جیہ للیتا کو ضمانت پرہا کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔اور خصوصی عدالت کی صادر کردہ سزا پر عمل کو معطل رکھا ہے ۔ لیکن چونکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی مصدقہ نقول، خصوصی عدالت کو اور جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو آج شام مقررہ وقت تک نہیں پہنچ سکی تھیں اس لئے جیہ للیتا کی رہائی آج شام عمل میں نہیں آئی اور وہ18اکتوبر کی صبح رہا ہوں گی ۔ (خصوصی عدالت اور جیل سپرنٹنڈنٹ کا دفتر دونوں ہی پراپننا اگر ہار اسنٹرل جیل کامپلکس شہر بنگلور کے مضافات میں واقع ہیں) ایک چھوٹا چارٹرڈ طیارہ، جیہ للیتا کو بنگلور سے چینائی واپس لانے کے لئے تیار رکھا گیا تھا لیکن آج شام جیہ للیتا کی رہائی عمل میں نہیں آسکی ۔ سپریم کورٹ نے صدر انا ڈی ایم کے کو آج دوپہر مشروط ضماعت پر رہائی کا حکم دیا ۔ خصوصی جج جان مائیکل ڈی کنہا نے جنہوں نے جیہ للیتا کو4سال قید کی سادہ اور100کروڑ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی ، آج شام 5:30بجے سے کچھ زیادہ دیر تک رکے رہے لیکن جیہ للیتا کے وکلاء کے پاس سے کوئی اطلاع وصول نہیں ہوئی۔ یہ وکلاء خصوصی عدالت میں موجود تھے ۔ بعد میں ڈی کنہا ،عدالت سے چلے گئے ۔ جیل حکام بھی انتظار کرتے رہے لیکن سپریم کورٹ کے حکم کی نقلمقررہ مہلت یعنی شام6بجے سے پہلے وصول نہیں ہوئی ۔ جیہ للیتا کے حامیوں کو توقع تھی کہ ان کی قائد جیل سے جلد رہا ہوجائیں گی لیکن یہ امیدیں آج شام پوری نہیں ہوئیں ۔ جیہ للیتا کے حامیوں میں ریاستی چیف منسٹر اوپنیر سیلوم کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء اور دیگر انا ڈی ایم کے قائدین و نیز پارٹی ورکرس شامل ہیں۔
موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ’’اماں‘‘(جیہ للیتا)) کے حامیوں نے کل اپنے لیڈر کی رہائی تک رات جیل کے باہر ہی گزارنے کا عہد کیا ہے ۔ آج جیہ للیتا کی عدم رہائی سے ان کے ہزاروں حامیوں کو مایوسی ہوئی ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ضمانت پر جیہ للیتا کی رہائی کا حکم ملتے ہی ٹاملناڈو میں انا ڈی ایم کے کیڈر میں خوشی کی لہر پھیل گئی اور کئی مقامات پر جشن کے منظر دیکھے گئے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ غیر متناسب اثاثے کیس(ڈی اے کیس) میں جیہ للیتا اور ان کی رفیق ششی کلا نٹراجن اور دیگر2افراد کو بھی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس ، جسٹس ایچ ایل دتو کی زیر صدارت سپریم کورٹ بنچ نے کہا کہ تمام چاروں( ملزمین) کو ضمانت پر رہا کردیاجائے گا۔ یہ رہائی، تحت کی عدالت کی شرط کی تکمیل کے تابع ہوگی ۔ سپریم کورٹ نے یہ وضاحت کردی کہ جیہ للیتا اور دیگر3افراد2ماہ میں ہائی کورٹ کے سامنے تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ اپنی اپیل کی تکمیل کریں گے اور اس کے بعد سپریم کورٹ ہائی کورٹ سے خواہش کرے گی کہ ضمانت میں سرعت پیدا کی جائے اور اندرون3ماہ اپیل کی سماعت مکمل کرلی جائے ۔
جیہ للیتا کی طرف سے آج سپریم کورٹ میں سینئر وکیل فالی ایس نریمان پیش ہوئے ۔ عدالت نے نریمان سے کہا کہ اگر ان کے موکلین ہائی کورٹ کے اجلاس پر اپنی اپیل کے لئے تحریری کام2ماہ میں مکمل نہیں کرتے تو یہ عدالت(سپریم کورٹ) ان کے موکلین کو ایک دن بھی اضافہ نہیں دے گی ۔ چینائی میں انا ڈی ایم کے ہیڈ کوارٹر کے باہر پارٹی کیڈر نے کہا کہ’’آج کا دن ہمارے لئے دیوالی کا ہے ۔ ہم سپریم کوٹ کے حکم پر خوش ہیں ۔ ہماری دعائیں قبول ہوگئی ہیں ۔ آج ہمارے لئے حقیقی دیوالی ہے ۔‘‘ انا ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ پی کمار نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ آج انا ڈی ایم کے کی43ویں سالگرہ تھی ، یعنی اس پارٹی کا 43واں یوم تاسیس بھی تھا۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر کے باہر انا ڈی ایم کے کیڈر کے مردو خواتین نے جمع ہوکر فرط مسرت سے رقص کیا۔ پٹاخے پھوڑے اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔ایسے ہی مناظر ، سلیم، کروور اور ٹونی کورین میں بھی دیکھے گئے ۔ انا ڈی ایم کے کیڈر نے اپوزیشن قائدین جیسے ایم کروناندھی( ڈی ایم کے) اے وجئے کانت(ڈی ایم ڈی کے) ایس رام داس( پی ایم کے) اور سبرامنیم سوامی( بی جے پی) پر بھی اپنا غصہ نکالا ۔
غیر متناسب اثاثے کیس میں خاطی قرار دئیے جانے کے بعد بحالت موجودہ جیہ للیتا، بنگلور جیل میں ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ9اکتوبر کو ضمانت کے لئے درخواست سپریم کورٹ میں داخل کی تھی ۔ انہوں نے خرابی صحت کی بناء پر ضمانت پر رہائی کی التجا کی تھی اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ389کے تحت سزا کی معطلی کی مانگ کی تھی ۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے گزشتہ7اکتوبر کو جیہ للیتا اور دیگر3افراد ششی کلانٹرا جن وی کے سدھاکرن اور جے الاوراشی کو ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ جیہ للیتا اور دیگر3افراد کے خلاف ڈی اے کیس کا تعلق1991اور1996کی درمیانی مدت ہے ۔ بنگلور سے موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب جیہ للیتا کو ایک اور رات آج جیل میں گزارنی پڑرہی ہے کیونکہ جیل سے رہائی کے قواعد کی تکمیل آج شام تک نہیں ہوسکی تھی ۔ جیہ للیتا کے وکیل بی کمار نے بتایا کہ ہم کل خصوصی عدالت سے رجوع ہوں گے اور سپریم کوٹ کے حکم کی نقل کی وصولی کے ساتھ ضمانت کی تکمیل کریں گے ۔ اسی دوران ڈی آئی جی محابس پی ایم جئے سمہا نے بتایا کہ رہائی کل قطعی طور پر عمل میں آجائے گی ۔ جئے سمہا نے بتایا کہ انہوں نے کل رات جیہ للیتا کی محض صحت کے بارے میں دریافت کی تھی اور ضمانت کے بارے میں کوئی بات نہیں کی تھی ۔ انڈیشنل کمشنر پولیس الوک کمار نے بتایا کہ جیل کامپلکس کے اطراف سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور وہاں امتناعی احکام نافذ ہیں ۔

Supreme Court grants bail to Jayalalithaa in DA case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں